چناب بپھر گیا، ملتان شہر کو بچانے کے لیے ہیڈ محمد والا پر شگاف ڈالنے کی تیاری
اشاعت کی تاریخ: 29th, August 2025 GMT
ملتان:
دریائے چناب کی بپھری موجوں نے جنوبی پنجاب میں خطرے کی گھنٹیاں بجا دی ہیں، ملتان شہر کو ممکنہ تباہی سے بچانے کے لیے انتظامیہ نے ہیڈ محمد والا پر کنٹرولڈ شگاف ڈالنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ضلعی حکومت نے ہنگامی بنیادوں پر انخلاء کا عمل تیز کر دیا ہے اور 60 فیصد آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر وسیم حامد کے مطابق، اگر شگاف نہ ڈالا گیا تو شہر کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اگلے دو روز انتہائی نازک قرار دیے گئے ہیں کیونکہ دریائے چناب کا انتہائی طاقتور سیلابی ریلا جھنگ کے بعد اب ملتان کا رخ کر رہا ہے۔
ملتان کی تحصیل جلال پور پیروالا کے 18 دیہات پہلے ہی پانی کی لپیٹ میں آ چکے ہیں، مجموعی طور پر 138 سے زائد موضع جات متاثر ہوئے ہیں۔
ادھر مظفرگڑھ میں صورتحال نہایت سنگین ہو چکی ہے، جہاں 5 مقامات پر حفاظتی بند توڑنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں تاکہ چناب کے ممکنہ طغیانی ریلے کو قابو میں لایا جا سکے۔
سرگودھا کے علاقے کوٹ مومن میں پانی نے کھیتوں کو نگل لیا، فصلیں تباہ ہو گئیں اور مقامی دیہات کا زمینی رابطہ کٹ گیا۔
منڈی بہاالدین کی تحصیل پھالیہ کے 69 دیہات مکمل طور پر زیر آب آ چکے ہیں، جہاں راستے ختم ہو چکے ہیں اور لوگ محصور ہو گئے ہیں۔
حافظ آباد میں دھان اور چارے کی فصلیں سیلابی ریلے کی نذر ہو گئیں۔
گوجرانوالہ میں نالہ پلکھو اوور فلو ہونے سے دیہات کا رابطہ کٹ گیا، جب کہ وزیرآباد میں دریا کنارے آباد کئی بستیاں ڈوب گئیں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں 100 ڈالر سے تجاوز کر گئیں
گزشتہ تین ہفتوں سے تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جبکہ آج کی ٹریڈنگ کے دوران برینٹ آئل کی قیمت میں اب تک تقریباً 6.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اسلام ٹائمز۔ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جہاں برینٹ خام تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل کی سطح سے تجاوز کر گئی۔ عالمی ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کے مطابق گزشتہ تین ہفتوں سے تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جبکہ آج کی ٹریڈنگ کے دوران برینٹ آئل کی قیمت میں اب تک تقریباً 6.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق ایران اور خطے کے خلاف امریکی فوجی کارروائیوں کے بعد آبنائے ہرمز اور باب المندب میں بحری نقل و حمل متاثر ہونے اور دوبارہ بندش کے خدشات نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کو اوپر دھکیل دیا، جس کے باعث برینٹ خام تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی۔