اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس آج ہوگا، سستے گھروں کی اسکیم سمیت اہم فیصلے متوقع
اشاعت کی تاریخ: 25th, July 2025 GMT
اسلام آباد:
وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اہم اجلاس آج طلب کیا گیا ہے، جس میں 9 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملک کی معاشی صورتِ حال کے تناظر میں اہم فیصلے متوقع ہیں، جن میں عوامی ریلیف اور صنعتی ترقی کے پہلو نمایاں ہوں گے۔
اجلاس میں کم آمدنی والے طبقات کے لیے 50 ہزار رہائشی یونٹس کے لیے مارک اپ سبسڈی کی منظوری دیے جانے کا امکان ہے۔ سستے گھروں کی اسکیم کے تحت سبسڈی اور رسک شیئرنگ ماڈل بھی ایجنڈے کا حصہ ہیں، جن پر منظوری متوقع ہے۔
علاوہ ازیں عوامی مفاد کے حوالے سے ایک اور اہم معاملہ گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں کا ہے، جس کا تفصیلی جائزہ ای سی سی کے اجلاس میں لیا جائے گا تاکہ مہنگائی میں کمی لانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔
اجلاس میں پاکستان گرین ٹیکس انومی کے نفاذ کی بھی منظوری دیے جانے کا امکان ہے۔ ساتھ ہی پاکستان اسکل امپیکٹ بانڈ کے لیے ایک ارب روپے کی حکومتی گارنٹی کی منظوری بھی متوقع ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کی مہارتوں میں اضافہ اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔
اسٹیل سیکٹر کی ترقی کے لیے ایک جامع رپورٹ بھی ای سی سی اجلاس میں پیش کی جائے گی، جس میں اس شعبے کو مستحکم بنانے کے لیے مختلف تجاویز شامل ہیں۔ اسی طرح شپ بریکنگ اور ری سائیکلنگ کے شعبے کو باقاعدہ صنعت کا درجہ دینے سے متعلق وزارت میری ٹائم افیئرز کی جانب سے سمری پیش کیے جانے کی توقع ہے، جس سے ملکی معیشت میں نئے امکانات پیدا ہو سکتے ہیں۔
ایجنڈے میں ریڈیو بیسڈ سروس چارجز پر نظرثانی اور نیکسٹ جنریشن موبائل براڈبینڈ سروسز سے متعلق تجاویز بھی شامل ہیں، جن پر بھی تفصیلی مشاورت کی جائے گی۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
مظفرآباد سمیت آزاد کشمیر کے متعدد علاقوں میں بارش،لینڈ سلائیڈنگ سے کئی رابطہ سڑکیں بند
مظفرآباد سمیت آزاد کشمیر کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے ، جس کے باعث لینڈ سلائیڈنگ سے کئی رابطہ سڑکیں بند اور کئی مکانات تباہ ہوگئے۔مظفرآباد سمیت آزاد کشمیر کے متعدد علاقوں میں منگل کی رات سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ سے کئی رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں۔ ٹامی برساتی نالہ میں طغیانی سے کئی مکانات تباہ ہوگئے ،ملبے تلے دب کر ایک بچہ جاں بحق ہوگیا۔لینڈ سلائیڈنگ سے طارق آباد بائی پاس جبکہ کے پی کے کو آزادکشمیر سے ملانے والی سڑک لوہار گلی کے مقام سے بند ہوگئی۔برساتی نالے میں پانی آنے کی وجہ سے متعدد مکانات کو شدید نقصان پہنچا، پانی کے ساتھ نالے میں بڑی مقدار میں مٹی آنے سے متعدد گھر مٹی میں ڈوب گئے۔ادھر کوٹلی کے قریب بہنے والے دریائے پونچھ اور ندی نالوں میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہونے لگی ہے۔ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے مطابق گلپور ڈیم سے 3 اسپل ویز کھول دیے گئے ہیں اور شہری کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دریاوں اور ندی نالوں سے دور رہیں۔