ایکنک نے قومی و صوبائی منصوبوں کی منظوری دیدی، پاکستان مشکل سے نکل آیا: اسحاق ڈار
اشاعت کی تاریخ: 8th, August 2025 GMT
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) نیشنل اکنامک کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک) نے توانائی، انفراسٹرکچر، تعلیم، صحت، ماحولیات، انتظامیہ اور عوامی خدمات کے شعبوں میں وفاقی و صوبائی سطح پر کل 28 اہم منصوبوں کی منظوری دیدی۔ ایکنک کے اجلاس کی صدارت نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کی۔ جمعرات کو نائب وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں توانائی، انفراسٹرکچر، تعلیم، صحت، ماحولیات، انتظامیہ اور عوامی خدمات کے شعبوں میں وفاقی و صوبائی سطح پر کل 28 اہم منصوبوں کا جائزہ لیا گیا اور منظوری دی گئی۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے جامع اور پائیدار اقتصادی ترقی کے فروغ، اداروں کو مضبوط بنانے اور طویل المدتی معاشی استحکام و خوشحالی کی بنیاد رکھنے کے لیے حکومت کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ اجلاس میں وزیر منصوبہ بندی، معاون خصوصی وزیراعظم طارق باجوہ، پلاننگ، اقتصادی امور ڈویژن اور کابینہ ڈویژن کے وفاقی سیکرٹریز، چیئرمین این ایچ اے، متعلقہ صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری گلگت بلتستان اور مختلف وزارتوں و محکموں کے اعلی افسران نے شرکت کی۔ دوسری طرف نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کراچی میں حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی کے عرس پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پڑوسی ملک خود کو چودھری سمجھتا تھا، اللہ نے اس کا غرور خاک میں ملا دیا۔ پاکستان مشکل حالات سے نکل گیا۔ اب پاکستان کو ٹاپ 20 ممالک میں شامل کرنا ہے۔ پی ڈی ایم کی حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔ زیر زمین موجود ذخائر نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ دو سال قبل پاکستان سفارتی تنہائی کا شکار تھا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں: