شراکت دار ممالک کیساتھ محفوظ علاقائی ماحول کیلئے پرعزم: فیلڈ مارشل
اشاعت کی تاریخ: 27th, July 2025 GMT
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان کی میزبانی میں ریجنل چیفس آف ڈیفنس سٹاف کانفرنس میں امریکہ سمیت کئی ممالک کی سینیئر عسکری قیادت شریک ہوئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نے اسلام آباد میں ریجنل چیفس آف ڈیفنس سٹاف کانفرنس کی میزبانی کی جس میں امریکہ، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان کی سینیئر عسکری قیادت نے شرکت کی۔ آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دفاعی وفود کا باضابطہ خیرمقدم کیا اور خطے میں امن، استحکام اور تعمیری شراکت داری کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ آرمی چیف نے کہا سرحدوں سے ماورا خطرات اور پیچیدہ ہائبرڈ چیلنجز کے دور میں عسکری تعاون کی اہمیت زیادہ ہوجاتی ہے، سرحدوں سے ماورا خطرات اور پیچیدہ ہائبرڈ چیلنجز کے دور میں تذویراتی مکالمے اور باہمی اعتماد کی اہمیت زیادہ ہوجاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اپنے شراکت دار ممالک کے ساتھ ایک محفوظ اور خوشحال علاقائی ماحول کے قیام کے لیے پرعزم ہے۔ آئی ایس پی آر نے بتایاکہ اعلیٰ سطح اجلاس میں علاقائی سکیورٹی کی صورتحال پر گفتگو ہوئی، اعلیٰ سطح اجلاس میں وسطی و جنوبی ایشیا کے بدلتے ہوئے تذویراتی ماحول، مشترکہ تربیتی اقدامات، انسدادِ دہشت گردی میں تعاون پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ کانفرنس میں ہنگامی حالات میں ہم آہنگ انسانی ردِ عمل جیسے موضوعات پر تفصیلی گفتگو ہوئی اور شرکاء نے امن، احترام‘ قومی خودمختاری کے اصولوں کی پابندی، مشترکہ سکیورٹی خطرات، دہشت گردی، سائبر خطرات اور پرتشدد انتہاپسندی سے نمٹنے کے عزم کا اجتماعی اظہار کیا۔ آئی ایس پی آر نے بتایاکہ وفود نے ایسی جامع اور مستقل بین الدفاعی سفارت کاری کے فروغ پر پاکستان کی قیادت اور مہمان نوازی کو سراہا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ’’روابط کو مضبوط، امن کو یقینی بنایا‘‘ کے عنوان سے منعقدہ کانفرنس کا مقصد سکیورٹی تعاون کو مستحکم کرنا تھا، کانفرنس کا مقصد تربیتی اقدامات کو فروغ دینا، انسدادِ دہشت گردی اور دفاعی و سلامتی شعبوں میں بہترین عملی تجربات کا تبادلہ ممکن بنانا تھا۔ کثیرالملکی اجلاس علاقائی سلامتی کے تعاون، عسکری سفارت کاری اور تذویراتی مکالمے کو فروغ دینے کی جانب ایک نمایاں پیش رفت ثابت ہوا، یہ تذویراتی ہم آہنگی پاکستان کے مشترکہ سلامتی مفادات کے عزم کی عکاس ہے اور یہ علاقائی یکجہتی پر مبنی ایک محفوظ، تعاون پر مبنی خطہ تشکیل دینے کے عزم کی عکاس ہے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: ایس پی
پڑھیں:
پاک فوج دفاع وطن کیلئے پرعزم، کسی بھی جارحیت کا جواب سخت اور شدید ہو گا: ڈی جی آئی ایس پی آر
ایبٹ آباد(آئی این پی )ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے ایک بار پھر خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج دفاع وطن کے لئے پرعزم ہے، کسی بھی بیرونی جارحیت کا جواب سخت اور شدید ہوگا۔ایبٹ آباد میں مختلف جامعات کے اساتذہ اور طلبہ سے نشست کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے خصوصی گفتگو کی، ترجمان پاک فوج کے ساتھ خصوصی نشست میں اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے حالیہ پاک افغان کشیدگی، ملکی سکیورٹی صورتحال اور معرکہ حق سمیت اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔ترجمان پاک فوج نے گفتگو کے دوران واضح کیا کہ پاکستان نے دہشت گردی اور فتن الخوارج کے خلاف موثر اقدامات کیے ہیں، اساتذہ اور طلبہ کی جانب سے شہدا اور غازیان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔وائس چانسلر ہزارہ یونیورسٹی ڈاکٹر اکرام اللہ خان نے کہا ہے کہ وطن سے محبت کا صحیح استعارہ پاک فوج ہے، پاک فوج ہمیشہ محاذِ اول پر ہوتی ہے اور ہم اس کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔اساتذہ کا کہنا تھا کہ ہمارے بچوں کے ذہنوں کو گمراہ کرنے کے لیے دشمن عناصر کی سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں، ضروری ہے کہ ہم اپنے بچوں کو درست اور مصدقہ معلومات فراہم کریں۔طلبہ کا کہنا تھا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہم اس ملک کے شہری ہیں جہاں افواجِ پاکستان جیسے ادارے نوجوانوں کو حوصلہ اور رہنمائی فراہم کرتے ہیں، آج ہمیں سوشل میڈیا پر پاک فوج کے خلاف پھیلائی جانے والی غلط افواہوں کے بارے میں درست معلومات حاصل ہوئیں۔اس موقع پر طلبہ نے مزید کہا ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کے جوابات نے ہمارے ذہنوں سے ملکی اور صوبائی حالات سمیت افواج پاکستان کے حوالے سے ابہام دور کیے۔