ریلوے اسٹیشن پر راتیں گزارنے پر مجبور نوجوان اداکار کیسے بنا؟
اشاعت کی تاریخ: 8th, September 2025 GMT
بھارتی ٹی وی انڈسٹری کے اداکار یوگیش تریپاٹھی وہ اداکار ہیں جو کبھی سڑکوں پر قلم فروخت کیا کرتے تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مشہور ڈرامے بھابھی جی گھر پر ہیں کہ کردار ہاپو سنگھ سے شہرت پانے والے یوگیش تریپاٹھی وہ اداکار ہیں جن کے پاس کبھی رہنے کو گھر نہیں تھا اور وہ ممبئی کے چھترپتی شیواجی ٹرمینل ریلوے اسٹیشن پر راتیں گزارنے پر مجبور تھے۔
اداکار بننے کا شوق دل میں لیے یوگیش 2004 میں اتر پردیش سے ممبئی منتقل ہوئے۔ اسٹیج پر بطور بیک گراؤنڈ آرٹسٹ کام کیا اور اخراجات پورے کرنے کیلئے سڑکوں پر قلم بھی فروخت کیے۔
یوگیش کے مطابق وہ اپنے گھر والوں کو جھوٹ بولتے رہے کہ وہ کمپیوٹر کورس کر رہے ہیںاور تھیٹر کرتے رہے۔ جس کے بعد 2007 میں یوگیش کو ایک اشتہار سے ٹی وی اسکرین پر آنے کا موقع ملا اور انہیں مشہور ڈرامے ایف آئی آر میں ایک کردار ملا جس کے بعد متعدد پراجیکٹس کا حصہ بنے۔
کامیڈی ڈرامہ بھابھی جی گھر پر ہیں، میں یوگیش کو ان کے کردار ہاپو سنگھ سے خوب شہرت ملی اور اب وہ 4 گھروں کے مالک ہیں جبکہ قریب 24 لاکھ روپے ماہانہ کماتے ہیں۔
یوگیش کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ مقام حاصل کرنے کیلئے خوب محنت اور لگن سے کام کیا اور اب بھی وہ اپنے کام سے بےحد محبت کرتے ہیں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
ہالی ووڈ کے عالمی شہرت یافتہ اداکار رابرٹ ریڈفورڈ انتقال کر گئے
ہالی ووڈ کے آسکر ایوارڈ یافتہ عظیم اداکار اور ڈائریکٹر رابرٹ ریڈفورڈ 89 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اداکار کو جب صبح نیند سے بیدار کرنے کی کوشش کی کیی گئی تو وہ مردہ پائے گئے۔
وہ کافی عرصے سے نقاہت اور عمر رسیدگی سے جڑے دیگر امراض میں مبتلا تھے اور مختلف دوائیں لے رہے تھے۔
ریڈفورڈ کو نہ صرف آسکر ایوارڈ یافتہ اداکار کے طور پر بلکہ ایک بااثر فلم ساز اور سنڈینس انسٹی ٹیوٹ کے بانی کے طور پر بھی جانا جاتا تھا۔
1937 میں سینٹا مونیکا، کیلیفورنیا میں پیدا ہونے والے ریڈفورڈ نے ابتدا میں پینٹنگ کی تربیت حاصل کی لیکن بعد میں اداکاری کی طرف راغب ہوئے اور جلد ہی براد وے اور پھر فلم انڈسٹری میں قدم رکھا۔
ان کی پہلی فلم Warhunt 1962 میں ریلیز ہوئی، جبکہ 1967 کی کامیڈی Barefoot in the Park سے انہیں پہچان ملی۔
ان کا سب سے بڑا بڑا کارنامہ Indie Films کو عالمی سطح پر فروغ دینا ہے۔ کیریئر کے آغاز میں ہی رومانوی فلموں جیسے Out of Africa میں شائقین کے دل جیت لیے تھے۔
علاوہ ازیں The Candidate اور All the President’s Men میں سیاسی موضوعات پر کام کیا جبکہ The Electric Horseman اور Indecent Proposal جیسی فلموں میں اپنے "گولڈن بوائے" امیج کو چیلنج بھی کیا۔
1980 میں بطور ہدایتکار ڈیبیو فلم Ordinary People نے بہترین فلم اور بہترین ڈائریکٹر کے آسکر ایوارڈز جیتے۔
تاہم وہ سب سے زیادہ مشہور اپنی دو فلموں Butch Cassidy and the Sundance Kid (1969) اور The Sting (1973) میں ہوئے جو انہوں نے اداکار پال نیومین کے ساتھ کیں اور آج بھی یہ فلمیں کلاسکس شمار ہوتی ہیں۔
ریڈفورڈ کی نجی زندگی بھی خبروں میں رہی۔ وہ ایک طویل عرصے تک پہلی بیوی کے ساتھ رشتہ ازدواج میں رہے جس کا 1985 میں خاتمہ ہوا۔ 2009 میں انہوں نے جرمن آرٹسٹ سبائل زاگارز سے شادی کی۔
اداکاری کے علاوہ وہ ماحولیاتی مہمات کے بھی بڑے حامی تھے اور National Wildlife Federation جیسے اداروں کے ساتھ کام کرتے رہے۔
ریڈفورڈ کو 2001 میں لائف ٹائم اچیومنٹ آسکر ملا اور وہ 2017 تک فلم انڈسٹری میں سرگرم رہے۔ ان کی آخری نمایاں فلم Our Souls at Night تھی جس میں انہوں نے اپنی پرانی ساتھی اداکارہ جین فونڈا کے ساتھ کام کیا۔