منی بجٹ کی خبریں بے بنیاد ہیں، چیئرمین ایف بی آر کا بیان
اشاعت کی تاریخ: 19th, September 2025 GMT
اسلام آباد سے جاری خبروں کے مطابق چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے ملک میں منی بجٹ آنے کی خبروں کی سختی سے تردید کی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کی تیاری مکمل کرلی ہے تاہم اضافی ٹیکسوں کے لیے منی بجٹ لانے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔
چیئرمین ایف بی آر نے وضاحت کی کہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے تناظر میں مختلف آپشنز پر غور کیا گیا ہے لیکن ٹیکس ریونیو ہدف میں ردوبدل سے متعلق کوئی حتمی فیصلہ ابھی تک سامنے نہیں آیا۔ دوسری طرف ایف بی آر کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان آئی ایم ایف سے ٹیکس ہدف میں 300 ارب روپے کمی کی درخواست کرے گا تاکہ موجودہ حالات میں ریونیو کے اہداف حقیقت پسندانہ بن سکیں۔
ذرائع کے مطابق کوشش کی جارہی ہے کہ موجودہ مالی سال کے ٹیکس ہدف کو 14 ہزار ارب روپے سے نیچے لایا جائے۔ تاہم یہ بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی بحالی اور ٹیکس اہداف پورے کرنے کے لیے محدود پیمانے پر منی بجٹ لانے پر غور کیا جاسکتا ہے۔
اطلاعات کے مطابق مجوزہ منی بجٹ میں لگژری گاڑیوں، سگریٹس، الیکٹرانک سامان اور دیگر غیر ضروری درآمدی اشیاء پر ٹیکس بڑھانے کی تجویز دی جاسکتی ہے۔ اس کے علاوہ فیڈرل فلڈ لیوی کے نفاذ پر بھی غور کیا جارہا ہے تاکہ تعمیر نو کے اخراجات پورے کیے جا سکیں۔ یوں سرکاری سطح پر منی بجٹ کی تردید کے باوجود امکانات کو مکمل طور پر رد نہیں کیا گیا۔
.ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: ایف بی آر
پڑھیں:
اگست میں سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح 3 فیصداضافہ
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔17 ستمبر ۔2025 )اگست میں سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح 3 فیصد تک بڑھنے کے بعد پاکستان میں ستمبر کے دوران ہیڈ لائن افراطِ زر میں نمایاں اضافہ متوقع ہے، جو حالیہ سیلاب کے باعث خوراک کی قیمتوں میں اضافے کے نتیجے میں 6.5 فیصد تک پہنچ سکتی ہے یہ بات بروکریج ہاﺅس ٹاپ لائن سیکیورٹیز نے اپنی رپورٹ میں بتائی ہے. رپورٹ کے مطابق پاکستان کا کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی) ستمبر 2025 میں 6.5 سے 7 فیصد سالانہ رہنے کی توقع ہے، جو اگست 2025 میں 3 فیصد اور ستمبر 2024 میں 6.93 فیصد تھا ماہانہ بنیاد پر ستمبر کے لیے مہنگائی کا تخمینہ 3.1 فیصد ہے، جو گزشتہ 26 ماہ میں سب سے زیادہ اضافہ ہوگا.(جاری ہے)
رپورٹ میں کہا گیا کہ سالانہ افراطِ زر کی شرح 11 ماہ کی بلند ترین سطح پر ہوگی جبکہ خوراک کی قیمتوں میں متوقع 8.75 فیصد اضافہ اب تک کا سب سے زیادہ ماہانہ اضافہ ہو سکتا ہے ٹاپ لائن کے مطابق خوراک کی مہنگائی میں یہ اضافہ ملک میں جاری شدید سیلاب کے سپلائی سائیڈ اثرات کا نتیجہ ہے حالیہ بارشوں اور طوفانی مون سون نے خاص طور پر پنجاب کے گنجان آباد علاقوں کو شدید متاثر کیا ہے گزشتہ دنوں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی مانیٹری پالیسی کمیٹی نے پالیسی ریٹ کو 11 فیصد پر برقرار رکھا اور حالیہ سیلاب کو قلیل مدتی معاشی منظرنامے کے لیے خطرہ قرار دیا.
اہم اشیائے خور و نوش میں نمایاں اضافہ یہ رہا جن میںٹماٹر (122 فیصد)، گندم (49 فیصد)، آٹا (39 فیصد) اور پیاز (35 فیصد) آلو 5.4 فیصد، چاول 4.3 فیصد، مرغی 4.1 فیصد، انڈے 3.5 فیصد اور چینی کی قیمتیں2.7 فیصد بڑھیں پھلوں کی قیمتیں تقریباً مستحکم رہیں جبکہ سبزیوں کی قیمتوں میں تقریباً 10 فیصد کمی ہوئی. رپورٹ کے مطابق بجلی کے نرخوں میں کمی کے باعث رہائش، پانی، بجلی اور گیس کی کیٹیگری میںمحض 0.24 فیصد کمی متوقع ہے تاہم ایل پی جی کی 2.75 فیصد مہنگائی نے اس کمی کو جزوی طور پر زائل کردیا ٹاپ لائن کا کہنا ہے کہ ستمبر کے لیے 6.5–7 فیصد افراطِ زر کے تخمینے کے ساتھ حقیقی شرح سود 400–450 بیسس پوائنٹس تک پہنچ جائے گی، جو پاکستان کی تاریخی اوسط (200–300 بیسس پوائنٹس) سے کہیں زیادہ ہے مزید یہ کہ عالمی اجناس کی قیمتوں میں اچانک تبدیلی مستقبل میں مہنگائی کے رجحان کو تبدیل کر سکتی ہے.