این ڈی ایم اے کی ٹیم امدادی کاموں کی نگرانی کیلئے پشاور پہنچ گئی
اشاعت کی تاریخ: 16th, August 2025 GMT
—فائل فوٹو
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی ٹیم امدادی کاموں کی نگرانی کے لیے پشاور پہنچ گئی۔
این ڈی ایم اے کے ترجمان نے کہا ہے کہ این ڈی ایم اے خیبرپختونخوا حکومت اور پی ڈی ایم اے کو مکمل معاونت فراہم کر رہا ہے، این ڈی ایم اے صوبائی حکومت کو امدادی سامان فراہم کر رہا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ این ڈی ایم اے تمام متعلقہ سول اور عسکری اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے، این ڈی ایم اے تمام متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری امدادی کارروائیوں کی ہمہ وقت نگرانی کر رہا ہے۔
خیبرپختونخوا میں 48 گھنٹوں میں بارش اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کی تفصیلات سامنے آگئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے تمام ادارے اقدامات کو یقینی بنا رہے ہیں، شمالی علاقہ جات میں ممکنہ بارشوں کی صورت میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں مزید اضافے کا امکان ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے نے کہا کہ بارشوں اور سیلاب کے دوران محتاط رہیں اور حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں، سیاح اگلے 5 تا 6 روز تک شمالی علاقہ جات کا سفر کرنے سے گریز کریں، متاثرہ علاقوں میں پی ڈی ایم اے سمیت پاک آرمی، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اور مقامی رضا کار امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ شام چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو تمام صورت پر بریفنگ دی تھی۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: ڈی ایم اے
پڑھیں:
شہباز شریف کی این ڈی ایم اے کو ریسکیو آپریشن میں تمام وسائل فراہم کرنے کی ہدایت
اسلام آباد میں ایک ہنگامی اجلاس کے دوران وزیر اعظم نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت سے ریسکیو و امدادی سرگرمیوں کیلئے رابطے مزید مربوط کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کو خیمے، ادویات، اشیاء خورد و نوش اور دیگر امدادی سامان فوری پہنچایا جائے۔ اسلام ٹائمز۔ وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے ملک میں حالیہ بارشوں پر سیلاب کی صورتحال کے جائزے کیلئے ہنگامی اجلاس طلب کیا۔ اجلاس میں چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے وزیرِ اعظم کو ملک کے بالائی حصوں میں کلاؤڈ برسٹ، فلیش فلڈز سے ہونے والے نقصانات اور ریسکیو و ریلیف آپریشن پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر شہباز شریف نے این ڈی ایم اے کو خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت اور پی ڈی ایم اے کے ساتھ تعاون جاری رکھنے، انہیں ریسکیو و ریلیف آپریشن میں تمام تر تعاون فراہم کرنے اور اس کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت سے ریسکیو و امدادی سرگرمیوں کیلئے رابطے مزید مربوط کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کو خیمے، ادویات، اشیاء خورد و نوش اور دیگر امدادی سامان فوری پہنچایا جائے۔ وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ ترجیحی بنیادوں پر امدادی سامان کو ٹرکوں کے ذریعے فوری بھیجا جائے اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پھنسے لوگوں و سیاحوں کو فوری محفوظ مقامات پر پہنچایا جائے۔
علاوہ ازیں شہباز شریف کو اجلاس میں نقصانات کا جائزہ پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ریسکیو و ریلیف آپریشن پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ قبل ازیں وزیراعظم نے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، دوران گفتگو انہوں نے خیبر پختونخوا میں حالیہ کلاؤڈ برسٹ اور فلیش فلڈز کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہارِ افسوس کیا۔