کراچی، کورنگی چمڑا چورنگی پر فائرنگ، پولیس اہلکار زخمی، ملزمان فرار
اشاعت کی تاریخ: 7th, August 2025 GMT
کراچی:
شہر قائد میں کورنگی کے علاقے چمڑا چورنگی پر موٹرسائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار زخمی ہو گیا۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب پولیس نے مشتبہ موٹرسائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی۔
پولیس کے مطابق موٹرسائیکل سوار ملزمان نے رکنے کے بجائے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں کورنگی تھانے سے تعلق رکھنے والا 31 سالہ اہلکار عبدالصمد زخمی ہو گیا۔
واقعے کے بعد پولیس نے جوابی فائرنگ کی تاہم ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
ایس ایچ او کورنگی عدیل افضال کے مطابق زخمی اہلکار عبدالصمد کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں کے مطابق اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
سٹی کورٹ: ڈاکٹر آکاش قتل کیس میں تفتیش مکمل کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم
کراچی کی سٹی کورٹ میں ڈاکٹر آکاش قتل کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے پولیس کو مقدمے کی تفتیش مکمل کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم جاری کر دیا۔
پولیس کے مطابق ایس آئی یو ویسٹ نے ڈاکٹر آکاش کے قتل میں ملوث ملزمان کے خلاف مزید کارروائی کرتے ہوئے تین افراد، سریش عرف ساگر، انیل اور رام چند کے قتل کا مقدمہ اسلم پہنور اور اس کے ساتھیوں کے خلاف درج کر لیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اسلم پہنور ایک ڈکیت گروہ کا سرغنہ ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں زیر حراست تین ملزمان اور ایک ہیڈ کانسٹیبل زخمی ہو گئے۔ بعد ازاں زیر حراست تینوں ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے، جبکہ زخمی ہیڈ کانسٹیبل کو اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر آکاش کو بینک سے رقم لے کر جاتے ہوئے قتل کیا گیا تھا۔ پولیس نے اس کیس میں تین ملزمان کو گرفتار کیا تھا، جو دوران حراست ہلاک ہو گئے۔