شاہد آفریدی کا باجوڑ کا خصوصی دورہ، 20 لاکھ روپے امداد کا اعلان
اشاعت کی تاریخ: 6th, September 2025 GMT
سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم شاہد آفریدی نے باجوڑ کا خصوصی دورہ کیا اور متاثرین کے لیے 20 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا۔
سیکیورٹی کے سخت انتظامات کے باوجود عوام کی بڑی تعداد اپنے محبوب کرکٹر کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے امڈ آئی۔
آفریدی کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور ان کی آمد پر ہر چہرے پر خوشی کے رنگ نمایاں تھے۔
دورے کے دوران شاہد آفریدی نے گورنمنٹ کامرس کالج میں قائم متاثرین کیمپ کا معائنہ کیا، متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔
اس موقع پر انہوں نے متاثرین کے لیے 20 لاکھ روپے امداد دینے کا اعلان کیا، جس پر متاثرہ خاندانوں نے خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا۔
شاہد آفریدی نے باجوڑ کی خواتین اور لڑکیوں کے لیے ایک وکیشنل سینٹر قائم کرنے کا وعدہ بھی کیا تاکہ وہ ہنر سیکھ کر اپنے مستقبل کو بہتر بنا سکیں۔
قومی کرکٹر نے متاثرہ بچوں اور بچیوں میں اسکول بیگز، کتابیں اور کھیلوں کا سامان تقسیم کیا تاکہ وہ تعلیم اور صحت مند سرگرمیوں کو جاری رکھ سکیں۔
اپنے دورے کے دوران شاہد آفریدی نے گورنمنٹ کامرس کالج باجوڑ میں بی ایس کمپیوٹر سائنس ڈپارٹمنٹ کا افتتاح بھی کیا۔
اس موقع پر شاہد آفریدی نے کہا کہ شاہد آفریدی فاونڈیشن کی طرف سے متاثرین آپریشن کی مدد جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ باجوڑ کی سرزمین انتہائی خوبصورت اور یہاں کے عوام کافی مہمان نواز اور باصلاحیت ہیں۔
شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ باجوڑ میں کرکٹ کھیلنے والے باصلاحیت نوجوان موجود ہیں اور میری ذاتی کوشش ہوگی کہ انہیں ملک کی اچھی اکیڈمیوں میں داخل کرواسکوں۔
شاہد آفریدی نے متاثرین آپریشن کے بچوں کے ساتھ سیلفیاں بھی لیں اور ان میں اسپورٹس کا سامان بھی تقسیم کیا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: شاہد آفریدی نے کے لیے
پڑھیں:
گجرات: چودھری پرویزالٰہی کا سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ، متاثرین میں راشن تقسیم
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویزالٰہی نے گجرات میں سیلاب زدہ یونین کونسل مدینہ اور یونین کونسل سوک کلاں کا دورہ کیا اور سیلاب متاثرین میں راشن تقسیم کیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ جب یہاں سیلاب آیا تو سب سے پہلے ہماری طرف سے امداد پہنچی، بعد میں مخالفین نے صرف نمائشی دورے کیے، حکومت غریب عوام سے ناجائز ٹیکس لے کر جو رقم جمع کرتی ہے، وہی یہاں تقسیم کر رہی ہے جبکہ ن لیگ کے وزیروں نے اپنی جیب سے ایک روپیہ بھی نہیں دیا۔
یہ بھی پڑھیے: وزیراعظم شہباز شریف کا سیلاب متاثرین کے لیے ریلیف پیکج کا اعلان
چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ ہمارا فرض ہے کہ اس مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑے ہوں۔ ہم آپ کے دکھ سکھ میں شامل ہیں تاکہ آپ کی تکلیف کم کرسکیں۔ موجودہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے لوگوں کے گھروں میں پانی داخل ہوا اور پنجاب بھر میں فصلیں تباہ ہوئیں، لوگ بے روزگار ہوئے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ اپنے دور میں ضلع گجرات میں بڑے ترقیاتی منصوبے لائے تھے۔ مونس الٰہی نے صرف موضع سوک کلاں میں 14 کروڑ روپے کے ترقیاتی کام کروائے، لیکن اس حکومت نے انہیں برباد کر دیا۔ اگر ہمارے منصوبے بند نہ کیے جاتے تو آج گجرات کا یہ حال نہ ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت آتے ہی ترقیاتی منصوبے روک دیتی ہے جس سے نہ صرف پنجاب بلکہ پورا ملک تباہی کا شکار ہو جاتا ہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
پرویز الہی راشن سیلاب متاثرین