مودی نے کرکٹ کو بھی نفرت کا میدان بنا دیا ہے، خواجہ آصف
اشاعت کی تاریخ: 29th, September 2025 GMT
اسلام آباد:
پاکستان کے وزیردفاع خواجہ آصف نے بھارت کی جانب سے کھیل کو سیاست میں گھسیٹنے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ نریندر مودی نے کرکٹ جیسے عظیم کھیل کی روح اور اس کی اسپورٹس مین شپ کو اپنی گندی سیاست کے لیے تباہ کر دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ مودی کرکٹ کلچر اور برصغیر میں امن کے امکانات کو دفن کر رہا ہے تاکہ اپنی سیاسی دکان چمکا سکے۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ عزت اس طرح بحال نہیں ہوتی، پاک بھارت جنگ کا اسکور 6-0 پتھر پر کندہ ہو چکا ہے۔
وزیردفاع نے مزید کہا کہ پاکستان کی جانب سے تحمل کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے، لیکن دنیا نے مودی کا اصل چہرہ دیکھ لیا ہے، جو بھارت کے اندر اور بین الاقوامی سطح پر رسوائی کا باعث بن چکا ہے۔
خواجہ آصف نے ایشیا کپ 2025 کے دوران بھارتی ٹیم کے متعصبانہ رویے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بھارتی کھلاڑیوں نے نہ صرف پاکستانی ٹیم سے ہاتھ ملانے سے انکار کیا بلکہ فائنل سے قبل کپتانوں کی روایتی تصویر بھی نہ بنوائی۔
فائنل میچ کے بعد بھارتی بورڈ کے اشارے پر بھارتی ٹیم نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے بھی انکار کر دیا، جس کے باعث دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں اختتامی تقریب تاخیر کا شکار ہوئی۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: خواجہ آصف
پڑھیں:
بھارت کی حرکتیں تیسرے درجے کی ٹیم جیسی ہیں، باسط علی
کراچی:سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی نے کہا ہے کہ بلو شرٹس نمبر ون ضرور ہیں لیکن ان کی حرکتیں تیسرے درجے کی ٹیم جیسی ہیں۔
باسط علی نے بھارت کی جانب سے کھیل کو سیاست زدہ کرنے کے عمل پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت دنیا کی نمبر ون ٹیم ضرور ہے لیکن ان کے رویے تیسرے درجے والے ہیں، اگر محسن نقوی کو ٹرافی دینا تھی تو انکار کرنا بلو شرٹس کے لیے باعث شرم ہے۔
سابق بیٹر نے سوال اٹھایا کہ اگر پاکستان کسی آئی سی سی ایونٹ میں جے شاہ سے ٹرافی لینے سے انکار کرتا تو پوری دنیا ہمیں تنقید کا نشانہ بناتی، بھارتی ٹیم کی ضد اور انا کی سیاست کرکٹ کے حسن کو نقصان پہنچا رہی ہے۔
یاد رہے کہ ایشیا کپ میں میدان کے اندر اور باہر کئی متنازع واقعات ہوئے جنہوں نے ایونٹ کے حسن کو گہنا دیا تاہم ٹرافی تنازع نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا۔ بلو شرٹس نے فتح کے باوجود ٹرافی وصول کرنے سے انکار کردیا۔ بھارت نے تقریب تقسیم انعامات کا بائیکاٹ کرتے ہوئے جشن منانے کی روایات کو ٹرافی کے بغیر ہی مکمل کیا۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ و صدر ایشین کرکٹ کونسل محسن نقوی انعامات دینے کے لیے تیار تھے تاہم بھارتی ٹیم نے ان سے ٹرافی لینے سے ہی انکار کردیا، اس کی وجہ سے تقریب تقریباایک گھنٹے تاخیر کا شکار رہی اور بالآخر بھارتی کھلاڑی ٹرافی وصول کیے بغیر ہی میدان سے باہر چلے گئے۔