بھارت جارحانہ ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبا نہیں سکتا، کل جماعتی حریت کانفرنس
اشاعت کی تاریخ: 20th, September 2025 GMT
حریت ترجمان نے سینئر حریت رہنمائوں میر واعظ عمر فاروق، مولانا مسرور عباس انصاری اور دیگر رہنمائوں کی گھروں میں نظربندی کی بھی مذمت کی۔ اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو دبانے کے لئے جارحانہ ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے تاہم وہ اپنے مذموم عزائم میں ہرگز کامیاب نہیں ہو گا۔ ذرائع کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے جاری بیان میں کہا کہ بھارت نے جموں و کشمیر کو ایک فوجی چھائونی میں تبدیل کر دیا ہے جہاں لاکھوں کی تعداد میں تعینات قابض فوجی نہتے کشمیریوں کو وحشیانہ مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کانشانہ بنا رہے ہیں۔انہوں نے بوٹینگو سوپور میں حریت کانفرنس کے سابق چیئرمین پروفیسر عبدالغنی بٹ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور قابض فورسز کی طرف سے سوگوار خاندان کے ساتھ اظہار تعزیت کے لئے جانے والے سوگواروں کو روکنے اور ہراساں کیے جانے کی شدید مذمت کی۔ حریت ترجمان نے سینئر حریت رہنمائوں میر واعظ عمر فاروق، مولانا مسرور عباس انصاری اور دیگر رہنمائوں کی گھروں میں نظربندی کی بھی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ سات دہائیوں سے بھارتی تسلط سے آزادی کے لئے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں اور وہ اپنی جدوجہد آزادی کو اس کے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے لئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر قانونی طور پر نظربند کشمیری سیاسی رہنمائوں، کارکنوں اور نوجوانوں کی رہائی کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ حریت ترجمان نے کہا کہ جموں و کشمیر میں بھارت کے ظالمانہ اقدامات بین الاقوامی قانون کے تحت انسانیت کے خلاف جرم ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔
.ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: حریت کانفرنس انہوں نے کے لئے
پڑھیں:
عوامی حقوق کی تحریک خالصتاً ایک عوامی اور پرامن جدوجہد ہے، ذیشان حیدر
اسلام آباد میں منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس کے بعد اپنا ردعمل دیتے ہوئے ذیشان حیدر نے کہا کہ تحریک انصاف 29 ستمبر کو عوام کے ساتھ مل کر بھرپور احتجاج کرے گی تاکہ دنیا کو دکھایا جا سکے کہ یہ تحریک صرف اور صرف عوامی حقوق، سستے آٹے، بجلی اور شفاف حکمرانی کے لیے ہے۔ اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر نے واضح کیا ہے کہ عوامی حقوق کی تحریک خالصتاً ایک عوامی اور پرامن جدوجہد ہے، جسے کرپٹ سیاسی مافیا اپنی بقا اور مراعات بچانے کے لیے سازشوں اور پروپیگنڈا کے ذریعے بدنام کرنے کی کوشش کر رہا ہے، اسلام آباد میں منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس کے بعد اپنا ردعمل دیتے ہوئے ذیشان حیدر نے کہا کہ (APC) میں تحریک انصاف شامل نہیں تھی اور یہ باعثِ اطمینان ہے کہ سابق وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی اور دیگر قیادت نے اس بے ایمانی اور خطرناک پروپیگنڈا کا حصہ بننے سے انکار کیا، کرپٹ موروثی قیادت کا یہ دعویٰ کہ بھارت آزاد کشمیر میں عوامی تحریک کو منظم کر رہا ہے دراصل عوامی جدوجہد کو بدنام کرنے اور ریاستی اداروں کو الجھانے کی سازش ہے۔ یہ تاثر دینا کہ آزاد کشمیر کے عوام اپنی محرومیوں پر آواز اٹھا کر کسی بھارتی ایجنڈے کو آگے بڑھا رہے ہیں عوام کی توہین ہے۔ فوج بھی ہماری ہے اور ملک بھی ہمارا ہے فوج کے ساتھ یکجہتی ہمارے خون میں شامل ہے، مگر کرپٹ ٹولہ عوامی احتجاج کو فالس فلیگ آپریشن میں بدلنے کی سازش کر رہا ہے، جیسا کہ 9 مئی کے واقعات میں کیا گیا تھا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ تحریک انصاف 29 ستمبر کو عوام کے ساتھ مل کر بھرپور احتجاج کرے گی تاکہ دنیا کو دکھایا جا سکے کہ یہ تحریک صرف اور صرف عوامی حقوق، سستے آٹے، بجلی اور شفاف حکمرانی کے لیے ہے۔ تحریک انصاف آزاد کشمیر نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بروقت مداخلت کرے اور اس عوامی تحریک کے جائز مطالبات تسلیم کرتے ہوئے کرپٹ سیاسی مافیا کو مزید سازشوں سے روکے، عوامی ایکشن کمیٹی درحقیقت عوام کی آواز ہے اور تحریک انصاف اس کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے۔