Daily Mumtaz:
2025-09-19@09:18:55 GMT

ایشیاکپ:بھارت سے میچ سے قبل پاکستان کا بڑا مطالبہ

اشاعت کی تاریخ: 19th, September 2025 GMT

ایشیاکپ:بھارت سے میچ سے قبل پاکستان کا بڑا مطالبہ

دبئی(سپورٹس ڈیسک) ایشیا کپ 2025 کے سپر فور مرحلے میں پاک بھارت ٹاکرے سے قبل پاکستان نے بھارت کو دو ٹوک پیغام دیا ہے کہ کرکٹ کے میدان کو سیاست کا اکھاڑہ نہ بنایا جائے اور میچ ’’اسپرٹ آف کرکٹ‘‘ کے تحت کھیلا جائے۔

دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں اتوار کو ہونے والے اس میچ سے پہلے پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے بین الاقوامی کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) کو اپنے تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ میچ کے آفیشلز کو پہلے ہی واضح ہدایات دی جائیں تاکہ کھیل کے دوران کسی قسم کی سیاسی حرکت نہ ہو۔

یہ خدشات اس وقت پیدا ہوئے جب ابتدائی مرحلے میں کھیلے گئے پاک بھارت میچ میں بھارتی ٹیم کے رویے نے کرکٹ کے کھیل کے آداب کو نقصان پہنچایا۔ اس میچ میں ٹاس کے دوران بھارتی کپتان نے پاکستانی قائد سے مصافحہ نہیں کیا اور میچ کے اختتام پر بھی بھارتی کھلاڑیوں نے پاکستانی کرکٹرز کے ساتھ ہاتھ ملانے سے گریز کیا۔

بھارتی بلے باز سوریا کمار یادو نے میچ کے بعد اپنے انٹرویو میں سیاسی بیانات دیے جبکہ میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کے متنازع فیصلوں نے صورتحال کو مزید کشیدہ کر دیا۔ پی سی بی نے اس رویے پر آئی سی سی سے باضابطہ شکایت درج کرائی اور پائی کرافٹ کو تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا، بصورت دیگر بائیکاٹ کی دھمکی بھی دی۔ بعد ازاں ریفری کی معافی اور آئی سی سی کی انکوائری کی یقین دہانی کے بعد پاکستان اور یو اے ای کے درمیان میچ ایک گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق سپر فور کے لیے اب تک امپائرز اور ریفریز کی تقرری نہیں کی گئی، تاہم اینڈی پائی کرافٹ کے ساتھ رچی رچرڈسن کا نام بھی زیرِ غور ہے۔ ٹیم مینجمنٹ نے کھلاڑیوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ میدان سے باہر کے معاملات سے دور رہتے ہوئے اپنی توجہ صرف کھیل پر مرکوز رکھیں اور بھارت کے خلاف جیت کو یقینی بنائیں۔

دوسری جانب پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے واضح کیا ہے کہ ان کی ٹیم بھارت سمیت ہر حریف کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔ یو اے ای کے خلاف کامیابی کے بعد انہوں نے اعتراف کیا کہ مڈل آرڈر بیٹنگ میں بہتری کی ضرورت ہے تاکہ اگلے میچز میں 170 رنز کے ہدف تک باآسانی پہنچا جا سکے۔ سلمان نے شاہین آفریدی اور صائم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگر ٹیم نے گزشتہ چار ماہ کی طرح کھیل پیش کیا تو کسی بھی حریف کے لیے پاکستان کو ہرانا مشکل ہوگا۔

Post Views: 7.

ذریعہ: Daily Mumtaz

پڑھیں:

ایشیاءکپ میں ہاتھ ملانے کا تنازعہ،بھارتی کرکٹ بورڈکا بیان آگیا

پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشیا کپ کا اہم میچ 14 ستمبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جہاں بھارت نے 7 وکٹوں سے کامیابی تو حاصل کر لی لیکن کھیل کے دوران اور بعد میں اسپورٹس مین اسپرٹ کے حوالے سے بھارتی رویے پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔ میچ کے آغاز پر ٹاس کے وقت بھارتی کپتان سوریا کمار یادو نے پاکستانی کپتان سے ہاتھ ملانے سے انکار کیا، جب کہ میچ ختم ہونے کے بعد بھارتی کھلاڑیوں نے روایتی طور پر ہاتھ نہ ملا کر کھیل کے آداب کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی۔ کرکٹ ماہرین اور شائقین کے مطابق کھیل ہارنے یا جیتنے سے زیادہ اہم بات اسپورٹس مین اسپرٹ ہوتی ہے، جسے بھارتی ٹیم نے نظر انداز کر دیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ چند روز قبل اسی اسٹیڈیم میں بھارتی کپتان سوریا کمار یادو نے پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی سے مصافحہ کیا تھا، جس پر بھارت میں انہیں شدید ردعمل اور سوشل میڈیا پر کڑی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ ناقدین کے مطابق اسی دباؤ کے تحت بھارتی ٹیم نے پاکستان کے کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے گریز کیا۔ اس تنازع پر بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے ایک سینئر عہدیدار نے وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھیل کے قوانین میں ایسا کوئی ضابطہ نہیں ہے جو کھلاڑیوں کو مخالف ٹیم سے ہاتھ ملانے پر مجبور کرے۔ بھارتی نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "یہ محض خیرسگالی کا جذبہ اور کھیلوں میں ایک رائج کنونشن ہے، کوئی قانونی تقاضا نہیں۔" بی سی سی آئی آفیشل کے مطابق اگر کسی ٹیم کے ساتھ تعلقات کشیدہ ہوں تو بھارتی کھلاڑی اس سے ہاتھ ملانے کے پابند نہیں ہیں۔ ان کے بقول کھیل کے میدان میں جذباتی یا سیاسی عوامل کو نظرانداز کرنا مشکل ہوتا ہے، لہٰذا بھارت نے محض اپنی پالیسی کے مطابق رویہ اپنایا۔ تاہم ماہرین کا ماننا ہے کہ کھیل سیاست سے بالاتر ہوتا ہے اور ایسی روش نہ صرف کھیل کی روح کے منافی ہے بلکہ اس سے شائقین کرکٹ میں مایوسی بھی بڑھتی ہے۔

متعلقہ مضامین

  • بھارت کا ایک اور ڈرامہ، پاکستانی ٹیم کو نئے تنازع میں ملوث کرنے کی کوشش
  • بھارت کرکٹ فیلڈ کو دوبارہ سیاسی اکھاڑہ نہ بنائے، پاکستان کا مطالبہ
  • پاک سعودیہ دفاعی معاہدے کے ممکنہ اثرات پر توجہ مرکوز ہے، بھارتی وزارت خارجہ
  • ایشیاکپ: پاکستان کرکٹ ٹیم کی ہوٹل سے اسٹیڈیم روانگی روک دی گئی،اعلی سطح مشاورت جاری
  • مشاہد حسین سید کا پاکستان کو بھارت کے ساتھ نہ کھیلنے کا مشورہ
  • بھارتی کرکٹ ٹیم یا بی جے پی کا اشتہاری بورڈ
  • ایشیا کپ تنازع: دبئی میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی آج ہونے والی پریس کانفرنس ملتوی
  • آئی سی سی نے پاکستان کا مطالبہ مسترد کرکے بورڈ کو آگاہ کردیا، پی سی بی ایونٹ سے دستبرداری کے مؤقف پر قائم
  • ایشیاءکپ میں ہاتھ ملانے کا تنازعہ،بھارتی کرکٹ بورڈکا بیان آگیا