کوئٹہ، ایم ڈبلیو ایم کا عمران خان کی رہائی کیلئے احتجاج میں شرکت کا فیصلہ
اشاعت کی تاریخ: 5th, August 2025 GMT
تحریک تحفظ آئین پاکستان کے اجلاس میں ایم ڈبلیو ایم رہنماؤں نے فیصلہ کیا کہ عمران خان کی رہائی کیلئے ریلی اور جلسے میں ایم ڈبلیو ایم کے کارکنان بھی شرکت کرینگے۔ اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین بلوچستان نے تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جانب سے ریلی کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ کوئٹہ میں گزشتہ روز تحریک تحفظ آئین پاکستان کے زیر اہتمام پشتونخواہ عوامی ملی پارٹی کے مرکزی آفس میں ایک اجلاس منعقد ہوا۔ جس کی صدارت تحریک انصاف کے رہنماء نور خان خلجی نے کی۔ اجلاس میں ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی و ضلعی رہنماء علامہ شیخ ولایت حسین جعفری، علامہ سہیل اکبر شیرازی، حاجی غلام حسین نے اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقع پر 5 اگست کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری اور قید و بند کے خلاف ریلوے اسٹیشن کوئٹہ سے ریلی نکالنے کا فیصلہ کیا گیا۔ جو شہر کے مختلف شاہراہوں سے ہوتا ہوا کوئٹہ پریس کلب کے سامنے جلسے کی شکل اختیار کرکے اپنا پرامن احتجاج ریکارڈ کرائے گی۔ ایم ڈبلیو ایم رہنماؤں نے کہا کہ علمدار روڈ کوئٹہ سے بھی ایم ڈبلیو ایم کے کارکنان اس احتجاجی ریلی اور جلسے میں شرکت کریں گے۔
.ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: ایم ڈبلیو ایم
پڑھیں:
پروفیسر عبدالغنی بٹ (مرحوم) نے تحریک آزادی کشمیر کیلئے گراں قدر خدمات سرانجام دیں، صدر آزاد کشمیر
اپنے تعزیتی بیان میں صدر آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ پروفیسر عبدالغنی بٹ (مرحوم) کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا کبھی پر نہیں ہو سکتا اور اُن کی تحریک آزادی کشمیر کے لئے کی جانے والی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے سابق چیئرمین آل پارٹیز حریت کانفرنس پروفیسر عبدالغنی بٹ کی وفات پر انتہائی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پروفیسر عبدالغنی بٹ (مرحوم) نے تحریک آزادی کشمیر کے لئے گراں قدر خدمات سرانجام دیں۔ پروفیسر عبدالغنی بٹ (مرحوم) کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا کبھی پر نہیں ہو سکتا اور اُن کی تحریک آزادی کشمیر کے لئے کی جانے والی خدمات ناقابل فراموش ہیں جنھیں رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔ صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ پروفیسر عبدالغنی بٹ(مرحوم) کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور جملہ پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے، آمین۔