صوبہ بھر میں ڈرائیونگ لائسنس کا اجرا، لاکھوں شہری مستفید
اشاعت کی تاریخ: 19th, August 2025 GMT
سٹی42: ،پنجاب بھر میں شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس کی سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ تیزی سے جاری، رواں ماہ اب تک 4 لاکھ 66 ہزار سے زائد شہریوں نے مختلف لائسنسنگ سہولیات سے استفادہ کیا۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق 1 لاکھ 58 ہزار سے زائد شہریوں نے لرننگ لائسنس حاصل کیے۔اتنی ہی تعداد میں ریگولر ڈرائیونگ لائسنس بھی جاری کیے گئے۔
اس کے علاوہ 1 لاکھ 3 ہزار سے زائد افراد نے اپنے لائسنسوں کی تجدید کروائی اور 4 ہزار سے زائد شہریوں کو انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ جاری کیے گئے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ سائیکل سواروں کو بھی ایک ہی دن میں لرننگ اور ریگولر لائسنس فراہم کیے جا رہے ہیں۔
پنجاب کے تعلیمی اداروں میں کوڑا دان کی تنصیب لازمی قرار
دوسری جانب ڈی آئی جی ٹریفک وقاص نذیر کا کہنا ہے کہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی یا موٹر سائیکل چلانا جرم ہے اور اس خلاف ورزی کے خلاف 90 روزہ کریک ڈاؤن جاری ہے۔
ذریعہ: City 42
کلیدی لفظ: سٹی42 ڈرائیونگ لائسنس
پڑھیں:
ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید بارشوں اور سیلاب کا الرٹ جاری
اسلام آباد:نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے بیشتر علاقوں کے لیے شدید بارشوں اور سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا۔
این ڈی ایم اے کے الرٹ کے مطابق پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے متعدد علاقوں میں سیلابی صورت حال کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے بتایا کہ شمالی خیبر پختونخواہ میں چترال، دیر، سوات، کالام، مانسہرہ، بٹگرام، ایبٹ آباد اور ہری پور میں شدید بارش کا امکان ہے، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور اچانک سیلابی صورت حال کا خدشہ ہے۔
الرٹ میں کہا گیا ہے کہ وسطی خیبر پختونخواہ میں مردان، صوابی، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، کوہاٹ اور ہنگو کے شہری علاقوں میں شدید سیلابی صورت حال کا خدشہ ہے۔
اسی طرح جنوبی خیبرپختونخواہ میں بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان، وزیرستان، کرم (پارہ چنار) اور باجوڑ کے نشیبی علاقوں میں سیلاب اور برساتی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق اسلام آباد اور شمالی پنجاب بشمول راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، تلہ گنگ میں ممکنہ شدید بارش کے باعث شہری اور نشیبی علاقوں میں سیلابی صورت حال ہوسکتی ہے۔
وسطی پنجاب میں میانوالی، خوشاب، سرگودھا شدید بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے، وسطی پنجاب میں فیصل آباد، منڈی بہاالدین، گجرات کے شہری علاقوں میں سیلاب، ندی نالوں میں طغیانی کا امکان ہے جبکہ شمال مشرقی پنجاب میں گوجرانوالہ، سیالکوٹ، حافظ آباد، نارووال میں موسلادھار بارش کے ساتھ سیلابی صورتحال ہوسکتی ہے۔
پنجاب میں لاہور، قصور، اوکاڑہ میں متوقع شدید تیز بارش کے باعث شہری علاقوں میں سیلابی صورت حال، دریائے جہلم کے بالائی علاقوں بشمول جہلم، پونچھ، مظفرآباد اور کانچی میں شدید بارشوں کا خدشہ ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث دریائے راوی اور ستلج میں سیلابی صورت حال اور ملحقہ ندی نالوں میں بھی طغیانی کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق شمالی بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، ژوب، زیارت، لورالائی، قلات، نوشکی، برکھان، سبی، ڈیرہ بگٹی، سوئی، خاران میں وقفے وقفے سے بارش اور شہری علاقوں میں سیلاب کا امکان ہے۔
جنوبی بلوچستان کے اضلاع بشمول خضدار، آواران، واشک، تربت، ہنگول، اورماڑہ، گڈانی میں شدیدبارش کا امکان ہے اور پہاڑی ندی نالوں میں اچانک سیلابی صورت حال کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے بتایا کہ شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسمی حالات سے آگاہ رہیں، گاڑیاں محفوظ جگہ پر پارک کریں، درختوں، سائن بورڈز اور کمزور تعمیرات سے دور رہیں اور برساتی نالوں، دریا کناروں اور لینڈ سلائیڈنگ کے حوالے سے حساس علاقوں کے سفر سے اجتناب کریں۔
الرٹ میں بتایا گیا کہ مقامی انتظامیہ اور این ڈی ایم اے کی ہدایات پر فوری عمل کریں جبکہ این ڈی ایم اے تمام متعلقہ اداروں کو ممکنہ خطرات کے حوالے سے بروقت آگاہی فراہم کر رہا ہے۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے تمام متعلقہ اداروں کو ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات اور تیاری کی ہدایت جاری کردی گئی ہیں اور شہری ممکنہ سیلابی صورت حال کے پیش نظر حساس علاقوں میں غیرضروری سفر سے گریز کریں۔
الرٹ کے ذریعے این ڈی ایم اے کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ تیز بہاؤ کی صورت میں ندی نالوں، پلوں اور پانی میں ڈوبی سڑکوں سے گزرنے سے گریز کریں، مقامی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے نشیبی علاقوں سے فوری نکاسی آب کے لیے ضروری مشینری اور پمپس تیار رکھیں۔