پنجاب کے دریاؤں میں سیلاب سے نقصانات؛ اموات 49 ہوگئیں، تقریباً 39لاکھ افراد متاثر
اشاعت کی تاریخ: 5th, September 2025 GMT
لاہور:
ملک کے بالائی علاقوں میں موسلادھار بارشوں کے بعد دریائے راوی، ستلج اور چناب میں سیلاب کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 49 ہوگئی جبکہ مجموعی طور پر 38 لاکھ 92 ہزار لوگ متاثر ہوئے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے سیلاب کے باعث ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی۔
ریلیف کمشنر پنجاب کے مطابق دریائے راوی، ستلج اور چناب میں شدید سیلابی صورتحال کے باعث 3900 سے زائد موضع جات متاثر ہوئے۔ سیلاب میں پھنس جانے والے 18 لاکھ 39 ہزار لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
شدید سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں 415 ریلیف کیمپس اور 466 میڈیکل کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔ مویشیوں کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کرنے کے لیے 398 ویٹرنری کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔
ریلیف کمشنر نبیل جاوید نے بتایا کہ متاثرہ اضلاع میں ریسکیو وہ ریلیف سرگرمیوں میں 13 لاکھ 42 ہزار جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
منگلا ڈیم 87 فیصد جبکہ تربیلا ڈیم 100 فیصد تک بھر چکا ہے۔ دریائے ستلج پر موجود انڈین بھاکڑا ڈیم 84 فیصد، پونگ ڈیم 98 فیصد جبکہ تھین ڈیم 92 فیصد تک بھر چکا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر شہریوں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
قادر آباد بیراج پر اونچے درجے کا سیلاب، چناب میں پانی کا بہاؤ بڑھ گیا
محکمہ انہار کے مطابق قادر آباد بیراج پر پانی کی آمد 2 لاکھ 45 ہزار 234 کیوسک جبکہ اخراج 2 لاکھ 41 ہزار 415 کیوسک ریکارڈ کیا گیا، جہاں اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ اسلام ٹائمز۔ دریائے چناب میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کے بعد قادر آباد بیراج پر اونچے جبکہ مرالہ اور خانکی بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ انہار کے مطابق ہیڈ مرالہ پر پانی کی آمد ایک لاکھ 95 ہزار 856 کیوسک جبکہ اخراج ایک لاکھ 60 ہزار 108 کیوسک ریکارڈ کیا گیا، جہاں درمیانے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو رہا ہے۔
خانکی بیراج پر پانی کی آمد ایک لاکھ 65 ہزار 438 کیوسک اور اخراج ایک لاکھ 60 ہزار 108 کیوسک ریکارڈ کیا گیا، جہاں نچلے سے درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔ محکمہ انہار کے مطابق قادر آباد بیراج پر پانی کی آمد 2 لاکھ 45 ہزار 234 کیوسک جبکہ اخراج 2 لاکھ 41 ہزار 415 کیوسک ریکارڈ کیا گیا، جہاں اونچے درجے کا سیلاب ہے۔