طاقتور مون سون ہوائیں سندھ میں داخل، کراچی میں اربن فلڈنگ کا خدشہ
اشاعت کی تاریخ: 17th, August 2025 GMT
محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ کے بیشتر اضلاع میں آج سے بارش کی پیشگوئی کر دی۔محکمہ موسمیات کے مطابق طاقتور مون سون ہوائیں سندھ کے بیشتر حصوں میں داخل ہو رہی ہیں جس کے تحت جیکب آباد، شکارپور، لاڑکانہ، قمبرشہدادکوٹ میں آج سے 19اگست تک بارش کا امکان ہے۔اس کے علاوہ کشمور، نوشہرو فیروز، دادو، میرپور خاص، سانگھڑ، خیرپور، شہید بینظیرآباد، حیدرآباد، جامشورو، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہ یار، عمرکوٹ، ٹھٹہ، بدین اور تھرپارکرمیں بھی بارش کا امکان ہے، چند مقامات پر درمیانی سے شدید اور کہیں کہیں موسلا دھار بارش متوقع ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ گڈو اور سکھر بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، کوٹری بیراج میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ شدید بارش، آندھی اوربجلی گرنے سے روزمرہ کے معمولات متاثر ہو سکتے ہیں، شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ، نشیبی مقامات پر پانی جمع ہونے کا بھی خدشہ ہے جبکہ کسان اپنے زرعی امور موسم کی پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیں۔محکمہ موسمیات نے کراچی کے حوالے سے پیشگوئی کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں آج مطلع جزوی ابر آلود اور موسم مرطوب رہے گا، کراچی کے مضافات میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ پیر کو گرج چمک کے ساتھ درمیانی شدت کی بارش ہو سکتی ہے۔محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ شہر میں منگل کو بھی گرم چمک کے ساتھ درمیانی اور کہیں موسلا دھار بارش کا امکان ہے، شہر میں بارش کا سلسلہ 23 اگست تک جاری رہ سکتا ہے۔حکام محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی شہر میں تیز بارش کے ایک سے دو اسپل آسکتے ہیں جس کے باعث اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ رہے گا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
محکمہ موسمیات کی ملک بھر میں مزید بارشوں کی پیشگوئی
اسلام آباد(نیوز ڈیسک) محکمہ موسمیات نے ہفتہ کے روز ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں اور گرج چمک کے نئے سلسلے کی پیش گوئی کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا، کشمیر، اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، شمال مشرقی پنجاب اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ ساتھ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ بالائی خیبر پختونخوا، خطہ پوٹھوہار اور کشمیر کے چند علاقوں میں موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے جس کے باعث شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ شام اور رات کے اوقات میں شمال مشرقی اور جنوبی بلوچستان، جنوبی پنجاب اور جنوب مشرقی سندھ میں بھی تیز ہواؤں اور بارش کا امکان ہے۔ ان علاقوں میں بارش کے ساتھ ساتھ بعض مقامات پر ژالہ باری اور بجلی گرنے کے خدشات بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر، اسلام آباد، بالائی پنجاب اور گلگت بلتستان میں بارش ہوئی، جبکہ کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا کے کئی مقامات پر موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی۔ دوسری جانب ملک کے بیشتر میدانی علاقے بدستور گرم اور مرطوب رہے۔
اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ بارش دیر لوئر میں 98 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ مالم جبہ میں 76 ملی میٹر، سیدو شریف اور بالاکوٹ میں 41 ملی میٹر، جبکہ کوٹلی میں 44 ملی میٹر بارش ہوئی۔ اسلام آباد کے سید پور میں 45 ملی میٹر اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں 23 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
درجہ حرارت کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے بتایا کہ بلوچستان کے دالبندین اور نوکنڈی میں درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سبی اور دادو میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ وادی پوٹھوہار، کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے شہری محتاط رہیں کیونکہ موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ سکتے ہیں جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ موجود ہے۔ انتظامیہ نے متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔
Post Views: 1