سیدنا علی ہجویریؒ فخر الاولیاء، خدمات مسلمانوں کیلئے مشعل راہ ہیں : عبدالخبیر آزاد
اشاعت کی تاریخ: 16th, August 2025 GMT
لاہور (خصوصی نامہ نگار) چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان /خطیب وامام بادشاہی مسجد لاہور مولانا عبدالخبیر آزاد نے بادشاہی مسجد میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام الانبیاء حضرت محمد مصطفی ﷺ کائنات اور سارے جہانوں کیلئے رحمت بن کر تشریف لائے۔ دنیا کی تمام مشکلات و مسائل کا حل سیرت نبوی کی پیروی میں ہے۔ مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ امام الاولیاء حضرت علی ہجویریؒ کی دین اسلام کیلئے خدمات تمام مسلمانوں کیلئے مشعل راہ ہیں۔ سیدنا علی ہجویریؒ فخر الاولیاء، عالم باعمل اور ولی کامل تھے۔ آپ کی صفات سے بندگان خدا کو فیض پہنچا۔ آپ نے خطے کو اسلام کے نور سے منور کیا۔ آپ نے لوگوں کو اللہ تعالیٰ کی بڑائی اور ذکر و فکر کی طرف گامزن کیا۔ آج لاکھوں انسان آپ کے عرس کی سالانہ تقریب میں آنا اپنے لیے شرف سمجھتے ہیں۔ عرس کے حوالے سے محکمہ اوقاف اور انتظامیہ کی طرف سے جو انتظامات کیے گئے وہ قابل تحسین ہیں۔ مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا جشن آزادی اور فتح معرکہ حق کا جشن پورے پاکستان میں ملی جذبے سے منایا گیا۔ دینی مدارس و مساجد اور دیگر عبادت گاہوں میں بھی پرچم کشائی کی تقریبات کا انعقاد کیاگیا۔ پاکستان کی سلامتی، ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں اور شہداء پاکستان کو خراج عقیدت و سلام پیش کیا گیا۔ آخر میں سیدنا علی ہجویریؒ کی بلندی درجات کیلئے دعا مغفرت اور پاکستان کی سلامتی، ترقی وخوشحالی، مقبوضہ کشمیر و فلسطین کی آزادی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: علی ہجویری
پڑھیں:
وزیراعظم کا گورنر کے پی اور وزیراعلیٰ کو ٹیلیفون، امدادی اقدامات کیلئے خصوصی سیل قائم
اسلام آباد:
خیبرپختونخوا میں بارش اور سیلاب سے ہونے والی تباہی کے پیش نظر وزیراعظم ہاؤس میں خصوصی سیل قائم کردیا گیا ہے اور وزیراعظم شہباز شریف نے گورنر فیصل کریم کنڈی اور وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے متاثرہ علاقوں میں فوری اور بھرپور امدادی تعاون کا یقین دلایا۔
وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطا اللہ تارڑ نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے این ڈی ایم اے کو آزاد جموں و کشمیر اور خیبر پختونخوا میں سیلاب اور بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں بھرپور امدادی کارروائیاں کرنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف سیلابی صورت حال سے مکمل طور پر آگاہ ہیں اور امدادی کارروائیوں کے لیے ہدایات جاری کر رہے ہیں اور انہوں نے چیئرمین ایم ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر کو خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کی حکومتوں سے مسلسل رابطہ رکھنے اور امدادی سرگرمیوں کو تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم ہاؤس میں ایک خصوصی سیل بھی قائم کیا گیا ہے جو این ڈی ایم اے سے 24 گھنٹے رابطے میں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حالیہ بارشوں اور سیلابی صورت حال کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے تین مرتبہ این ڈی ایم اے کا دورہ کر کے ذاتی طور پر ریسکیو اور ریلیف اقدامات کا جائزہ لیا، حکومت کا فوکس ریلیف اور ریسکیو اقدامات پر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں جاری ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں تمام ادارے وسائل بروئے کار لا رہے ہیں، خیبر پختونخوا میں انسانی جانوں کو محفوظ بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، این ڈی ایم اے کے پیشگی آگاہی نظام سے خیبر پختونخوا سمیت تمام صوبائی حکومتوں کو باقاعدگی سے آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ این ڈی ایم اے کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر 24 گھنٹے فعال ہے اور صورت حال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔
وزیراعظم کی زیرصدارت ہنگامی اجلاس
بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کی صورت حال کے جائزے کے لیے ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔
چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے وزیراعظم کو خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں کلاؤڈ برسٹ اور فلیش فلڈز سے ہونے والے نقصانات، ریسکیو اور ریلیف آپریشن پر تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیراعظم نے این ڈی ایم اے کو ہدایت کی کہ خیبر پختونخوا حکومت اور پی ڈی ایم اے کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھا جائے اور ریسکیو اور ریلیف آپریشن کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ خیمے، ادویات، اشیائے خورونوش اور دیگر امدادی سامان فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں پہنچایا جائے اور ترجیحی بنیادوں پر ٹرکوں کے ذریعے روانہ کیا جائے۔
وزیراعظم نے متاثرہ علاقوں میں پھنسے افراد اور سیاحوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت بھی دی۔
اجلاس میں نقصانات کے تخمینے اور جاری امدادی سرگرمیوں پر پیش رفت سے وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پروزیراعظم نے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے یقین دلایا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومت کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی اور خیمے، ادویات اور اشیائے خورونوش فوری طور پر روانہ کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں حکومت اور قوم کی تمام تر ہمدردیاں متاثرین کے ساتھ ہیں۔
Tagsپاکستان