پنجاب میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری، 3 جاں بحق، 9 لاپتہ، لاکھوں ایکڑ فصلیں متاثر
اشاعت کی تاریخ: 11th, September 2025 GMT
ملتان، بہاولپور (نیوز ڈیسک) پنجاب کے مختلف اضلاع میں سیلاب کی شدت برقرار ہے، کشتیوں کے حادثات اور دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث مزید جانی و مالی نقصانات سامنے آئے ہیں۔
خان بیلہ اور موہانہ سندیلہ میں متاثرین کو منتقل کرنے والی کشتیاں الٹ گئیں۔ موہانہ سندیلہ میں چار سالہ بچہ جاں بحق ہوا، 18 افراد کو زندہ نکال لیا گیا جبکہ 9 افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ خان بیلہ میں کشتی ڈوبنے سے دو ماہ کا بچہ جاں بحق ہوگیا۔ مظفرگڑھ کی تحصیل علی پور کے علاقے لتی ماڑی میں بھی کشتی الٹنے کا واقعہ پیش آیا تاہم تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ بہاولنگر کی بستی کلر والی میں دریائے ستلج میں 12 سالہ بچہ ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔
اوچ شریف روڈ پر شگاف
ملتان کے قریب جلال پور شہر کو بچانے کے لیے اوچ شریف روڈ پر شگاف ڈال دیا گیا۔ حکام کے مطابق عارضی بند پر پانی کا دباؤ کم نہ ہونے پر یہ اقدام کیا گیا۔
لیاقت پور نوروالا میں تباہی
رحیم یارخان کی تحصیل لیاقت پور نوروالا میں کئی دہائیوں بعد خشک دریائی علاقے میں دریائے چناب کا پانی داخل ہوگیا جس سے افراتفری مچ گئی۔ ہزاروں افراد کو ریسکیو آپریشن کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انسانی جانوں کے تحفظ اور مالی نقصان کو کم سے کم رکھنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
ہیڈ پنجند پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب
دریائے چناب میں ہیڈ پنجند کے مقام پر پانی کی سطح چھ لاکھ 68 ہزار کیوسک سے تجاوز کر گئی ہے، جو سمکہ چاچڑاں کی طرف بڑھ رہا ہے۔ گزشتہ دنوں پانی کے اخراج میں کمی کے بعد اب ایک بار پھر پانی کی سطح بلند ہونا شروع ہوگئی ہے۔ دریائے سندھ میں تونسہ بیراج کے مقام پر بھی دو لاکھ کیوسک کے قریب ریلا موجود ہے۔ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر ایک لاکھ 82 ہزار کیوسک سے زیادہ کا پانی بہہ رہا ہے۔ حکام کے مطابق بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔
زرعی معیشت کو بھاری نقصان
سیلاب سے پنجاب کی زرعی معیشت کو شدید دھچکا لگا ہے۔ اب تک 21 لاکھ 25 ہزار 838 ایکڑ زرعی رقبہ متاثر ہو چکا ہے۔ کپاس کی ایک لاکھ 10 ہزار 850 ایکڑ، چاول کی 9 لاکھ 70 ہزار 929 ایکڑ، مکئی کی ایک لاکھ 86 ہزار 419 ایکڑ اور گنے کی 2 لاکھ 20 ہزار 344 ایکڑ فصل تباہ ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ 4 لاکھ 500 ایکڑ پر چارے اور ایک لاکھ 15 ہزار 260 ایکڑ پر سبزیوں کی فصل بھی متاثر ہوئی ہے۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: ایک لاکھ
پڑھیں:
افغانستان کا معاملہ پیچیدہ، پاکستان نے بہت نقصان اٹھایا ہے، اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان
اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ افغانستان کا معاملہ نہایت پیچیدہ ہے جس کے باعث پاکستان کو بڑے پیمانے پر نقصان اٹھانا پڑا۔
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملک احمد خان نے کہا کہ دہشت گردی نے پاکستان کے ہر طبقے کو متاثر کیا — طلبہ سے لے کر وکلا تک کوئی طبقہ محفوظ نہیں رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پراکسیز کے ذریعے جنگ کے نتائج کبھی بھی اچھے نہیں ہوتے، اور نہ ہی بھارت کو ایسے اقدامات سے مثبت نتائج حاصل ہوں گے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے مزید کہا کہ علاقائی امن و استحکام کے لیے تمام ممالک کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ خطے میں پائیدار امن ممکن بنایا جا سکے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
احمد خان ملک اسپیکر پنجاب اسمبلی پنجاب