یورپی یونین سمٹ کے دوران ڈنمارک میں ڈرون اڑانے پر مکمل پابندی عائد
اشاعت کی تاریخ: 29th, September 2025 GMT
کوپن ہیگن: ڈنمارک کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ اس ہفتے ملک بھر میں تمام شہری ڈرون پروازوں پر پابندی عائد رہے گی۔ یہ اقدام یورپی یونین سمٹ کے دوران سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے، جس میں یورپی ممالک کے سربراہان شریک ہوں گے۔
ٹرانسپورٹ منسٹر تھامس ڈینیل سن نے کہا کہ پیر سے جمعہ تک ڈنمارک کی فضائی حدود میں کوئی بھی شہری ڈرون نہیں اڑایا جا سکے گا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ اس فیصلے سے یہ خطرہ ختم ہو جائے گا کہ دشمن ڈرون اور قانونی ڈرون میں فرق کرنا مشکل ہو۔
وزارت کے مطابق پابندی کی خلاف ورزی پر جرمانہ یا دو سال تک قید کی سزا دی جا سکتی ہے۔ یہ اقدام اس وقت کیا گیا ہے جب 22 ستمبر سے ڈنمارک کے مختلف شہروں میں مشکوک ڈرون دیکھے گئے تھے، جن کے باعث کئی ایئرپورٹس بند بھی کرنا پڑے۔
حکام نے روسی مداخلت کے شبے کا اظہار کیا ہے تاہم ماسکو نے اس الزام کو مسترد کر دیا ہے۔
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
گلشن اقبال میں تیز رفتار ڈمپر الٹ گیا، شہری معجزانہ طور پر محفوظ، مشتعل افراد کا کلینر پر تشدد
کراچی:شہر قائد کے علاقے گلشن اقبال میں رب میڈیکل کے قریب منگل کی شب ایک تیز رفتار ڈمپر بے قابو ہو کر سڑک پر الٹ گیا تاہم خوش قسمتی سے قریب سے گزرنے والے شہری اور دیگر گاڑیاں بڑے حادثے سے محفوظ رہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق ڈمپر اچانک توازن کھو بیٹھا اور سڑک پر الٹ گیا، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
حادثے کے فوراً بعد ڈمپر کا ڈرائیور اور ایک اور شخص موقع سے فرار ہوگئے۔ واقعے کے بعد مشتعل شہریوں نے ڈمپر کے کلینر کو پکڑ لیا اور تشدد کا نشانہ بنایا۔
صورتحال اس وقت مزید کشیدہ ہوگئی جب بعض افراد نے ڈمپر کو آگ لگانے کی کوشش کی تاہم اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور بروقت مداخلت کرتے ہوئے گاڑی کو جلائے جانے سے بچا لیا۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ حادثہ سڑک پر موجود گہرے گڑھوں اور جاری کھدائی کے باعث پیش آیا جس کے نتیجے میں ڈمپر کا توازن بگڑ گیا اور وہ الٹ گیا۔