امریکی ٹیرف کا عالمی نفاذ شروع، پاکستان کو بھارت کے مقابلے میں رعایت
اشاعت کی تاریخ: 1st, August 2025 GMT
واشنگٹن(انٹرنیشنل ڈیسک)امریکا نے آج سے دنیا بھر پر تجارتی ٹیرف کے اطلاق کا آغاز کر دیا، پاکستان کو بھارت کے مقابلے میں نمایاں رعایت مل گئی ہے۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی زیر قیادت انتظامیہ نے نئی عالمی تجارتی پالیسی کے تحت مختلف ممالک پر مختلف سطح کا جوابی ٹیرف عائد کر دیا ہے۔
جنوبی ایشیا کے اہم حریف ممالک میں سے پاکستان پر 19 فیصد جبکہ بھارت پر 25 فیصد ٹیرف عائد کیا گیا، یوں اسلام آباد کو نئی امریکی پالیسی میں سفارتی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
تجزیہ نگاروں کے مطابق جنوبی ایشیا میں پاکستان کو سب سے زیادہ رعایت کی وجہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات، وزیر اعظم شہباز شریف اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے درمیان ٹیلیفونک رابطے اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار سمیت وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی واشنگٹن میں اہم ملاقاتیں ہیں۔
وائٹ ہاؤس رپورٹ کے مطابق پاکستان، انڈونیشیا، ملائیشیا، تھائی لینڈ اور فلپائن پر 19 فیصد، بھارت، قازقستان، مالدووا پر 25 فیصد، جنوبی افریقا، الجزائر، لیبیا پر 30 فیصد، میانمار اور لاؤس پر 40 فیصد ٹیرف عائد کیا گیا ہے جبکہ شام پر سب سے زیادہ 41 فی صد ٹیرف عائد کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ، امریکا نے کینیڈا پر ٹیرف میں اضافہ کرتے ہوئے 25 سے بڑھا کر 35 فیصد کر دیا ہے، جبکہ اسرائیل جیسے قریبی اتحادی پر بھی 15 فیصد ٹیرف لاگو کیا گیا ہے۔
Post Views: 3.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
پاکستان قابل اعتماد عالمی شراکت دار کے طور پر آبھر : خواجہ آصف : بھارت سازشوں میں مصروف : عطاء تارڑ
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی ایک نئے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ پاکستان کے امریکہ، چین، سعودی عرب اور دبئی کے ساتھ تعلقات میں بہتری آ رہی ہے۔ انسٹی ٹیوٹ آف ریجنل سٹڈیز اسلام آباد کے زیرِ اہتمام ’’پاکستان کی سفارتی کامیابیاں‘‘ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اب عالمی سطح پر ایک قابلِ اعتماد شراکت دار کے طور پر ابھر رہا ہے۔ سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے تعلقات نئے دور میں داخل ہو گئے۔ قطر اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ پاکستان کے تعلقات مثالی قرار دئیے جا رہے ہیں۔ چین پاکستان کا ہر موسم کا دوست ہے پاکستان اور چین سی پیک فیز تھری پر کام بڑھانے کے لیے پُرعزم ہیں۔ پاکستان کی وسط ایشیائی ممالک آذربائیجان اور ترکمانستان تک رسائی میں نمایاں بہتری آئی۔ پاکستان اسلاموفوبیا کے خلاف ایک مؤثر آواز بن کر ابھرا۔ انہوں نے مزید کہا کہ خارجہ پالیسی ہماری ترجیح ہے، دنیا کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ ہم بیانیہ کی جنگ لڑ رہے ہیں، ہمارا بیانیہ ایک بھرپور جواب کی صورت میں ہے، ایک طرف جھوٹا بیانیہ پھیلایا گیا جبکہ دوسری طرف واضح حقائق نے دنیا کی آنکھیں کھول دیں۔ وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب میں معاشی سٹریٹجک فریم ورک کا اجرا انتہائی اہم پیشرفت ہے، اب ہمارا ہدف ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کا فروغ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب دشمن نے ہم پر جنگ مسلط کی تو ہماری مسلح افواج نے اس کا منہ توڑ جواب دیا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں ہم نے اپنے سے چار گنا بڑی طاقت کو شکست فاش دی۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں ہماری فضائیہ کا کردار سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کوسٹ گارڈ نے بھارت کے لئے جاسوسی کرنے والے ملاح کو گرفتار کیا جس نے بھارتی ایجنسیوں کے ہاتھوں استعمال ہونے کی پوری کہانی دنیا کے سامنے رکھ دی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا جھوٹا پراپیگنڈا کر رہا تھا تو پاکستان میں ذمہ دارانہ رپورٹنگ نے دنیا کی توجہ حاصل کی۔