خیبرپختونخوا حکومت کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، دو پائلٹوں سمیت 5 افراد شہید
اشاعت کی تاریخ: 15th, August 2025 GMT
خیبرپختونخوا حکومت کا ایک ہیلی کاپٹر جو بارش سے متاثرہ باجوڑ کے علاقوں میں امدادی سامان لے جا رہا تھا، ضلع مہمند میں خراب موسم کے باعث گر کر تباہ ہوگیا۔ اس المناک حادثے میں دو پائلٹ سمیت عملے کے پانچ افراد شہید ہو گئے۔
حکام کے مطابق ہیلی کاپٹر پشاور سے روانہ ہوا تھا، مگر جب وہ مہمند کے فضائی حدود میں داخل ہوا تو اس کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔ کچھ دیر بعد چینگی بانڈہ کے مقام پر ہیلی کاپٹر کے گرنے کی اطلاع ملی۔ ابتدائی طور پر تین افراد کی شہادت کی خبر آئی، جو بعد ازاں پانچ شہداء تک جا پہنچی۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ گرنے سے پہلے علاقے میں ایک زوردار دھماکے کی آواز سنی گئی، اور ہیلی کاپٹر ملبے تک پہنچنا انتہائی مشکل ہے کیونکہ وہ ایک دشوار گزار پہاڑی علاقے میں گرا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا، علی امین گنڈاپور نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ تباہ ہونے والا MI-17 ہیلی کاپٹر سالارزئی (باجوڑ) کے متاثرین کے لیے امدادی سامان لے کر روانہ ہوا تھا۔ انہوں نے کہا:
یہ لوگ دوسروں کی جانیں بچانے نکلے تھے، مگر اپنی جان کا نذرانہ دے کر ہمیں یہ سکھا گئے کہ انسانیت کی خدمت سب سے بڑا جذبہ ہے۔ یہ ہمارے اصل ہیرو ہیں۔
وزیراعلیٰ نے واقعے کی فوری تحقیقات اور امدادی کارروائیوں کی ہدایت کی، جب کہ شہداء کے جسد خاکی مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیے جائیں گے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ صوبہ خیبرپختونخوا اس سانحے پر کل (ہفتے کے روز) یومِ سوگ منائے گا، اور تمام سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: ہیلی کاپٹر
پڑھیں:
مانجھی خیل چیک پوسٹ حملہ، گورنر خیبرپختونخوا نے رپورٹ طلب کر لی
پشاور:گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ضلع ٹانک کے علاقے مانجھی خیل میں قائم چیک پوسٹ پر ہونے والے حملے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اعلیٰ حکام سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
اپنے بیان میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ہندوستان کے پروردہ خوارج کی مذموم کارروائی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس بزدلانہ حملے میں ہونے والی شہادتوں پر پوری قوم غمزدہ ہے اور شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
گورنر خیبرپختونخوا نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ حملے میں زخمی ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کو ہر ممکن اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ ان کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہ ہو۔
فیصل کریم کنڈی نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس دکھ کی گھڑی میں غمزدہ خاندانوں اور شہید اہلکاروں کے ساتھیوں کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور ملک میں امن و استحکام کے لیے دعا بھی کی۔