برطانوی وزیر خارجہ کا نائب وزیراعظم سے رابطہ، سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر اظہار افسوس
اشاعت کی تاریخ: 17th, August 2025 GMT
اسلام آباد:
برطانیہ کے سیکریٹری آف اسٹیٹ برائے خارجہ، دولت مشترکہ و ترقیاتی امور، معزز ڈیوڈ لیمی ایم پی نے پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے رابطہ کیا اور حالیہ شدید بارشوں اور تباہ کن سیلاب کے باعث قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس کا اظہار کیا۔
ڈیوڈ لیمی نے اس موقع پر حکومتِ پاکستان اور متاثرہ خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ اس مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔
انہوں نے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ کو لندن کے حالیہ دورے کے دوران کامیاب ملاقاتوں کی نیک خواہشات بھی پیش کیں۔
نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے برطانوی حکومت کی جانب سے ہمدردی اور تعاون کے جذبے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ قریبی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے۔
انہوں نے برطانیہ کی جانب سے امدادی و بحالی کے اقدامات میں تعاون کے اظہار کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان مسلسل رابطے کی امید ظاہر کی۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
اسحاق ڈار 3 روزہ سرکاری دورے پر برطانیہ پہنچ گئے
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ ہائی کمیشن لندن میں پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے پراجیکٹ کا افتتاح کریں گے۔ منصوبے سے اوورسیز پاکستانیوں کو زمینوں کے کاغذات کے مسائل حل کرنے کی سہولت ملے گی، وزیر خارجہ کی برطانوی اراکین پارلیمنٹ، کشمیری راہنماؤں اور کمیونٹی نمائندوں سے ملاقاتیں ہوں گی۔ اسلام ٹائمز۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار 3 روزہ سرکاری دورے پر برطانیہ پہنچ گئے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار لندن میں برطانوی نائب وزیراعظم اینجلا رینر سے ملاقات کریں گے، پارلیمانی انڈر سیکرٹری برائے پاکستان ہیمش فالکنر سے بھی ملاقات ہو گی۔ دورے کے دوران نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل سے بھی ملاقات کریں گے، ہائی کمیشن لندن میں پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے پراجیکٹ کا افتتاح کریں گے۔ منصوبے سے اوورسیز پاکستانیوں کو زمینوں کے کاغذات کے مسائل حل کرنے کی سہولت ملے گی، اسحاق ڈار کی برطانوی اراکین پارلیمنٹ، کشمیری راہنماؤں اور کمیونٹی نمائندوں سے ملاقاتیں ہوں گی۔