جشنِ آزادی پر نادرا دفاتر کی دو روزہ بندش کا اعلان
اشاعت کی تاریخ: 13th, August 2025 GMT
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے وفاقی دارالحکومت میں اپنے دفاتر دو دن کے لیے بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نادرا کے مطابق اسلام آباد انتظامیہ نے 13 اگست 2025، بدھ کے روز جشنِ آزادی کی خصوصی تقریبات کے پیشِ نظر مقامی تعطیل کا اعلان کیا ہے، جبکہ 14 اگست کو ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی۔ اس وجہ سے اسلام آباد میں واقع تمام نادرا دفاتر بدھ اور جمعرات دونوں دن بند رہیں گے۔
ترجمان نادرا نے بتایا کہ 24 گھنٹے سروس فراہم کرنے والے دفاتر بھی 12 اور 13 اگست کی درمیانی شب سے بند ہوں گے اور 15 اگست، جمعہ کی صبح 8 بجے دوبارہ کھلیں گے۔
ادارے نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ اس دوران شناختی کارڈ اور دیگر خدمات کے لیے “پاک آئی ڈی” موبائل ایپ یا نادرا کی آن لائن سہولیات استعمال کریں۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
اسلام آباد اور خیبرپختونخوا میں 5.5 شدت کے خوفناک زلزلے کے جھٹکے
اسلام آباد اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.5 ریکارڈ کی گئی ۔زلزلے کا مرکز افغانستان کے کوہ ہندوکش ریجن میں تھا، جبکہ اس کی گہرائی 195 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔گہرائی زیادہ ہونے کے باعث زلزلہ مختصر دورانیے کا تھا، مگر کئی علاقوں میں اس کے اثرات محسوس کئے گئے۔زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد ،راولپنڈی ، پشاور،چترال، لوئر دیر، سوات، مالاکنڈ ڈویژن، رستم، چارسدہ، شبقدر اور تنگی میں بھی محسوس کئے گئے۔ شہری خوف کے باعث گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔ اب تک کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ماہرین کے مطابق کوہ ہندوکش ریجن زلزلہ خیز علاقہ ہے، جہاں اس نوعیت کے جھٹکے معمول کا حصہ سمجھے جاتے ہیں، تاہم عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ۔