بے گناہ کشمیری مسلمانوں کو شک کی نگاہ سے نہ دیکھا جائے، عمر عبداللہ کا دہلی دھماکے پر ردعمل
اشاعت کی تاریخ: 13th, November 2025 GMT
جموں و کشمیر کے وزیراعلٰی نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں یہ بات ذہن میں رکھنی چاہیئے کہ کشمیر کا ہر شخص دہشتگرد نہیں ہے اور نہ ہی ہر کوئی دہشتگردی کی حمایت کرتا ہے۔ اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کے وزیراعلٰی عمر عبداللہ نے لال قلعہ بم دھماکے پر گہری تشویش کا اظہار کیا وہیں انہوں نے اس معاملے پر ہر ایک کشمیری کو شک کی نظر سے دیکھنے جانے پر خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ہر ایک کشمیری یا کشمیری مسلمان دہشتگرد نہیں ہے اور دہلی دھماکوں کے پس منظر میں ریاست کے لوگوں کو شک کی نظر سے نہیں دیکھا جانا چاہیئے۔ جموں یونیورسٹی میں ایک کنووکیشن میں شرکت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کے دوران عمر عبداللہ نے دہلی دھماکوں میں بے گناہ شہریوں کی ہلاکت پر گہری افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ کوئی بھی مذہب معصوموں کے قتل کی اجازت نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ اس پورے معامے پر تفتیش جاری ہے۔
عمر عبداللہ نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں یہ بات ذہن میں رکھنی چاہیئے کہ جموں و کشمیر کا ہر شخص دہشتگرد نہیں ہے اور نہ ہی ہر کوئی دہشتگردی کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے جب ہم ہر کشمیری، خاص طور پر کشمیری مسلمانوں کو ایک ہی زاویے سے دیکھتے ہیں اور یہ تاثر دیتے ہیں کہ ہر کشمیری مسلمان دہشت گرد ہے، تو پھر لوگوں کو صحیح راستے پر رکھنا مشکل ہو جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ جو اس کے ذمہ دار ہیں، اُنہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیئے لیکن کسی بے گناہ کو نقصان نہیں پہنچنا چاہیئے۔
یہ پوچھے جانے پر کہ پڑھے لکھے نوجوان دہشتگرد سرگرمیوں میں کیوں ملوث ہو رہے ہیں اور ایک ڈاکٹر کو لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ نے برطرف کیوں کیا، تو وزیراعلیٰ نے کہا کہ کہاں لکھا ہے کہ تعلیم یافتہ نوجوان ایسی سرگرمیوں میں شامل نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ماضی میں دیکھا ہے کہ ایک اسسٹنٹ پروفیسر بھی ملوث تھا، اگر کسی ڈاکٹر کو دہشت گردی کے الزامات پر برطرف کیا گیا ہے تو پھر اس کے خلاف قانونی کارروائی کیوں نہیں ہوئی، اگر اس کے خلاف شواہد تھے تو عدالت میں مقدمہ کیوں نہیں چلایا گیا، صرف نوکری سے نکالنے سے مسئلہ حل نہیں ہوتا اور آج اس کے نتائج ہمارے سامنے ہیں۔ عمر عبداللہ نے مزید کہا کہ میں یہ بات دہراتا ہوں کہ ایسے واقعات کے ذمہ دار بہت کم لوگ ہیں تاہم اُن کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیئے، لیکن بے گناہوں کو سزا نہیں ملنی چاہیئے۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: عمر عبداللہ نے نے کہا کہ انہوں نے
پڑھیں:
’بزدلانہ حرکت ہے، ہم ڈرنے والے نہیں‘: وزیراعلیٰ کے پی کا دوران خطاب اسلام آباد دھماکے کی اطلاع پر ردعمل
ان چیزوں سے ہم ڈرنے والے نہیں، مقابلہ کرتے آئے ہیں، وزیراعلیٰ— فوٹو: اسکرین گریب
خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے جب انہيں اسلام آباد دھماکے کی اطلاع دی گئی۔پشاور میں تقریب سے خطاب کے دوران سہیل آفریدی نے دھماکے کی اطلاع ملتے ہی مذمت کی اور کہا کہ مجھے ابھی بتایا کہ اسلام آباد میں دھماکا ہوا ہے یہ ایک بزدلانہ حرکت ہے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز وانا میں کیڈٹ کالج پر حملہ ہوا اس کی بھی ہم مذمت کرتے ہیں، ان چیزوں سے ہم ڈرنے والے نہیں، مقابلہ کرتے آئے ہیں۔ان کا کہنا تھاکہ امن کی جدوجہد میں پورے پاکستان نے قربانیاں دی ہیں، پاکستان اور بالخصوص خیبرپختونخوا میں امن لے کر آئیں گے۔ بعدازاں وزیراعلیٰ تقریر ادھوری چھوڑ کر چلے گئے۔خیال رہے کہ اسلام آباد کچہری کے باہر خودکش دھماکا ہوا جس میں 12 افراد شہید اور 30 زخمی ہوگئے جن میں سے کئی زخمیوں حالت تشویش ناک ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق دھماکا بھارتی حمایت یافتہ اور افغان طالبان کی پراکسی فتنہ الخوارج کے خودکش حملہ آور نے کیا، دھماکے کی جگہ سے مبینہ خودکش حملہ آور کا سر مل گیا، دھماکے میں آس پاس کھڑے لوگ زد میں آئے اور 3 گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ، جس میں ایک گاڑی پولیس کی اور دو پرائیویٹ گاڑیاں ہیں ۔