کپل شرما کے کیفے پر ایک ماہ میں دوسرا بڑا حملہ، 25 گولیاں ماریں
اشاعت کی تاریخ: 8th, August 2025 GMT
کینیڈا کے شہر سرے میں واقع بھارت کے عالمی شہرت یافتہ کامیڈین اور ٹی وی اسٹار کپل شرما کے کیفے پر ایک بار پھر بندوق برداروں نے حملہ کردیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فائرنگ کی آواز سنتے ہی پولیس اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور محاصرہ کرلیا۔
جائے وقوعہ سے متعدد گولیوں کے خول ملے ہیں جن کی تعداد 25 کے قریب ہے۔ حملہ آور پولیس کے پہنچنے سے قبل فرار ہوگئے تھے۔
اس حملے میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا البتہ ریسٹورینٹ کو نقصان پہنچا ہے۔ فائرنگ کا یہ واقعہ ابتدائی تحقیقات میں بھتہ خوری کا شاخسانہ لگتا ہے۔
بھارتی اداکار کپل شرما یا ان کی ٹیم کی جانب سے اس واقعے پر تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ کیفے کے منیجر نے پولیس تحقیقات پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے اور نہ ہی بھتے کی کوئی دھمکی موصول ہوئی تھی۔
البتہ پہلے حملے کے بعد، خالصتانی تنظیم ببر خالصہ انٹرنیشنل (BKI) سے تعلق رکھنے والے انتہا پسند حرجیت سنگھ لڈی نے ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا تھا کہ حملہ "سکھوں پر مذاق” کرنے والے ایک ٹی وی شو کے خلاف ردعمل تھا۔
تاہم بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اس حملے کی ذمہ داری لارنس بشنوی گینگ نے ایک آڈیو میں کی جس میں بے تحاشا فائرنگ کی آوازوں میں کہا جا رہا ہے کہ ہم نے کال کی تھی، مگر وہ نہیں سن سکا، اس لیے ایکشن لینا پڑا۔ اگر اب بھی نہ سنا تو اگلا ایکشن ممبئی میں ہوگا۔
بھارتی میڈیا میں یہ دعویٰ بھی کیا جا رہا ہے کہ اس ویڈیو کے بعد ممبئی پولیس اور دیگر بھارتی سیکیورٹی ایجنسیاں ممکنہ خطرات کا جائزہ لے رہی ہیں۔
TagsShowbiz News Urdu.
ذریعہ: Al Qamar Online
پڑھیں:
قصور، بیماری اور معاشی تنگی کے شکار شخص نے زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کر لی
قصور:کھٹیاں خاص کے علاقے میں طویل بیماری اور سخت معاشی تنگی سے پریشان شخص نے زہریلی گولیاں کھا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔
قبر کوٹ کا رہائشی خلیل عرف بلا ڈوگر گزشتہ کئی عرصے سے دل کے عارضے میں مبتلا تھا، جبکہ معاشی تنگی کی وجہ سے اپنی بیماری کا علاج کرانے سے قاصر تھا۔
خلیل نے صورتحال سے تنگ آ کر اپنے گھر میں ہی گندم کی فصل میں استعمال ہونے والی زہریلی گولیاں کھا کر ہمیشہ کے لیے ابدی نیند سو گیا، اطلاع ملتے ہی ریسکیو کا عملہ اور پولیس موقع پر پہنچ گئی۔
تھانہ کھٹیاں کی پولیس نے ضابطے کی کارروائی مکمل کر کے لاش ورثاء کے حوالے کر دی۔