کراچی؛ کورنگی عید گاہ گراؤنڈ کے قریب 35سالہ شخص کی لاش برآمد، تحقیقات جاری
اشاعت کی تاریخ: 5th, September 2025 GMT
کراچی:
کورنگی نمبر ساڑھے تین عیدگاہ گراؤنڈ کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، مقتول لانڈھی نمبر تین کا رہائشی تھا۔
تفصیلات کے مطابق عوامی کالونی کے علاقے کورنگی نمبر ساڑھے 3 عید گاہ گراؤنڈ کے قریب جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب 35 سالہ شخص کی لاش ملی جسے فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا، مقتول کے قریب سے اس کی موٹر سائیکل بھی ملی ہے جو پولیس نے قبضے میں لے کر تھانے منتقل کی۔
مقتول کی لاش قانونی کارروائی کے لیے چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئی، جس کی شناخت 35 سالہ محمد راحیل ولد محمد ہاشم کے نام سے کی گئی، مقتول لانڈھی نمبر 3 کا رہائشی تھا۔
ایس ایچ او عوامی کالونی انسپکٹر خالد میمن نے بتایا کہ مقتول کے ماتھے اور چہرے پر منہ کے پاس گولیاں ماری گئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کورنگی نمبر ڈھائی پل کے نیچے سے دو نائن ایم ایم پستول کے خول ملے ہیں، شبہ ہے کہ مقتول فائرنگ سے زخمی ہونے کے بعد کورنگی ساڑھے تین تک موٹر سائیکل چلا کر لایا اور پھر وہاں گر کر جاں بحق ہوگیا، تاہم مقتول کو لگنے والی گولیاں دیکھ کر ممکن نہیں کہ وہ اتنی دور موٹر سائیکل چلا سکے۔
عینی شاہدین کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار دو افراد جو پولیس کی وردی میں ملبوس تھے، وہ موٹر سائیکل سوار کا تعاقب کر رہے تھے، پولیس کی وردی میں ملبوس افراد نے موٹر سائیکل سوار کو روک کر اس پر فائرنگ کی۔
ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ اس بات کی تصدیق ہوگئی کہ نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان مقتول کے پیچھے لگے ہوئے تھے، مقتول کی موٹر سائیکل 125 ہے تاہم ملزمان مقتول کی نہ تو موٹر سائیکل لیکر گئے اور نہ ہی کوئی اور چیز لے کر گئے۔
عوامی کالونی پولیس سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد اور عینی شاہدین کے بیانات کی روشنی میں واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: موٹر سائیکل کے قریب
پڑھیں:
کراچی، سی ویو کے قریب کار سے خاتون سمیت 2 افراد کی لاشیں برآمد
کراچی کے علاقے کلفٹن سی ویو کے قریب اپارٹمنٹ کی پارکنگ میں گاڑی سے خاتون سمیت دو افراد کی لاشیں ملی ہیں۔
پولیس کے مطابق مرد کی شناخت شہباز ملک کے نام سے ہوئی، جو ریٹائرڈ سرکاری افسر تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر گاڑی میں گیس بھرنے سے موت واقع ہوئی ہو۔
دوسری جانب لیاری چاکیواڑہ میں فلیٹ سے ایک شخص کی لاش ملی ہے۔