حیدرآباد ریلوے اسٹیشن کے قریب سکھر ایکسپریس کی بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، دونوں ٹریک بند
اشاعت کی تاریخ: 29th, September 2025 GMT
حیدرآباد:
سکھر سے کراچی جانے والی سکھر ایکسپریس کی حیدرآباد ریلوے اسٹیشن کے قریب تین بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں جس کے باعث آنے جانے والے دونوں ٹریکس بند ہوگئے، متعدد ٹرینوں کو مختلف اسٹیشنز پر روک لیا گیا۔
حادثے کے وقت بوگیوں میں سوتے ہوئے مسافر جھٹکا لگنے سے سیٹ سے نیچے گر گئے جبکہ ایک بوگی کو انجن کی مدد سے ٹریک پر چڑھا کر دیگر متاثرہ دو بوگیوں سے الگ کیا گیا۔
ٹریک سے اترنے والی دیگر دو بوگیوں کو ٹریک پر چڑھا کر وہاں سے ہٹانے کا کام جاری ہے۔ واقعے کے بعد متاثرہ بوگیوں کو ٹرین سے الگ کرکے ٹرین کو کراچی روانہ کر دیا گیا۔
https://www.facebook.com/railclick1/videos/146dn-sukkur-express-derailment-at-hyderabad/3720219301616423/
ریلوے ذرائع کے مطابق بحالی کے کاموں میں کئی گھنٹے درکار ہوں گے جبکہ 4 گھنٹے سے زائد گزر جانے کے باوجود بھی ٹریک بحال نہ ہو سکا۔ حادثے کے سبب اَپ اور ڈاون ٹریک دونوں ہی بند ہیں۔
پنجاب سے کراچی جانے والی 4 سے زائد ٹرینوں کو مختلف اسٹیشنوں پر روک دیا گیا۔ علامہ اقبال ایکسپریس، قراقرم ایکسپریس، پاکستان ایکسپریس، بہاالدین زکریا سمیت مختلف ٹرینیں ٹنڈو آدم، اوڈیرو لعل و دیگر اسٹیشن پر کھڑی ہیں۔
ریلوے کے تکنیکی عملے کی جانب سے ریلیف ٹرین کی مدد سے ٹریک کی بحالی کا کام جاری ہے۔
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی، فائرنگ کے مختلف واقعات میں ایک شخص جاں بحق، پولیس اہلکار سمیت 2 زخمی
کراچی میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں ایک شخص جاں بحق اور پولیس اہلکار سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔
کیماڑی کے پی ٹی گراؤنڈ کے قریب اسنوکر کلب پر موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں نور اللّٰہ نامی شہری جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کے مطابق واقعے میں دو ہتھیار استعمال ہوئے اور پندرہ فائر کیے گئے۔
ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ مقتول نے دوسری شادی کر رکھی تھی اور پہلی بیوی سے تنازع چل رہا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق واقعہ ذاتی رنجش کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔
فائرنگ کا دوسرا واقعہ حسین آباد چورنگی کے قریب پیش آیا، جہاں فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا۔
تیسرے واقعے میں کورنگی گودام چورنگی کے قریب ڈکیتی کی کوشش کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے پولیس اہلکار کانسٹیبل عثمان زخمی ہوگیا۔
ایس ایس پی کورنگی طارق نواز کے مطابق کانسٹیبل نے ایک ملزم کو پکڑ لیا تھا کہ اس کے ساتھی نے فائرنگ کردی، عثمان کو ٹانگ پر گولی لگی تاہم حالت خطرے سے باہر ہے۔