صدر کا دورہ: پاکستان، چین کے درمیان مفاہمت کی 3 یادداشتوں پر دستخط
اشاعت کی تاریخ: 20th, September 2025 GMT
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) اْرومچی میں صدر مملکت آصف علی زرداری کی موجودگی میں پاکستان اور چین کے درمیان 3 اہم مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ ذرائع کے مطابق ان معاہدوں کا تعلق لائیو سٹاک انڈسٹری میں جدت، پاکستان میں جدید ٹیکسٹائل انڈسٹریل پارک کے قیام اور فائر ٹرکس و ایمرجنسی آلات کی فراہمی سے ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے اس موقع پر کہا کہ یہ یادداشتیں پاکستان میں خوراک کے تحفظ، صنعتی ترقی، برآمدات کے فروغ اور آفات سے نمٹنے کی صلاحیت کو بہتر بنائیں گی۔ لائیو سٹاک سیکٹر کی بہتری دیہی علاقوں میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کرے گی جبکہ ٹیکسٹائل پارک کا قیام برآمدات بڑھانے اور صنعتی شعبے کو مزید فعال کرنے میں مددگار ہوگا۔ صدر مملکت نے کہا کہ چین کی جانب سے جدید فائر ٹرکس اور ایمرجنسی آلات کی فراہمی عوامی تحفظ کو یقینی بنانے اور ریسکیو آپریشنز کو مزید مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ صدر پاکستان آصف علی زرداری نے تھر بلاک-1 انٹیگریٹڈ انرجی پراجیکٹ سے متعلق ایک اہم مفاہمتی یادداشت ( ایم او یو) پر دستخطوں کی تقریب میں شرکت کی۔ یہ معاہدہ ایم ایف ٹی سی کول گیسفیکیشن اینڈ مینوفیکچرنگ (پرائیویٹ) لمیٹڈ اور شنگھائی الیکٹرک کی ذیلی کمپنی چائنہ سندھ ریسورسز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے مابین طے پایا، جس کا مقصد منصوبے کی جامع تر کھوج اور مؤثر استعمال کو فروغ دینا ہے۔ کاشغر میں صدر آصف علی زرداری کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔ عشائیہ کا اہتمام سنکیانگ کے نائب گورنر نی ژوانگ نے کیا۔ صدر زرداری نے پرتپاک میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔ صدر زرداری نے کہا چینی شہروں کی ترقی متاثر کن ہے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: علی زرداری
پڑھیں:
صدر مملکت آصف علی زرداری کا ارومچی کے اربن آپریشنز اینڈ مینجمنٹ سینٹر کا دورہ ، ارومچی کے میئر اور سنکیانگ کے نائب گورنر نے استقبال کیا
ارومچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) صدر مملکت آصف علی زرداری نے چین کے شہر ارومچی کے اربن آپریشنز اینڈ مینجمنٹ سینٹر کا دورہ کیا جہاں ارومچی کے میئر اور سنکیانگ کے نائب گورنر نے ان کا استقبال کیا۔ جمعرات کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت اور ان کے وفد کو بتایا گیا کہ سینٹر 30 سے زائد محکموں کو ڈیجیٹلی ملا کر شہریوں کو 200 سے زیادہ خدمات فراہم کرتا ہے۔(جاری ہے)
مرکز عوامی خدمات کے لیے ون ونڈو ہب کے طور پر کام کرتا ہے، اس کے علاوہ سینٹر عوامی صحت، تعلیم، روڈ سیفٹی، یوٹیلٹیز اور ایمرجنسی رسپانس میں ہم آہنگی فراہم کرتا ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے ڈیجیٹل پلیٹ فارم میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور منصوبہ سازوں کے وژن کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے انتظام کے حوالے سے اس طرح کا نقطہ نظر پاکستان کے لیے قابل قدر سبق فراہم کرتا ہے، صدر مملکت نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان کے شہری منصوبہ ساز اس تجربے سے سیکھیں گے اور مقامی ضروریات کے مطابق نظام تیار کریں گے۔ اس موقع پر سینیٹر سلیم مانڈوی والا، چین میں پاکستان کے سفیر اور چین کے پاکستان مین سفیر بھی موجود تھے۔