کراچی میں بارشوں سے متعلق محکمہ موسمیات نے تازہ پیشگوئی کر دی
اشاعت کی تاریخ: 17th, August 2025 GMT
کراچی:
مون سون کے حالیہ سسٹم کے تحت محکمہ موسمیات نے کراچی میں بارشوں سے متعلق تازہ پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر پیش گوئی کے مطابق شہر کے مضافاتی علاقوں میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے اور پیر 18 اگست کو گرج چمک کے ساتھ درمیانی شدت کی بارش ہو سکتی ہے۔
کراچی میں منگل کو گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کے کئی اسپیلز متوقع ہیں۔
سندھ کے دیگر علاقوں جیکب آباد، شکارپور، لاڑکانہ، قمبر شہداد کوٹ، گھوٹکی، سکھر، کشمور، نوشہروفیروز، دادو، میرپور خاص، سانگھڑ، خیرپور، شہید بینظیر آباد، حیدرآباد، جامشور میں درمیانے درجے سے کہیں کہیں موسلادھار اور انتہائی موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
سجاول، بدین، مٹیاری اور تھرپارکر کے اضلاع میں آج سے 19 اگست تک وقفے وقفے سے بارش ہو سکتی ہے۔
موسلادھار بارش، آندھی اور بجلی گرنے سے روزمرہ کے معمولات متاثر ہو سکتے ہیں جبکہ شہری سیلاب کی صورتحال کے سبب نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو سکتا ہے۔
اس وقت، گڈو اور سکھر بیراج میں نچلے درجے کا سیلاب ہے جب کہ کوٹری بیراج پر پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔
کچے کے گھروں کی چھت اور دیوار، بجلی کے کھمبوں، گاڑیوں اور سولر پینل وغیرہ جیسے کمزور ڈھانچے کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ کسانوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ موسم کی پیشن گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی سرگرمیوں کا انتظام کریں۔
تمام متعلقہ حکام کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ’’الرٹ‘‘ رہیں اور کسی بھی قسم کی صورتحال سے بچنے کے لیے ضروری اقدامات کریں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
بارشوں سے پنجاب میں اب تک 21 شہری جاں بحق اور 154 زخمی ہوئے، پی ڈی ایم اے
تصویر سوشل میڈیا۔پراونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے مون سون بارشوں کے باعث نقصانات سے متعلق رپورٹ جاری کر دی۔
لاہور ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کے باعث پنجاب میں اب تک 21 شہری جاں بحق اور 154 زخمی ہوئے، بارشوں میں چھتیں گرنے سے 15 افراد جاں بحق ہوئے۔
بارش رکنے کے بعد ایم ڈی واسا نے تمام انڈر پاس کلیئر کر دینے کا دعویٰ کیا، بارش کے باعث نناوے فیڈرز بھی متاثر ہوئے، بحالی کا کام جاری ہے، ڈیفنس میں بارش کے پانی میں ایک منچلا کشتی لے آیا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں میں کرنٹ لگنے سے 3 اور آسمانی بجلی گرنے سے 2 افرادجاں بحق ہوئے۔ بارش کے پانی میں ڈوبنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا، بارشوں کے باعث 38 مکانات جزوی طور پر متاثر ہوئے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ جاں بحق افراد کے خاندانوں کو 10 سے 50 لاکھ روپے تک امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ شہریوں سے گزارش ہے موسم برسات میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔