لاہور سمیت ملک بھر میں حضرت محمد ﷺ کے نواسے حضرت امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ان کا چہلم روایتی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ملک بھر سے علم اور ذوالجناح کے جلوس برآمد ہوں گے جن میں نوحہ خوانی اور ماتم برپا کر کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔

لاہور

لاہور میں چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام اور صوفی بزرگ حضرت داتا علی ہجویری ؒ کے عرس کے آخری روز کے باعث سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، عزاداری جلوسوں، مجالس اور عرس کی تقریبات کے لئے پنجاب پولیس ہائی الرٹ ہے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام کے مقدس پروگراموں کا پرامن اور محفوظ انعقاد یقینی بنائیں گے، تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد مذہبی ہم آہنگی، بین المسالک اتحاد اور رواداری کو فروغ دیں۔انہوں نے کہا ہے کہ مجالس، عزاداری جلوسوں، عرس تقریبات کو بھرپور سکیورٹی انتظامات فراہم کر رہے ہیں، چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام کے موقع پر 644 مجالس منعقد، 392 عزاداری جلوس برآمد ہو رہے ہیں جن کیلئے 37 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار سکیورٹی پر تعینات ہیں۔

کراچی

ادھر کراچی میں چہلم امام حسین علیہ السلام کا مرکزی جلوس دن ایک بجے نشتر پارک سے برآمد ہوگا، جلوس کی سکیورٹی کے لئے ایم اے جناح روڈ اور اطراف کی گلیوں کو کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا ہے، جلوس کے راستے میں آنے والی مارکیٹوں کی دکانوں کو بم ڈسپوزل یونٹ نے سرچنگ کے بعد سیل کردیا۔کراچی کے مختلف علاقوں میں موبائل فون سروس بند کردی گئی اور موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہے۔جلوس کی سکیورٹی کے لئے 4 ہزار سے زائد پولیس اہکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ شہر میں دفعہ 144 بھی نافذ ہے اور امن وامان کی صورتحال کے پیش نظر سندھ بھر میں ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

پشاور

پشاور میں چہلم امام حسین علیہ السلام کے سلسلے میں آج سہ پہر 3 بجے دو مرکزی جلوس برآمد ہوں گے، جلوس ذوالجناح امام بارگاہ آخوندآباد محلہ نوبجوڑی کوہاٹی سے جبکہ دوسرا جلوس کوچہ رسالدار قصہ خوانی سے برآمد ہوگا۔دونوں جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے واپس اسی امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوں گے، جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

کوئٹہ

اسی طرح بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں چہلم کا مرکزی جلوس مومن آباد امام بارگاہ علمدار روڈ سے برآمد ہوگا جس میں 22 دستے شامل ہیں۔جلوس کی حفاظت کے لیے پولیس، بی سی اور ایف سی کی 5 ہزار نفری تعینات ہے، جلوس کے روٹ کی سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی کی جارہی ہے، جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا بہشت زینب ہزارہ قبرستان پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔دوسرا جلوس ولی العصر امام بارگاہ ہزارہ ٹاؤن سے برآمد اور روایتی راستوں سے ہوتا ہوا ہزارہ قبرستان مغربی بائی پاس پر پہنچ کر ختم ہوگا۔

.

ذریعہ: Nawaiwaqt

پڑھیں:

کراچی میں چہلم حضرت امام حسینؓ پر سیکیوٹی کے فول پروف انتظامات

کراچی:

چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر کراچی میں سیکیورٹی کے غیر معمولی اور فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ شہر بھر میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے مجموعی طور پر 11,479 پولیس افسران و اہلکار سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات کیے جائیں گے۔

پولیس ذرائع کے مطابق، کراچی کی 642 امام بارگاہوں پر 1,113 پولیس افسران و اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے، جبکہ 501 مجالس کی سیکیورٹی کے لیے 2,901 اہلکار تعینات ہوں گے۔ اس کے علاوہ 108 ماتمی جلوسوں کے لیے 7,465 پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے جا رہے ہیں۔

مرکزی جلوس کے تمام روٹس سے ملحقہ سڑکوں کو مکمل طور پر بند رکھا جائے گا، جبکہ نشتر پارک اور اطراف میں بھی غیر معمولی سیکیورٹی اقدامات کیے گئے ہیں۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی نے تمام ایس ایچ اوز کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں موجود رہتے ہوئے پیٹرولنگ، اسنیپ چیکنگ اور پکٹنگ کو مزید سخت کریں۔ حساس تنصیبات، عوامی مقامات اور اہم عمارتوں پر ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی مزید مربوط بناتے ہوئے چیکنگ اور سرچنگ کے عمل کو مؤثر بنایا گیا ہے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی جانب سے جلوسوں اور اہم مقامات پر سوئپنگ اور کلیئرنس کا عمل مکمل کیا جائے گا۔

ایڈوانس انٹیلیجنس کلیکشن اور اس کی تھانہ سطح پر فوری شیئرنگ کو بھی مزید مؤثر بنانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی اقدامات میں کسی بھی قسم کی غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

متعلقہ مضامین

  • وزیراعلیٰ سندھ کا یومِ اربعین امام حسینؑ پر عقیدت و احترام کا اظہار
  • شہدائے کربلا کاچہلم: راولپنڈی میں میٹرو بس سروس آج بند رہے گی
  • شہدائے کربلا کا چہلم، ملک بھر میں مجالس عزا برپا
  • کراچی میں چہلم حضرت امام حسینؓ پر سیکیوٹی کے فول پروف انتظامات
  • وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مرکزی جلوس چہلم امام حسینؑ اختتام پذیر
  • حضرت امام حسین علیہ السلام کے چہلم پر  راولپنڈی میں سکیورٹی کے زبردست انتظامات
  • کراچی: چہلم حضرت امام حسینؓ کامرکزی جلوس جمعے کو نشترپارک سے برآمد ہوگا
  • شہدائے فلسطین نے شہدائے کربلا کا کردار زندہ اور یزیدیت کا چہرہ آشکار کردیا ہے، متحدہ علماء محاذ
  • زیارتِ اربعین اور مَشیِ عشق: فریب کے طوفان میں وفا کا پرچم