عافیہ صدیقی کی رہائی کیس میں اہم پیش رفت، اسلام آباد ہائیکورٹ کا لارجر بینچ تشکیل
اشاعت کی تاریخ: 5th, September 2025 GMT
ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی سے متعلق دائر درخواست میں ایک بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیراعظم اور وفاقی کابینہ کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کے لیے چار رکنی لارجر بینچ تشکیل دے دیا ۔
کیس کی سماعت 10 ستمبر کو مقرر کی گئی جس کی صدارت جسٹس ارباب محمد طاہر کریں گے۔ دیگر ججز میں جسٹس خادم حسین سومرو، جسٹس اعظم خان اور جسٹس راجہ انعام امین منہاس شامل ہیں۔
یہ کیس اس وقت توجہ کا مرکز بنا جب گزشتہ سماعت پر جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے وزیراعظم اور کابینہ ارکان کو توہین عدالت کے نوٹسز جاری کیے تھے۔ ان کا مؤقف تھا کہ عدالتی احکامات کے باوجود ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے حکومتی اقدامات غیر تسلی بخش ہیں۔
بعد ازاں جسٹس سردار اعجاز کو ٹیکس مقدمات کے لیے سپیشل ڈویژن بینچ کا حصہ بنا دیا گیا، جس کے بعد سنگل بینچ کے مقدمات، بشمول یہ کیس، دوسرے ججوں کو منتقل کر دیے گئے۔ یکم ستمبر کو جسٹس راجہ انعام امین منہاس نے معاملہ چیف جسٹس کو لارجر بینچ بنانے کے لیے بھیجا تھا، جس پر اب باقاعدہ بنچ تشکیل دے دیا گیا ہے۔
ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے معاملے پر عوامی حلقوں، انسانی حقوق تنظیموں اور مختلف سیاسی و سماجی شخصیات کی جانب سے بھی مسلسل دباؤ موجود ہے، اور اب اس کیس میں عدالتی کارروائی ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہی ہے۔
مزید پیش رفت اور 10 ستمبر کی سماعت پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے، جو ممکنہ طور پر ڈاکٹر عافیہ کے کیس میں اہم سنگ میل ثابت ہو سکتی ہے۔
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: عافیہ صدیقی کی رہائی ڈاکٹر عافیہ کے لیے
پڑھیں:
خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، پنجاب اور کشمیر میں تیز بارشوں کی پیشگوئی، لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ
محکمہ موسمیات کے مطابق موسلادھار بارشوں کے باعث اسلام آباد/راولپنڈی، پشاور، نوشہرہ، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، ساہیوال، خانیوال، ملتان اور فیصل آباد میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔ اسلام ٹائمز۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران موسلادھار بارشوں کے سبب خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے اس حوالے سے انتباہ جاری کردیا جس میں کہا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کشمیر، مری، گلیات، شمال مشرقی پنجاب، اسلام آباد، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی ندی نالوں اور شمال مشرقی بلوچستان کے مقامی/ بر ساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق موسلادھار بارشوں کے باعث اسلام آباد/راولپنڈی، پشاور، نوشہرہ، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، ساہیوال، خانیوال، ملتان اور فیصل آباد میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔ موسلادھار بارش، تیز آندھی اور آسمانی بجلی گرنے کے باعث کمزور تعمیرات (سولر پینلز، بجلی کے کھمبے، بل بورڈز وغیرہ) کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔