محکمہ موسمیات کی ملک بھر میں مزید بارشوں کی پیشگوئی
اشاعت کی تاریخ: 16th, August 2025 GMT
اسلام آباد(نیوز ڈیسک) محکمہ موسمیات نے ہفتہ کے روز ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں اور گرج چمک کے نئے سلسلے کی پیش گوئی کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا، کشمیر، اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، شمال مشرقی پنجاب اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ ساتھ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ بالائی خیبر پختونخوا، خطہ پوٹھوہار اور کشمیر کے چند علاقوں میں موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے جس کے باعث شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ شام اور رات کے اوقات میں شمال مشرقی اور جنوبی بلوچستان، جنوبی پنجاب اور جنوب مشرقی سندھ میں بھی تیز ہواؤں اور بارش کا امکان ہے۔ ان علاقوں میں بارش کے ساتھ ساتھ بعض مقامات پر ژالہ باری اور بجلی گرنے کے خدشات بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر، اسلام آباد، بالائی پنجاب اور گلگت بلتستان میں بارش ہوئی، جبکہ کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا کے کئی مقامات پر موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی۔ دوسری جانب ملک کے بیشتر میدانی علاقے بدستور گرم اور مرطوب رہے۔
اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ بارش دیر لوئر میں 98 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ مالم جبہ میں 76 ملی میٹر، سیدو شریف اور بالاکوٹ میں 41 ملی میٹر، جبکہ کوٹلی میں 44 ملی میٹر بارش ہوئی۔ اسلام آباد کے سید پور میں 45 ملی میٹر اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں 23 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
درجہ حرارت کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے بتایا کہ بلوچستان کے دالبندین اور نوکنڈی میں درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سبی اور دادو میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ وادی پوٹھوہار، کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے شہری محتاط رہیں کیونکہ موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ سکتے ہیں جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ موجود ہے۔ انتظامیہ نے متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔
Post Views: 1.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: بالائی خیبر پختونخوا محکمہ موسمیات نے علاقوں میں ریکارڈ کی ملی میٹر کی گئی
پڑھیں:
ملک میں زیادہ بارشوں کی پیشگوئی موجود تھی لیکن ہم سائنس کو سنجیدہ نہیں لیتے، ماہر ماحولیات
کراچی(نیوز ڈیسک)ماہر ماحولیات ڈاکٹر زینب نعیم نے کہا ہے کہ ملک میں غیر معمولی بارشوں کی پیشگوئی پہلے سے موجود تھی مگر بدقسمتی سے ہم سائنس کو کبھی سنجیدہ نہیں لیتے۔
خیبرپختونخوا میں کلاؤڈ برسٹ کے بعد تباہی کے مناظر پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ درجہ حرارت مسلسل بڑھ رہا ہے اور موسمیاتی تبدیلی ایک حقیقت ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
ڈاکٹر زینب نے کہا کہ ہمارے ہاں بار بار وارننگ دی جاتی ہے لیکن بروقت اقدامات نہ ہونے کے باعث صورتحال المیہ اختیار کر لیتی ہے۔ ہم یا تو خشک سالی کا شکار ہوتے ہیں یا پھر شدید سیلاب کا، اور افسوس کی بات یہ ہے کہ دونوں انتہاؤں سے نمٹنے کے لیے کوئی جامع منصوبہ بندی موجود نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پانی کے ذخائر تیزی سے ختم ہو رہے ہیں اور اگر ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو سنجیدگی سے نہ لیا گیا تو مستقبل میں نقصانات مزید بڑھ سکتے ہیں۔ اس لیے اب وقت آ گیا ہے کہ سائنسی تحقیق کو اہمیت دی جائے اور ماحولیاتی چیلنجز کے لیے طویل المدتی منصوبہ بندی کی جائے۔