شیخ نھیان بن مبارک کی پاکستان کے سب سے بڑے جشن آزادی پروگرام میں شرکت
اشاعت کی تاریخ: 16th, August 2025 GMT
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 اگست2025ء) دبئی ایکسپو سٹی میں پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کی شاندار تقریب منعقد ہوئی جس میں یو اے ای کے وزیرِ رواداری و بقائے باہمی شیخ نھیان بن مبارک آل نھیان، پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی، قونصل جنرل حسین محمد، اماراتی معززین، سفارتکار اور پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ یہ تقریب "امارات لوز پاکستان" اور پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کے اشتراک اور دبئی پولیس کے تعاون سے منعقد ہوئی، جس میں 60 ہزار سے زائد افراد شریک ہوئے۔
شیخ نھیان بن مبارک نے یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے پاک–امارات دوستی اور بھائی چارے کو سراہا۔ سفیر فیصل نیاز ترمذی نے دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات، ثقافتی تبادلوں اور اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔(جاری ہے)
تقریب میں پاکستان کی ثقافت، روایات، موسیقی، لوک رقص، روایتی کھانوں اور آرٹ نمائش کا اہتمام کیا گیا، جبکہ ممتاز پاکستانی شخصیات کو مختلف شعبوں میں خدمات پر اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں، جن میں بزنس لیڈرز، تعلیمی رہنما، کھلاڑی، بینکرز اور میڈیا شخصیات شامل تھے۔
پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کے صدر ڈاکٹر فیصل اکرام نے 4.5 کروڑ درہم کے پاکستان میڈیکل سینٹر کی توسیعی منصوبے کا اعلان کیا، جو جدید سہولیات کے ذریعے کمیونٹی ہیلتھ سروسز کو تین گنا بڑھائے گا۔ 1971 سے قائم پاک–امارات تعلقات میں تجارت، سرمایہ کاری، سیاحت، ٹیکنالوجی، تیل و گیس، ہاؤسنگ اور بینکاری سمیت کئی شعبوں میں مسلسل ترقی ہو رہی ہے، اور حالیہ حکومتی شراکت داری دونوں ممالک کے مستقبل کے تعاون کو مزید وسعت دے گی۔
ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے
پڑھیں:
وفاق آزاد کشمیر کی نئی حکومت کیساتھ بھرپور تعاون کرے گا: امیر مقام
اسلام آباد(نیوزڈیسک) وفاقی وزیر امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینیئر امیر مقام نے کہا ہے کہ وفاق آزاد جموں و کشمیر کی نئی حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا۔
وفاقی وزیر امورِ کشمیر نے نو منتخب وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ نومنتخب وزیراعظم فیصل راٹھور تحریکِ آزادی کشمیر کو مؤثر انداز میں عالمی سطح پر اجاگر کریں گے۔
امیر مقام کا کہنا تھا کہ توقع ہے کہ فیصل ممتاز راٹھور آزاد کشمیر کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنانے کے لیے جامع اقدامات کریں گے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا ہے کہ وفاقی حکومت آزاد جموں و کشمیر کی نئی حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی، آزاد کشمیر کے عوام کو نوجوان وزیراعظم فیصل راٹھور سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں۔