دہشت گردوں کے خلاف سخت آپریشن کی ضرورت ہے ریاست کی رٹ چیلنج نہیں ہونے دیں گے، وزیراعلیٰ بلوچستان
اشاعت کی تاریخ: 25th, September 2025 GMT
اسلام آباد:
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف سخت آپریشن کی ضرورت ہے ریاست کی رٹ چیلنج نہیں ہونے دیں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے کہا کہ کل ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا تھا کل ہماری فورسز اس گھر تک پہنچیں جہاں دہشت گرد چھپے ہوئے تھے، فورسز پر اس گھر سے فائرنگ کی گئی، فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ ایک دہشت گرد جہانزیب نے سرنڈر کیا جو ان کا ساتھی زندہ گرفتار ہوا یہ دہشت گرد دالبندین کے علاقے میں دہشت گردوں کی بھرتی کرتا تھا یہ ایک ہارڈ کور دہشت گرد گرفتار ہوا ہے یہ دالبندین میں اسلحہ سپلائی کرتا تھا۔
انہوں ںے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف سخت آپریشن کی ضرورت ہے ریاست کی رٹ چیلنج نہیں ہونے دیں گے، بلوچستان میں قیام امن کے لیے کام کررہے ہیں، دہشت گردوں کو کسی صورت رعایت نہیں دیں گے وہ نہتے شہریوں کو نشانہ بنارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد، بلوچوں کے نام پر اسٹیٹ کو ڈی اسٹیبلائزڈ کررہے ہیں کس نے کہا ہے کہ ہم نے مذاکرات نہیں کیے؟ ہم پر کوئی دباؤ نہیں تھا پھر بھی ہم نے مذاکرات کی کوشش کی مینگل صاحب اور مالک صاحب کی جماعتوں کے لوگ بھی ہمارے ساتھ تھے، ایک لوگ وہ ہیں جنہوں ںے بندوق نہیں اٹھائی اور ایک وہ ہیں جنہوں نے بندوق اٹھائی ہوئی ہے، اگر کوئی محروم ہے تو کیا وہ لوگوں کو قتل کرنا شروع کردے؟ یہ وائلنس کا کوئی جواز نہیں ہے، اسے ہم کبھی ناراض بلوچ اور کبھی محرومی کا نام دیتے ہیں۔
انہوں ںے کہا کہ لاپتا افراد سے متعلق ماہ رنگ بلوچ پروپیگنڈا کررہی ہیں، ہم ریاست کے اندر ریاست بنانے نہیں دیں گے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: دیں گے
پڑھیں:
سہیل آفریدی کا سکیورٹی فورسز کیخلاف بیان غیر ذمہ درانہ ہے، سرفراز بگٹی
اپنے بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ کو اپنے غیر ذمہ دارانہ بیان پر قوم اور شہداء کے لواحقین سے معافی مانگنی چاہئے۔ اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے سکیورٹی فورسز سے متعلق بیان کو غیر ذمہ درانہ قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سہیل آفریدی قوم سے معافی مانگیں۔ اپنے جاری بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے خلاف بیان قومی یکجہتی کے منافی اور دشمن کے بیانیے کو تقویت دینے کی کوشش ہے۔ وطن کے تحفظ کے لیے جانیں قربان کرنے والے بہادر افسران اور جوان قوم کے ہیرو ہیں۔ ایسے محب وطن سپوتوں کے بارے منفی گفتگو کسی ذی شعور پاکستانی کے لیے ناقابل قبول ہے۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ کا بیان سکیورٹی اداروں کی توہین اور شہداء کے جذبات سے کھیلنے کے مترادف ہے۔ اس نوعیت کے بیانات دشمن قوتوں کو خوش کرنے اور عوامی اعتماد کو مجروح کرنے کے مترادف ہیں۔ سکیورٹی فورسز کی قربانیاں لازوال ہیں۔ پوری قوم اور دنیا ان کی معترف ہے۔ یہ وہی فورسز ہیں جنہوں نے بلوچستان سے خیبر تک اپنی جانیں نچھاور کرکے امن بحال کیا۔ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ کو اپنے غیر ذمہ دارانہ بیان پر قوم اور شہداء کے لواحقین سے معافی مانگنی چاہئے۔ سکیورٹی اداروں کی تضحیک برداشت نہیں کی جا سکتی۔ بلوچستان حکومت ہر سطح پر فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔