کراچی میں اگلے ہفتے ڈبل ڈیکر اور نئی ای وی بسیں چلنے کو تیار
اشاعت کی تاریخ: 18th, November 2025 GMT
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
کراچی: شہر قائد میں رہنے والوں کے لیے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ایک اور بڑی خوش خبری ہے کہ حکومتِ سندھ نے عوامی سفری سہولتوں میں اضافہ کرتے ہوئے اگلے ہفتے ڈبل ڈیکر اور جدید ای وی بسیں چلانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
اس فیصلے کا مقصد شہر کی بڑھتی آبادی، ٹریفک دباؤ اور روزمرہ سفر کی مشکلات کو کم کرنا ہے۔ سینئر وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت ہونے والے اہم اجلاس میں اس حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی اور متعدد منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔
اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، ایس ایم ٹی اے کی مینیجنگ ڈائریکٹر کنول نظام بھٹو، ٹرانس کراچی کے سی ای او فواد غفار سومر اور یلو لائن بی آر ٹی کے پروجیکٹ ڈائریکٹر ضمیر عباسی سمیت متعلقہ حکام شریک تھے۔
اجلاس کے دوران شرجیل انعام میمن کو یلو لائن اور ریڈ لائن بی آر ٹی کے تعمیراتی مراحل، رکاوٹوں اور تکمیل کی رفتار سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے اس موقع پر واضح کیا کہ یلو لائن بی آر ٹی کو جلد از جلد فعال کرنا صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اسی لیے ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کرنے کی ہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں۔
اجلاس میں یہ خوشخبری بھی سنائی گئی کہ ڈبل ڈیکر اور نئی ای وی بسیں آئندہ ہفتے کراچی پہنچ جائیں گی، جس کے بعد شہر میں ان کے مخصوص روٹس پر سروس کا آغاز کیا جائے گا۔
سینئر صوبائی وزیر کے مطابق نہ صرف کراچی بلکہ سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی پیپلز بس سروس کے مزید نئے روٹس شروع کرنے کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت دسمبر تک ای وی ٹیکسی سروس بھی متعارف کروانے کا ارادہ رکھتی ہے جب کہ رواں مالی سال کے دوران مزید 500 بسیں شامل کرنے کا ہدف بھی طے کیا گیا ہے۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ عوامی سفری سہولتوں میں اضافہ صرف بڑے شہروں تک محدود نہیں رکھا جائے گا۔ صوبے کے ہر ڈویژنل ہیڈکوارٹر میں طالبات اور خواتین کو اسکوٹیز چلانے کی تربیت فراہم کرنے کا سلسلہ بھی شروع کیا جا رہا ہے تاکہ وہ بااختیار ہو کر محفوظ اور آسان سفر کر سکیں۔ اس دوران پنک اسکوٹیز اسکیم کے دوسرے مرحلے پر بھی پیش رفت جاری ہے، جس سے خواتین کے لیے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔
یلو لائن بی آر ٹی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر ٹرانسپورٹ نے حکام کو ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں میں غیرضروری تعطل ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ یوٹیلٹی سروسز میں حائل رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کیا جائے تاکہ منصوبے کی رفتار متاثر نہ ہو۔ ساتھ ہی ڈیپوز کی تعمیر کو بھی ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی۔
اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ تاج حیدر پل کے دوسرے حصے پر جلد کام شروع کیا جا رہا ہے، جب کہ آج سے اس پل پر دو طرفہ ٹریفک کی روانی بحال کردی گئی ہے، جس سے شہریوں کو خاصی سہولت ملے گی۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: لائن بی آر ٹی اجلاس میں یلو لائن
پڑھیں:
دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کا بریک ڈاؤن، کراچی کو پانی کی فراہمی متاثر
کراچی:دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث کراچی کو پانی سپلائی کرنے والی لائن نمبر 5 دھماکے سے پھٹ گئی۔
ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق اتوار کی علی الصبح 6 بجے ہونے والے بجلی کے بریک ڈاؤن میں سیکنڈ فیز کے 4پمپ بند ہوگئے تھے۔
لائن پھٹنے کے نتیجے میں دھابیجی پمپنگ سے کراچی کو 100 ملین گیلن پانی کی فراہمی متاثر رہے گی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ متاثرہ لائن کی مرمت کا کام ہنگامی بنیاد پر شروع کر دیا گیا ہے، لائن کی مرمت کا کام 24گھنٹے میں مکمل کرکے مذکورہ لائن سے کراچی کو پانی کی فراہمی بحال کر دی جائے گی۔