شرجیل میمن سے ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے وفد کی ملاقات، ریڈ لائن منصوبے پر تبادلہ خیال
اشاعت کی تاریخ: 3rd, September 2025 GMT
کراچی:
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن سے ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے اعلیٰ سطح وفد نے ملاقات کی جس میں ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے پر جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا گیا۔
ایشین ڈولپمینٹ بینک کے وفد میں ڈیوڈ مارگونز اسٹرن، سید عمر علی شاہ، حمید خان، فرانسوا لوئی گلیوم، احسن پراچہ اور وینجنگ پو شامل تھے، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن اور سی ای او ٹرانس کراچی فواد غفار سومرو بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس میں ریڈ لائن بی آر ٹی کے لاٹ ون اور لاٹ ٹو کے تحت جاری تعمیراتی سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی، ایشین ڈولپمینٹ بینک کے وفد نے ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے کو کراچی شہر کی سفری ضروریات کے لئے نہایت اہم قرار دیا۔
ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے وفد نے کہا کہ منصوبے کی بروقت اور معیاری تکمیل کے لئے مالی اور تکنیکی دونوں سطحوں پر ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
شرجیل انعام میمن نے گفتگو کے دوران کہا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی حکومت سندھ کا ترجیحی منصوبہ ہے جس سے روزانہ لاکھوں شہری مستفید ہوں گے، منصوبے پر کام کی رفتار تیز کرنے کے لئے تمام متعلقہ ادارے قریبی رابطے میں رہیں اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دیں۔
شرجیل انعام میمن کا مزید کہنا تھا کہ منصوبے کی تکمیل سے شہریوں کو محفوظ، تیز اور کم لاگت سفری سہولت میسر ہوگی اور شہر کے ٹریفک نظام میں نمایاں بہتری آئے گی، اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی کی بروقت تکمیل کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز مشترکہ حکمت عملی اپنائیں گے۔
.
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ریڈ لائن بی آر ٹی بینک کے وفد
پڑھیں:
شرجیل میمن اور ناصر شاہ کی یوٹونگ بس کمپنی کو سندھ میں سرمایہ کاری کی دعوت
کراچی:سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے چین میں یوٹونگ بس کمپنی کے حکام سے ملاقات کرکے انہیں سندھ میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
ملاقات میں سندھ میں ٹرانسپورٹ اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی بات چیت ہوئی، ٹرانسپورٹ و متبادل توانائی کے شعبوں میں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
یوٹونگ کے حکام نے وزراء کو اپنی نئی اور جدید ماڈل بسوں کے بارے میں بریفنگ دی، یوٹونگ حکام نے پاکستان بالخصوص سندھ میں بسیں متعارف کرانے میں دلچسپی کا اظہار بھی کیا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت شہریوں کو معیاری اور محفوظ ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، دھابیجی اسپشل اکنامک زون غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے بہت بڑا موقع ہے، سرمایہ کاروں کو دس سالہ ٹیکس چھوٹ دی جارہی ہے۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ دھابیجی انڈسٹریل زون میں حکومت سندھ کی جانب سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں گی، سندھ میں ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت صوبے کے دیگر شہروں میں عوام کو معیاری بس سروس فراہم کرنا ہماری ترجیح ہے، ہم چاہتے ہیں کہ یوٹونگ جیسے بین الاقوامی ادارے پاکستان آئیں اور جدید بسیں تیار کر کے یہاں کی مارکیٹ کی ضروریات کو پورا کریں، سندھ حکومت سرمایہ کاروں کو مکمل سہولتیں اور تحفظ فراہم کرے گی۔
سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ سندھ میں ماحول دوست اور توانائی کے متبادل ذرائع پر مبنی پبلک ٹرانسپورٹ متعارف کرائی جائے، یوٹونگ بسیں ماحول دوست اور توانائی کے متبادل ذرائع کے حوالے سے بہترین آپشن ثابت ہو سکتی ہیں۔
سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت شفاف سرمایہ کاری کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گی، عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور سرمایہ کاروں کو پائیدار کاروباری ماحول کی فراہمی حکومت سندھ کا عزم ہے۔