اسلام آباد (خبر نگار+ نوائے وقت رپورٹ) مخبر کے تحفظ اور نگرانی کے لیے کمشن کے قیام  اور پاکستان نیوی آرڈیننس ترمیمی بلز ایوان بالا سینٹ نے منظور کر لیے۔ مخبر تحفظ بل میں کہا گیا ہے کہ کوئی بھی فرد، ادارہ یا ایجنسی کمشن کے سامنے معلومات پیش کرسکتا ہے، مخبر ڈکلیئریشن دے گا کہ اس کی معلومات درست ہیں، معلومات کو دستاویزات اور مواد کے ساتھ تحریر کیا جائے گا۔ بل کے مطابق اگر مخبر اپنی شناخت ظاہر نہیں کرتا اور جعلی شناخت دے تو کمشن اس کی معلومات پر ایکشن نہیں لے گا، اگر مخبر کی معلومات پاکستان کی سلامتی اور خود مختاری کے خلاف ہو تو وہ نہیں لی جائے گی۔ بل کے مطابق اس شخص سے معلومات نہیں لی جائے گی جو اس کے پاس بطور امانت ہو، وہ معلومات نہیں لی جائے گی جو کسی غیر ملک نے خفیہ طور پر دی ہو، وہ معلومات نہیں لی جائے گی۔ وہ معلومات نہیں لی جائے گی جو کسی شخص کی زندگی کو خطرے میں ڈالے، وہ معلومات نہیں لی جائے گی جو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اعتماد میں دی ہو، وہ معلومات نہیں لی جائے گی جو عوامی مفاد میں نہیں اور کسی نجی زندگی میں مداخلت ڈالے۔ پاکستان نیوی آرڈیننس میں ترمیمی بل کے مطابق صدر مملکت پاکستان نیوی اور اس کے ریزروز کو بڑھا سکیں گے۔ نیوی کا کنٹرول اور کمانڈ وفاقی حکومت کے پاس ہو گی۔ نیوی کا انتظام چیف آف نیول سٹاف کو  تفویض ہوگا۔ بحری جہازوں کے ساتھ ہوائی جہازوں کو بھی نیوی کا حصہ بنایا گیا ہے۔ جو شخص پاکستان کا شہری  نہیں دوہری شہریت یا 18 سال سے کم ہو نیوی میں کمشن حاصل  نہیں کر سکتا۔ جمعرات کو وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے وسل بلور پروٹیکشن کمیشن کے قیام کا بل پیش کیا۔ اس موقع پر چیئرمین سینٹ نے بل پر اراکین سے شق وار رائے لینے کے بعد بل کو متفقہ طور پر منظور کر لیا۔ ایوان بالا میں پاکستان نیوی آرڈیننس ترمیمی بل متفقہ طور پر منظور کر لیا، بل وفاقی وزیر پارلیمانی امو رڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے پیش کیا۔ ایوان بالا کو وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے بتایا ہے کہ نیپرا کی جانب سے کے الیکٹرک کو دی جانے والی ریلیف کے حوالے سے اپیل دائر کی ہے اور اگر شنوائی ہوئی تو صارفین کو 650ارب روپے کا فائدہ ہوگا۔ جمعرات کو ایوان بالا میں ایم کیو ایم کے سینیٹر سید فیصل سبزواری نے کہا کہ نیپرا نے کے الیکٹرک کو 7سالوں کے دوران 325 ارب روپے بقایا جات وصول کرنے کی اجازت دی ہے اور یہ رقم ان لوگوں سے لئے جائیں گے جو پہلے ہی بجلی کے بل دے رہے ہیں۔  اس موقع پر وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری نے کہاکہ جو بھی میڈیا میں آیا ہے وہ ابھی تک آفیشل نہیں ہے اور جب بھی یہ سرکاری طور پر آئے گا تو اس پر ہم جواب دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ یہ گذشتہ سال کی رپورٹ ہے۔ ہم نے ایک سال میں 585ارب روپے کے نقصان کو کم کیا ہے اور ہم نے اسی سال میں اوور بلنگ کی مد میں لوگوں کو 100ارب روپے واپس کئے ہیں۔ ایوان بالا میں بلوچستان میں غیرت کے نام پر ایک مرد اور خاتون کو قتل کرنے کے حوالے سے مذمتی قرارداد متفقہ طور پر  منظور کر لی۔ قرارداد سینیٹر شیری رحمن نے پیش کی۔ اس موقع پر سینیٹر شیری رحمن نے کہاکہ پورے ملک میں غیرت کے نام پر قتل کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے، اس پر ایوان میں بحث ضروری ہے۔ اس موقع پر ایوان نے قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔ ایوان بالا میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ تین آزاد اراکین نے حلف اٹھا لیا۔ چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ تین آزاد اراکین فیصل جاوید، مرزا آفریدی اور مولانا نورالحق قادری نے حلف لیا۔ اس موقع پر اراکین نے ممبران کے رجسٹرڈ پر دستخط کئے۔ سینیٹر فیصل جاوید اور سینیٹر نور الحق قادری نے بانی پی ٹی آئی کے رہائی کے نعرے لگائے جبکہ مرزا محمد آفریدی نے نعرے لگانے کی بجائے وکٹری کا نشان بنایا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے نومنتخب سینیٹر طلحہ محمود اور سینیٹر روبینہ خالد سمیت مسلم لیگ ن کے سینیٹر نیاز احمد نے حلف اٹھا لیا۔ سید یوسف رضا گیلانی نے اراکین سے حلف لیا جس کے بعد اراکین نے ممبران کے رجسٹرڈ پر دستخط کئے۔ چیرمین سینٹ سمیت دیگر اراکین نے حلف اٹھانے والے سینیٹرز کو مبارکباد پیش کی۔ وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر محسن عزیز نے کہاکہ پوری دنیا میں نان فائلر نہیں ہے مگر پاکستان میں موجود ہے۔ ہم کیوں نان فائلر کو فائلر نہ بنا سکے ہیں۔ جس پر وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہاکہ مستقبل میں نان فائلر کی کوئی کیٹگری نہیں ہونی چاہیے۔ تاہم ہم زمینی حقائق کو بھی مدنظر رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے نان فائلرز کیلئے کچھ دشواریاں رکھی ہیں اور آہستہ آہستہ نان فائلرز کی کیٹگری کو ختم کردیںگے۔  سینیٹر محسن عزیز نے کہاکہ ہمارا المیہ ہے کہ بیوروکریسی سے جو جواب ملتا ہے وہ ہم یہاں  بیان کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کا تاجر دوست سکیم مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ ملک میں 7ملین سے زائد ریٹیلرز ہیں جس میں 5ملین سے زائد بڑے ریٹیلرز ہیں۔ ان میں صرف 2لاکھ 80ہزار کی رجسٹریشن بہت کم ہے۔ سینیٹر محمد عبدالقادر نے ضمنی سوال کرتے ہوئے کہاکہ ایف بی آر سے ریفنڈ لینا بہت مشکل کام ہے تاہم جواب میں لکھا گیا ہے کہ تمام ریفنڈ ادا کردئیے گئے ہیں۔ جس پر وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہاکہ جواب میں صاف طور پر لکھا ہوا ہے کہ جس ریفنڈ کی بھی تصدیق ہوئی ہے وہ ادا کردئیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ گذشتہ سال 364ارب روپے ریفنڈ کی مد میں ادا کئے گئے ہیں۔ ایوان بالا کو وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے بتایا ہے کہ ایف سی کی ری سٹرکچرنگ کا مقصد اس کو دیگر فورسز کے برابر لانا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایف سی کے 25ہزار جوانوں میں کوئی کمی نہیں کی جارہی ہے تاہم 39سو جوانوں پر مشتمل نئی ڈویژن بنائی جائے گی۔ اے این پی، پی ٹی آئی، جے یوآئی اور دیگر سیاسی جماعتوں کی جانب سے توجہ دلائو نوٹس پر بات کرتے ہوئے سینیٹر ایمل ولی خان نے کہاکہ پاکستان کے ہر فیڈریشن میں دو قسم کے فورسز ہیں ایک صوبائی اور دوسرا وفاقی فورس ہے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب اور سندھ میں پولیس کے ساتھ رینجرز وفاقی فورس ہے جبکہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں پولیس کے ساتھ ایف سی کی وفاقی فورس تھی مگر وفاق نے ایف سی پر شب خون مارا ہے۔ ایف سی کی بھرتی اسی طرح ہوگی جبکہ ان کی مراعات دیگر فورسز کی طرح ہوگی اس میں ایک اور ڈویژن بنایا جارہا ہے جس میں 4ہزار ریزرو ڈویژن بنایا جائے گا جس میں 25فیصد کوٹہ خیبر پختونخوا کا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ 39سو کی بھرتی ریزرو ڈویژن کے طور پر ہوگی جس کا موجودہ فورس پر کوئی اثر نہیں ہوگا۔  سینیٹر ایمل ولی خان نے کہاکہ ایف سی کوئی صوبائی فورس نہیں تھی اور ان کو مراعات نہ دینا وفاق کی غلطی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جب اتنی اچھی فورس ہے تو یہ 39سو افراد بھی خیبر پختونخوا سے کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ جو بھی پیکیج دینا ہے تو دیدیں۔ اس حوالے سے صدارتی آرڈیننس کیوں لائے جارے ہیں۔ اگر حکومت نیک نیت ہے تو اس حوالے سے اسمبلی میںقانون لایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ اس معاملے کو کمیٹی کے سپرد کیا جائے۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہاکہ یہ آرڈیننس اس ایوان میں آئے گا اور کمیٹیوں میں جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ایف سی میں نئی ڈویژن پورے ملک سے بھرتی ہوگی۔ بعدازاں اجلاس جمعہ (آج) دن ساڑھے دس بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

.

ذریعہ

ذریعہ: Nawaiwaqt

کلیدی لفظ: وزیر مملکت برائے انہوں نے کہاکہ ایوان بالا میں پاکستان نیوی متفقہ طور پر منظور کر لی اراکین نے نان فائلر کہاکہ ایف پی ٹی آئی کہ ایف سی حوالے سے کے ساتھ نے حلف پیش کی ہے اور

پڑھیں:

گلگت میں نئے منصوبوں کی نگرانی خود کروں گا: نواز شریف

گلگت (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف ایک روزہ دورے پر گلگت بلتستان پہنچ گئے جہاں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں شروع ہونے والے نئے منصوبوں کی خود نگرانی کروں گا۔ انہوں نے گلگت تک موٹر وے بنانے‘ ائرپورٹ کی توسیع اور الیکٹرک بسیں چلانے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت سی پیک کا مرکز ہے، پوچھنا چاہتا ہوں گلگت کو نظرانداز کیوں کیا گیا۔ ٹوٹی سڑکیں دیکھ کر دکھ ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں شروع ہونے والے نئے منصوبوں کی خود نگرانی کروں گا، ووٹ دیں یا نہیں، یہاں کے مسائل کے حل کے لیے شہباز شریف سے بات کروں گا۔ طلبہ کو سکالرشپس دی جائیں گی، مزید لیپ ٹاپ دیے جائیں گے، میں وہ نوازشریف ہوں جو کسی پر تنقید کر کے کسی کی برائی کر کے ووٹ نہیں مانگتا ہم اپنی کارکردگی کی بنا پر ووٹ مانگتے ہیں۔ نواز شریف نے کہا کہ یہاں 20  گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی ہے، یہ ہمیں منظور نہیں ہے، کسی اور کو منظور ہو تو ہو، یہ مجھے منظور نہیں ہے، میں جاکر شہباز شریف سے بات کروں گا، انہوں نے کہا کہ مجھے آپ نے کئی دفعہ دیس نکالا کیا ہے، مجھ سے گلہ نہیں کرو، یہ گلہ میں سننے کو تیار نہیں ہوں، یہ قصور آپ کا بھی ہے کہ مجھ جیسے بندے کو دیس نکالا کیوں ہونے دیا۔ نواز شریف نے کہا کہ کیوں مجھے جیلوں میں ڈالا گیا، کیوں مجھے دیس چھوڑ کر جانا پڑا، یہ بھی سوچنے والی ہے، میں اس پر بات نہیں کرنا چاہتا لیکن یہ بھی حقیقت ہے، ہم تمام سٹیک ہولڈرز کو بٹھا کر اس مسئلے کو حل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں ہمارے علاوہ کسی جماعت نے ادھر کام نہیں کیا، یہاں کی سڑکوں کا حال دیکھ کر بہت دکھ ہوتا ہے۔ میں کسی جماعت کے خلاف بات نہیں کرنا چاہتا، لیکن پوچھنا چاہتا ہوں کہ کیوں چیزوں کونظر انداز کیا۔ میرا دل روتا ہے کہ آپ لوگوں کی سہولتوں کے لیے کیوں پیسا نہیں لگایاگیا، وہ پیسا کہاں گیا؟ یہاں ہسپتال بنایا تو ہم نے بنایا، ہائیڈل پاور پلانٹس ہم نے لگائے، نگر کا منصوبہ ہم نے مکمل کیا، مجھے بتائیں کسی اور پارٹی نے کوئی کام کیا ہو۔

متعلقہ مضامین

  • امریکا کیوں ایران سے ڈیل کی بھیک مانگ رہا ہے؟ امریکی ڈیموکریٹک سینیٹر کے وزیر خارجہ سے سخت سوالات
  • گلگت میں نئے منصوبوں کی نگرانی خود کروں گا: نواز شریف
  • اٹلی‘ 4 پاکستانی قتل: مکمل معلومات نہیں ملیں: دفتر خارجہ 
  • ایران سے ڈیل کے نام پر بھیک کیوں مانگی جا رہی ہے؟ ڈیموکریٹک سینیٹر کے روبیو سے سخت سوالات
  • سینٹ پیٹرزبرگ انٹرنیشنل اکنامک فورم، پاکستانی اعلیٰ سطحی وفد شرکت کریگا
  • بلوچستان کے نام پر علیحدگی پسند سیاست کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، جمال رئیسانی
  • وفاقی بجٹ5جون کو پیش نہیں کیا جائے گا
  • لاہور: محکمۂ قانون پنجاب نے بجٹ کی تاریخ تبدیل کرنے کی تجویز دے دی
  • لاہور کی رہائشی خاتون کی منشیات برآمدگی کیس میں ضمانت منظور
  • ٹک ٹاکر حکیم بابر کیس میں ملزمان کا موقف بھی سامنے آگیا