مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر بھارت سے کوئی بات نہیں ہوسکتی، وزیراعظم شہباز شریف
اشاعت کی تاریخ: 21st, September 2025 GMT
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسئلۂ کشمیر کے حل کے بغیر بھارت کے ساتھ کسی قسم کے باہمی تعلقات یا بات چیت کا کوئی امکان نہیں ہو سکتا۔
لندن میں اوورسیز کنونشن سے خطاب میں انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ کشمیر کے بغیر پاک-بھارت تعلقات استوار ہو سکتے ہیں تو وہ احمقوں کی جنت میں رہتا ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کو آپریشن بنیان مرصوص میں حاصل ہونے والی فتح نے بین الاقوامی سطح پر ملک کی عزت میں اضافہ کیا ہے۔ اُنہوں نے برطانوی پاکستانی برادری کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کی معیشت میں شاندار معاونت ناقابلِ فراموش ہے ،انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کو سونے اور جواہرات میں بھی تولا جائے تو کم ہے، ان کا کہنا تھا کہ اس برس اوورسیز پاکستانیوں نے ساڑھے اڑتیس ارب ڈالر پاکستان بھیجے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ برطانوی و دیگر ممالک میں مقیم پاکستانی ملک کی ترقی اور استحکام میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں اور حکومت اُن کے حقوق اور تحفظ کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ عالمی فورمز پر پاکستان اپنے موقف کو مضبوطی سے پیش کرتا رہے گا۔
وزیراعظم آج لندن سے امریکا کے لیے روانہ ہوں گے جہاں وہ اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کریں گے اور چند اہم ملاقاتیں بھی کریں گے۔ بطور وزیراعظم یہ ان کا جنرل اسمبلی سے تیسرا خطاب ہو گا۔
.
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کہا کہ
پڑھیں:
مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے حل کے بغیر دنیا کا امن ادھوار ہے، زرداری
عالمی یومِ امن پر پیغام جاری کرتے ہوئے صدر زرداری نے کہا کہ عالمی یومِ امن محض جنگ نہ ہونے کا نہیں، انصاف و مساوات کے فروغ کا دن ہے، پاکستان عالمی و علاقائی امن میں بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔ اسلام ٹائمز۔ صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مسائل حل کیے بغیر دنیا کا امن ادھورا ہے۔ عالمی یومِ امن پر پیغام جاری کرتے ہوئے صدر زرداری نے کہا کہ عالمی یومِ امن محض جنگ نہ ہونے کا نہیں، انصاف و مساوات کے فروغ کا دن ہے، پاکستان عالمی و علاقائی امن میں بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کے دنیا کی متحارب قوتوں کے ساتھ متوازن تعلقات ہیں اور عالمی برادری پاکستان کو مسائل کے حل کا شریکِ کار تسلیم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ عالمی امن اور انصاف کے لیے آواز بلند کی ہے، ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو نے عالمی امن کے لیے جرات مندانہ کردار ادا کیا۔ صدر زرداری نے کہا کہ اقوام متحدہ امن مشنز میں پاکستان کی طویل خدمات ہیں، پاکستان نے آفات اور تنازعات کے متاثرین کی ہمیشہ مدد کی، نوجوان نسل کو برداشت، رواداری اور مکالمے کی اقدار اپنانا ہوں گی۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ دنیا ہتھیاروں کے بجائے مکالمے اور تعاون کو ترجیح دے، پاکستان پرامن، انصاف پر مبنی اور پائیدار دنیا کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔