سندھ میں سیلاب کا خدشہ؛ کچے کے عوام رشتےداروں یا ریلیف کیمپس میں منتقل ہوجائیں، شرجیل میمن
اشاعت کی تاریخ: 3rd, September 2025 GMT
کراچی:
سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن نے سیلاب کے خدشے کے پیش نظر کچے کے عوام سے اپنے رشتہ داروں یا حکومتی ریلیف کیمپس میں منتقل ہونے کی اپیل کر دی۔
اپنے بیان میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ملک بھر میں سیلاب نے گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور پنجاب سمیت مختلف علاقوں میں شدید تباہ کاریاں مچائی ہیں، اب یہ ریلا صوبہ سندھ میں داخل ہونے والا ہے۔
ایک ویڈیو بیان میں شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ نے صورت حال سے نمٹنے کے لیے مکمل اقدامات کر رکھے ہیں اور وزیراعلیٰ سندھ کی خصوصی ہدایات پر تمام وزراء اور متعلقہ ادارے متحرک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کچے کے عوام کے پاس بہت کم وقت رہ گیا ہے، اس لیے بروقت محفوظ مقامات پر منتقل ہونا ضروری ہے تاکہ کسی بڑے نقصان سے بچا جا سکے۔
شرجیل میمن نے واضح کیا کہ انتظامیہ آن گراؤنڈ موجود اور متحرک ہے اور عوام کی ہر ممکن مدد کے لیے تیار ہے، اگر لوگ اپنے رشتہ داروں یا ریلیف کیمپس میں منتقل ہونا چاہیں تو وہ بروقت اور باحفاظت جا سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر پانی پہنچ گیا تو عوام کو کشتیوں میں نکالنا پڑ سکتا ہے، جو کہ ایک بڑا چیلنج ہوگا اور اس دوران حادثات کا خدشہ بھی رہتا ہے۔
سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ کی جانب سے عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ ازخود محفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں تاکہ کوئی نقصان نہ ہو۔
Tagsپاکستان.
ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: پاکستان شرجیل انعام میمن
پڑھیں:
سندھ حکومت کراچی کی عوام سے زیادتیاں بند کرے، بلال سلیم قادری
اپنے بیان میں سیکرٹری جنرل پاکستان سنی تحریک نے کہا کہ سندھ حکومت اور شہری انتظامیہ عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے ان پر بوجھ ڈال رہی ہے، حکومت وقت کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں اور عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات کرنے چاہئیں، نہ کہ نئے نئے طریقوں سے ان کی جیبوں پر ڈاکا ڈالا جائے۔ اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ علامہ بلال سلیم قادری نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کراچی کی عوام کے ساتھ مسلسل زیادتیاں کر رہی ہے، شہری بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، پینے کا پانی، صفائی ستھرائی، سڑکوں کی مرمت اور نکاسی آب کے مسائل نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، سندھ حکومت اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے بجائے کراچی کے عوام کے مسائل حل کرے، حکمرانوں نے شہرِ قائد کو نظر انداز کرکے عوام کے صبر کا امتحان لیا ہے۔
بلال سلیم قادری نے کہا کہ کراچی ملک کی معاشی شہ رگ ہے، اگر کراچی کو تباہ کیا گیا تو پورے ملک کی معیشت متاثر ہوگی، حکومت وقت ہوش کے ناخن لے اور کراچی کے عوام سے زیادتیاں بند کرے۔ بلال سلیم قادری کا کہنا تھا کہ کراچی کے شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جا رہا ہے، کبھی بھاری ٹیکسوں کے نام پر تو کبھی ای چالان کے ذریعے عوام پر ظلم ڈھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور شہری انتظامیہ عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے ان پر بوجھ ڈال رہی ہے، حکومت وقت کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں اور عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات کرنے چاہئیں، نہ کہ نئے نئے طریقوں سے ان کی جیبوں پر ڈاکا ڈالا جائے۔