زائرین امام حسین کیلئے زمین راستوں کی بندش کیخلاف لاہور میں مظاہرہ
اشاعت کی تاریخ: 30th, July 2025 GMT
مظاہرین نے سرحدوں کی بندش کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ زمینی راستے فوری کھول کر زائرین کو اربعین کیلئے جانے دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ زائرین نے ویزے لے رکھے ہیں، ہوٹلوں میں بکنگ ہو چکی ہے، بسوں کیلئے بھی بکنگ کروا دی گئی ہے، اب جب کہ زائرین کے بھاری اخراجات ہو چکے ہیں، حکومت کے اس اقدام سے ان کیلئے مشکلات پیدا ہوگئی ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ قائد وحدت سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی ہدایت پر لاہور میں مختلف شیعہ تنظیموں کی جانب سے لاہور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی و صوبائی رہنماؤں کے علاوہ شیعہ علماء کونسل پاکستان، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، امامیہ آرگنائزیشن پاکستان، مختلف قافلہ سالاروں اور عزادار تنظیموں کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔ مظاہرے کی قیادت ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے صدر علامہ سید علی اکبر کاظمی نے کی جبکہ شیعہ علما کونسل کے قاسم علی قاسمی اور ایم ڈبلیو ایم کے رہنما علامہ حسن رضا ہمدانی سمیت دیگر بھی شریک ہوئے۔
شرکاء نے اپنے مطالبات کے حق میں بینرز اور پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے، جبکہ مظاہرے کا مقصد ملت تشیع کے مسائل کو اجاگر کرنا اور حکام بالا کی توجہ ان کے حل کی جانب مبذول کرانا تھا۔ مظاہرین نے زائرین امام حسینؑ کیلئے زمینی راستے بند کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ زمینی راستے فوری کھولے جائیں اور زائرین کو سکیورٹی فراہم کی جائے۔ علامہ سید علی اکبر کاظمی کا کہنا تھا کہ زائرین سارا سال پیسے جمع کرکے زیارات کیلئے جاتے ہیں، مگر حکومت نے ایک حکم سے زائرین کے سارے پلان کو تباہ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، حکومت اگر اپنے علاقوں میں بھی اپنی رٹ برقرار نہیں رکھ سکتی تو اسے عہدوں سے مستعفی ہو جانا چاہیئے۔
دیگر رہنماوں نے بھی سرحدوں کی بندش کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ زمینی راستے فوری کھول کر زائرین کو اربعین کیلئے جانے دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ زائرین نے ویزے لے رکھے ہیں، ہوٹلوں میں بکنگ ہو چکی ہے، بسوں کیلئے بھی بکنگ کروا دی گئی ہے، اب جب کہ زائرین کے بھاری اخراجات ہو چکے ہیں، حکومت کے اس اقدام سے ان کیلئے مشکلات پیدا ہوگئی ہیں۔ رہنماوں نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے فیصلے پر نظرثانی کریں۔
ذریعہ
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: مطالبہ کیا کہ زمینی راستے کہ زائرین
پڑھیں:
کوئٹہ، سرکاری دفاتر میں ایجنٹس کیخلاف ایف آئی اے کی کارروائی، 14 افراد گرفتار
ڈائریکٹر ایف آئی اے بلوچستان کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر برتھ سرٹیفکیٹس، قومی شناختی کارڈز، پاسپورٹس اور دیگر سرکاری دستاویزات کے حصول کیلئے غیر قانونی طریقے سے سہولت فراہم کرتے اور شہریوں سے رقوم وصول کرتے تھے۔ اسلام ٹائمز۔ وفاقی تحقیقات ادارے ایف آئی ای نے کوئٹہ شہر میں مختلف وفاقی اداروں کے مبینہ ایجنٹس کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 14 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے بلوچستان بہرام مندوخیل کے مطابق کارروائی کے دوران نادرا، سوئی سدرن گیس کمپنی، پاسپورٹ آفس اور میٹروپولیٹن کارپوریشن سے متعلق مبینہ ایجنٹس کو حراست میں لیا گیا ہے، جو شہریوں کو مختلف سرکاری امور میں غیر قانونی سہولت کاری فراہم کرنے میں ملوث تھے۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان مبینہ طور پر برتھ سرٹیفکیٹس، قومی شناختی کارڈز، پاسپورٹس اور دیگر سرکاری دستاویزات کے حصول کے لئے غیر قانونی طریقے سے سہولت فراہم کرتے اور شہریوں سے رقوم وصول کرتے تھے۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے نے کہا کہ گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور ابتدائی تحقیقات کی روشنی میں ان کے نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔ امید ہے کہ مزید گرفتاریاں بھی عمل میں آئیں گی۔ بہرام مندوخیل نے کہا کہ ایف آئی اے سرکاری اداروں میں بدعنوانی، جعلسازی اور غیر قانونی سہولت کاری کے خاتمے کے لئے کارروائیاں جاری رکھے گی اور قانون شکنی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔