بھارت پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے: عطا تارڑ
اشاعت کی تاریخ: 31st, July 2025 GMT
وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا تارڑ ---فوٹو اسکرین گریپ
وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ بھارت پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔
اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں امن کے لیے بھر پور کردار ادا کر رہا ہے، پہلگام واقعے کا ہم پر بے بنیاد الزام عائد کیا گیا، ہم نے دنیا کو کہا کہ پہلگام واقعے پر غیر جانبدار تحقیقات کرائی جائیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کا سب سے زیادہ شکار ملک ہے، دہشت گردی کے شکار ملک کو کیسے دہشت گردی کا ذمے دار ٹھہرایا جاسکتا ہے، پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کو بیرونی پشت پناہی حاصل ہے، ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے فوجی، شہری، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اور بچے شہید ہوئے۔ ثبوت ہیں کہ یہ کوششیں غیر ملکی فنڈنگ اور بھارت کی حکمتِ عملی سے پاکستان کو اندر سے غیر مستحکم کرنے کے لیے کی گئیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت کی طرف سے پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کرنے کی کوششیں پرانی اور منظم ہیں، پاکستان ہمیشہ سے بھارت کے پروپیگنڈے اور غلط معلومات کا ہدف رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین، سعودی عرب، یو اے ای، ترکیے اور قطر نے بھی سیز فائر کے لیے اہم کردار ادا کیا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ بھارت میں ہندوتوا نظریہ امن کے لیے بڑا خطرہ ہے، بھارت نے جنوبی ایشیا کا امن سبوتاژ کرنے کی پوری کوشش کی، بھارت کی طرف سے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی قابلِ قبول نہیں، ہم نے سفارتی سطح پر دنیا کے سامنےاپنا بیانیہ پیش کیا، پانی ہماری بقا ہے، اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی ایشیا میں طاقت کے توازن کو ایک مختلف نظریے سے دیکھنا ہوگا، پاکستان ہر طرح کی جارحیت کا بھر پور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، معرکہ حق کے بعد مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر دوبارہ زندہ ہوگیا ہے، کشمیر کا تنازع سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، عالمی سطح پر بھارت کی رسوائی اور پاکستان کی سنوائی ہو رہی ہے، مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں، پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اصل خطرہ پروپیگنڈے کی جنگ ہے جس کا مقصد پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے، ہمارے خلاف بیانیے اور جھوٹے الزامات مسلط کیے گئے لیکن ہم نے ہر میدان میں دفاع کیا، یہ جنگ ہم نے اپنی سلامتی کے لیے لڑی لیکن اس سے دنیا بھی محفوظ ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ ہماری سفارت کاری نے دنیا کو بھارت کے رویے پر سوال اٹھانے پر مجبور کیا، پلواما واقعے کے بعد بھارت نے شفاف تحقیقات کے بجائے جارحیت کا راستہ اپنایا، بھارت کے الزامات جھوٹ اور بے بنیاد نکلے، بھارت میں سول سوسائٹی اور میڈیا بھی مودی حکومت کے رویے پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: انہوں نے کہا کہ عطا تارڑ نے کہا بھارت کی بھارت کے کے لیے رہا ہے
پڑھیں:
9 مئی مقدمات کے فیصلوں کا خیر مقدم، آئندہ کوئی گھناؤنی سازش کی جرأت نہیں کر سکے گا: عطا تارڑ
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے 9 مئی کے مقدمات کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں قانون کی حکمرانی اور انصاف کے نظام کی فتح کا دن ہے۔ آئندہ کوئی بھی 9 مئی جیسی گھنائونی سازش کرنے کی جرات نہیں کر سکے گا۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے فیصلے کے حوالے سے خصوصی گفتگو میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملک کے اندر قانون کی حکمرانی اور قانونی دفعات پر عمل درآمد کی جیت کا دن ہے۔ 9 مئی کے حملوں کے ناقابل تردید شواہد موجود تھے، اس دن حملہ آوروں اور بلوائیوں نے دفاعی تنصیبات، شہداء کی یادگاروں کو مسمار کیا اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا، قانون نافذ کرنے والے افسروں کو زخمی کیا، توڑ پھوڑ کی اور جلائو گھیرائو کیا، قومی یکجہتی کی علامتوں کو نقصان پہنچایا۔ 9 مئی کے واقعات میں ملوث ملزموں کا طویل عرصے تک ٹرائل ہوا، عدالت کے سامنے ناقابل تردید شواہد پیش کئے گئے۔ 9 مئی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا جب مسلح جتھوں نے دفاعی تنصیبات، شہداء کی یادگاروں اور ریڈیو پاکستان، کور کمانڈر ہائوس سمیت سرکاری املاک کو نشانہ بنایا۔ خیبر پختونخوا میں مختلف بلڈنگز کو جلایا۔ جو عناصر سمجھتے تھے کہ وہ قانون سے بالاتر ہیں، عدالت کے فیصلے نے ان کے خدشات دور کر دیئے ہیں، ان سزائوں کے بعد آئندہ کوئی جرات نہیں کرے گا کہ وہ دشمن کے ہاتھ مضبوط کرے کیونکہ جن دفاعی تنصیبات کو انہوں نے نشانہ بنایا، لوٹ مار کی اور جلائو گھیرائو کیا اور جو زبان استعمال کی وہ تمام شواہد کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کئے۔ یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ ان واقعات کا ماسٹر مائنڈ اس جماعت کا بانی ہے جو اس وقت جیل میں ہے جس نے زوم میٹنگز کے ذریعے یہ حملے منظم کرائے۔ اس میں کچھ لوگوں نے اختلاف بھی کیا کہ ہمیں یہ حملے نہیں کرنے چاہئیں مگر ان بلوائیوں اور حملہ آوروں نے دفاعی تنصیبات کو نقصان پہنچایا، شہداء تک کی تکریم نہ کی کہ جنہوں نے اس ملک کے لئے اپنی جان قربان کر دی۔ لاہور کے جناح ہائوس میں پروفیشنل ڈاکوئوں کی طرح باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت لوٹ مار کی گئی، یہ وہ کام تھے جو دشمن بھی نہیں کر سکا لیکن ان عناصر نے اپنے ہی ملک میں دشمن کا ایجنڈا آگے بڑھایا۔ دشمن نے جب بھی حملہ آور ہونے کا خواب دیکھا، ہم نے ہمیشہ اسے منہ توڑ جواب دیا۔ ان شرپسند عناصر کو قانون و آئین کے تحت سزائیں دی گئی ہیں اور اس کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ واضح پیغام گیا ہے کہ کوئی بھی حساس تنصیبات یا ریاستی املاک پر حملہ کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن پاکستان کے لئے ایک اچھی مثال ہے، یہ دن ثابت کرتا ہے کہ قانون کی بالادستی قائم ہے اور جس طرح پاکستان نے سفارتی اور بیانیہ کے محاذ پر دشمن کو شکست دی، ویسے ہی اندرونی محاذ پر بھی قانون و انصاف کی فتح حاصل کی گئی ہے۔