برآمدات بڑھانے کیلئے منڈیوں کی منصوبہ بندی ناگزیر: فیصل کنڈی
اشاعت کی تاریخ: 6th, August 2025 GMT
پشاور (بیورو رپورٹ) گورنر خیبر پی کے فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ملکی برآمدی صنعت سے وابستہ تاجر اور کاروباری شخصیات پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ خیبر پی کے زرعی، صنعتی اور معدنی وسائل سے مالا مال اور یہاں ہر شعبے میں ترقی کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ برآمدات، خصوصاً معدنیات، ہینڈی کرافٹس، ہربل پروڈکٹس، ماربل اور فرنیچر جیسے شعبوں میں معیار اور جدت لا کر عالمی منڈیوں کی ضروریات کے مطابق منصوبہ بندی کرنا ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز گورنر ہاؤس پشاور میں آل پاکستان کمرشل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقدہ گولڈ میڈل ایوارڈ کی پر وقار تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ تقریب میں چیئرمین APCEA افتخار احمد، سرپرست اعلیٰ حاجی معمور، سابق چیئرمین مشتاق احمد، سینئر نائب صدر حنان خان، ڈائریکٹر TDAP نعمان بشیر، برآمدکنندگان اور تاجر برادری نے شرکت کی۔ چیئرمین افتخار احمد نے گورنر ہاؤس میں تقریب کے انعقاد پر گورنر کا شکریہ ادا کیا اور ایسوسی ایشن کے اغراض ومقاصد پرروشنی ڈالی ۔ اپسیا کامقصد ملکی ایکسپورٹ کو بڑھاناہے۔ انہوں نے جیم سٹون پر پابندی ختم کرانے پر وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور گورنر خیبر پی کے کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے آخر میں بہترین ایکسپورٹرز میںاپسیا کی جانب سے گورنر نے گولڈ میڈل ایوارڈ تقسیم کئے۔در ین اثناء فیصل کریم کنڈی نے تحریک انصاف کے احتجاج پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی گلی کوچوں تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔ اب ان کی کسی تحریک میں جان نہیں، وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ ہو چکا۔ بانی پی ٹی آئی کو سزائیں عدالتوں نے دی ہیں۔ اپنی حکومت کے دوران یہ لوگ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے دہشت گردوں کو واپس لے کر آئے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
رضوان سعید شیخ کا پاکستانی ٹیکسٹائل شعبے کی برآمدات کے فروغ کیلئے نیویارک کا دورہ
امریکی منڈی میں پاکستان کے ٹیکسٹائل شعبے کے فروغ اور برآمدات سے وابستہ کاروباری شخصیات کو امریکہ کے کاروباری طریقے سے بہتر طورپر جوڑنے اور بزنس کمیونٹی کے درمیان مربوط روابط استوار کرنے کی غرض سے امریکہ میں پاکستانی سفارت خانہ اور پاکستانی قونصلیٹ مکمل طور پر سرگرم عمل ہیں ۔اس حوالے سے امریکہ میں سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے 15 سے 17 ستمبر تک نیو یارک کا دورہ کیا۔ پاکستانی سفارتخانے کے ٹریڈ ونگ کے سینئر افسر محمد حینف چنہ بھی سفیر پاکستان کے ہمراہ تھے۔ تین روزہ دورے کے دوران سفیر پاکستان نے کاروباری برادری اور شراکت داروں سے نتیجہ خیز ملاقاتیں کیں۔بات چیت کے دوران پاکستان کی موجودہ صنعتی صلاحیت، ہوم ٹیکسٹائل کے شعبے میں مسابقتی برتری جیسی خصوصیات کو برؤے کار لاتے ہوئے امریکی منڈی میں پاکستانی مصنوعات کے فروغ کے حوالے سے قابل عمل حکمت عملی پر غور کیا گیا۔
عالمی تجارتی افق پر رونما ہونے والی حالیہ تبدیلیوں اور ٹیرف کے تناظر میں سفیر پاکستان نے پیدا ہونے والے مواقع کو فوری طور پر پاکستان کے ٹیکسٹائل شعبے کے لیے پائیدار تجارتی نتائج میں تبدیل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے متحرک اور فعال تجارتی سفارت کاری کے حوالے سے کی جانے والی کاوشوں کو اجاگر کرتے ہوئے برآمد کنندگان کو پاکستانی سفارتخانے اور نیویارک میں قونصلیٹ جنرل کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
برآمد کنندگان سے بات چیت کے دوران سفیر پاکستان نے اس امر پر زور دیا کہ ای کامرس اور ڈائریکٹ ٹو کنزیومر پلیٹ فارمز میں تنوع پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے اور اس حوالے سے امریکی ڈیجیٹل ریٹیل اسپیس میں پاکستانی وینچرز کی کامیابی کو ایک مثال کے طور پر سامنے رکھا جائے۔برآمد کنندگان نے سفیر پاکستان کو ای کامرس اور دیگر کاروباری اقدامات کے ضمن میں مسابقتی چیلنجز، توانائی کی لاگت، سرمائے سے متعلقہ رکاوٹوں اور خصوصی اقتصادی زونز کی اہمیت کے حوالے سے آگاہ کیا۔سفیر پاکستان کا یہ دورہ امریکہ میں ویلیو ایڈڈ برآمدات کو فروغ دینے، امریکہ کے ساتھ دیرپا تجارتی روابط استوار کرنے اور عالمی ٹیکسٹائل سپلائی چینز میں پاکستان کو ایک قابل اعتماد، طویل مدتی پارٹنر کے طور پر پیش کرنے کے حوالے سے پاکستان کی تذویراتی توجہ کی نشاندہی کرتا ہے۔
اشتہار