پاکستان ویمن ٹیم کی منیبہ اور فاطمہ کو عمدہ کارکردگی کا صلہ مل گیا
اشاعت کی تاریخ: 13th, August 2025 GMT
کراچی:
آئی سی سی ویمنز ٹی 20 رینکنگ میں پاکستانی خواتین کرکٹرز کو بھی عمدہ کارکردگی پر ترقی مل گئی۔
پاکستان کی نمائندگی کرنے والی منیبہ علی اور فاطمہ ثنا نے حالیہ آئرلینڈ کے خلاف سیریز میں اپنی بہترین کارکردگی کے باعث عالمی رینکنگ میں پوزیشن بہتر بنائی ہے۔
سیریز کے آخری میچ میں منیبہ علی نے ناقابل شکست سنچری سے پاکستان کو فتح دلائی تھی، انھیں اس کارکردگی کا صلہ رینکنگ میں تین درجے ترقی کی صورت میں ملا اور وہ 32 ویں نمبر پر پہنچ گئیں۔
اسی طرح، آل راؤنڈر فاطمہ ثنا نے بھی اپنی صلاحیتوں سے پاکستان کو فائدہ پہنچایا، انھوں نے بیٹنگ رینکنگ میں چار درجے ترقی حاصل کی اور 59ویں نمبر پر پہنچ گئیں۔
اگرچہ پاکستان کی اسپنر سعدیہ اقبال کو سیریز میں وکٹیں کم ملیں لیکن وہ اب بھی ٹی ٹوئنٹی بولنگ کی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔
آئرلینڈ کی آل راؤنڈر اورلا پرینڈرگسٹ نے پاکستان کے خلاف شاندار پرفارمنس کے بعد رینکنگ میں نمایاں ترقی حاصل کر لی جبکہ آسٹریلیا کی فاسٹ بولر اینابیل سدھرلینڈ پہلی بار ٹی ٹوئنٹی بولرز کی عالمی درجہ بندی میں نمبر ون بن گئی ہیں۔
حالیہ تین میچوں کی سیریز میں آئرلینڈ نے پاکستان کو 1-2 سے شکست دی جس میں 23 سالہ پرینڈرگسٹ نے بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں شاندار کھیل پیش کیا، دائیں ہاتھ کی بیٹر نے مجموعی طور پر 144 رنز72 کی اوسط سے اسکور کیے اور اپنی کارآمد میڈیم پیس بولنگ سے چار اہم وکٹیں بھی حاصل کیں، جس کی بدولت وہ پلیئر آف دی سیریز قرار پائیں۔
آئی سی سی کی تازہ ترین رینکنگ میں پرینڈرگسٹ بیٹنگ میں 8 درجے ترقی پا کر 19ویں نمبر پر پہنچ گئی ہیں جبکہ آل راؤنڈرز کی فہرست میں بھی 3 درجے بہتری کے ساتھ چھٹے نمبر پر آگئی ہیں، ان کی ٹیم کی کپتان لورا ڈیلینی بیٹنگ رینکنگ میں 5 درجے ترقی کے بعد 50ویں پوزیشن پر پہنچیں جبکہ ربیکا اسٹوکل 5 زینے اوپر چڑھ کر 77ویں نمبر پر آگئیں۔
بولرز کی رینکنگ میں بڑی تبدیلی اس وقت آئی جب آسٹریلیا کی اینابیل سدھرلینڈ بغیر کوئی نیا میچ کھیلے پہلی بار نمبر ون پوزیشن پر پہنچ گئیں، مارچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف 4 وکٹیں لینے کے بعد سے وہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں نہیں کھیلیں لیکن ان کے 736 پوائنٹس برقرار رہے جبکہ دیگر ٹاپ بولرز کے پوائنٹس میں کمی آئی۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: پر پہنچ گئی
پڑھیں:
دریائے سندھ، کوٹری بیراج پر پانی کی آمد مزید بڑھ گئی
فائل فوٹودریائے سندھ میں کوٹری بیراج پر پانی کی آمد مزید بڑھ گئی، بہاؤ 4 لاکھ 7 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا۔
فلڈ فور کاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق کوٹری بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔
کئی ہفوں بعد دریائے ستلج میں بھی پانی کا زور ٹوٹ گیا، گنڈا سنگھ والا اور ہیڈ سلیمانکی پر پانی کا بہاؤ معمول پر آگیا۔
فلڈ فور کاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق صرف ہیڈ اسلام پر نچلے درجے کا سیلاب رہ گیا، یہاں بھی پانی کی سطح کم ہو رہی ہے، باقی دریا معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں۔