ٹرمپ کا ساتھ دینا امت مسلمہ سے غداری ہے‘ کاشف سعید شیخ
اشاعت کی تاریخ: 1st, October 2025 GMT
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم اپنے قائد کے فرمان کے ساتھ کھڑی ہے،جس کا واضح ودوٹوک موقف تھا کہ اسرائیل امت مسلمہ کے دل میں گھونپا گیا خنجر ہے یہ ایک ناجائز ریاست ہے جسے امت کے قلب میں گھسایا گیا ہے اسے پاکستان کبھی تسلیم نہیں کرے گا۔ جو کوئی بھی ٹرمپ کے ناجائز منصوبے کا ساتھ دے گا امت مسلمہ سے غداری کرے گا۔پاکستانی قوم کی مرضی کے بغیر کوئی بھی شخصیت کیسے ڈونلڈ ٹرمپ کو رضامندی دے سکتی ہے۔ نتن یاہو دوسال غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی اوررکارڈ بمباری کے باوجود حماس ختم تو دور کی بات جھکا بھی نہیں سکا۔مائنس حما سکوئی معاہدہ قابل قبول نہیں۔ان شاء اللہ فتح حق کی ہوگی۔ 21 تا 23 نومبر کا ملک گیر اجتماع عام حقیقی آزادی کی کلیدثابت ہوگا،کراچی تا کشمور سندھ سے لاکھوں لوگ اجتماع میں شریک ہونگے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوشہروفیروز کے مقامی ہال میں منعقدہ ضلعی ذمے داران کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرصوبائی نائب قیم مولانا حزب اللہ جکھرو،امیر ضلع نعیم کمبوہ،شبیرخانزادہ ایڈووکیٹ ،جنرل سیکرٹری مولانا ہاشم لاشاری، ندیم غوری سمیت دیگر مقامی رہنماء بھی موجود تھے۔ صوبائی امیر نے مزید کہا کہ غزہ کے 70ہزار شہداء کی لاشوں پر ستاون اسلامی ممالک کی مہر لگی ہوئی ہے،غزہ کے مستقبل کا ٹرمپ پلان سب سے پہلے اسلامی ممالک کے سامنے پیش کیا گیا جن کی منظوری کے بعد نیتن یاہو اور ٹرمپ نے مشترکہ پریس کانفرنس میں اس کا اعلان کیا،پاکستانی سولین اور فوجی قیادت کی جانب سے اس منصوبے کی حمایت کرنا بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کے فرمان کے برخلاف ہے جنہوں نے اسرائیل کو عالم اسلام کے سینے میں خنجر قرار اور اسرائیل کو تسلیم کرنے سے مکمل انکار کیا تھا۔موجودہ فارم47کی پیداوار حکومت نے اپنی نااہلی اور غلط سیاسی ومعاشی پالیسیوں کے ذریعے کے پی، بلوچستان کے بعد اب آزاد کشمیر اور گلگت کے عوام کو بھی بدظن کردیا ہے جس کا خیمازہ آنے والی نسلوں کو بھگتنا ہوگا،اپنے وسائل، اپنی زمین پر حق حکمرانی مانگنا جرم قراردینا ،پرامن احتجاج پر گولیاں چلانے سے ملک کی بدنامی اور اداروں سے عوام کا اعتماد ختم ہورہا ہے ۔سندھ کے عوام 18سالوں سے پیپلزپارٹی کے اقتدار کی صورت میں عذاب کا شکار ہیں،ڈاکو راج،بھوک،بدحالی،بیروزگاری اور بنیادی انسانی سہولتوں سے محروم کرکے پیپلزپارٹی عوام سے انتقام لے رہی ہے، سندھ کے عوام سے اپیل ہے کہ اب ظالم سرداروں،وڈیروں اور پیروں کی بجائے اپنی آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں،نومبر کے اجتماع میں بھرپور شرکت کرکے حقیقی اور اسلامی پاکستان کابنیاد ڈالنے کیلئے ہمارے ہاتھ مضبوط کریں۔
ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
ٹرمپ کے امن منصوبے کی حمایت فلسطینیوں کیساتھ خیانت ہے، علامہ جواد نقوی
سربراہ تحریک بیداری کا کہنا ہے کہ حکمران قاتلوں کیساتھ ہیں توعوام حماس و فلسطین کیساتھ کھڑے ہوں، ٹرمپ کی قیادت میں فلسطین فروشی، نسل کشی، مسجد اقصیٰ کی فراموشی اور اسرائیل کو بچانے کی آخری مذموم کوشش میں بعض مسلم حکمرانوں کی شمولیت نے امتِ مسلمہ کو شدید صدمہ پہنچایا ہے۔ اسلام ٹائمز۔ تحریک بیداری امتِ مصطفیٰ کے سربراہ علامہ سید جوان نقوی نے لاہور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کی قیادت میں فلسطین فروشی، نسل کشی، مسجد اقصیٰ کی فراموشی اور اسرائیل کو بچانے کی آخری مذموم کوشش میں بعض مسلم حکمرانوں کی شمولیت نے امتِ مسلمہ کو شدید صدمہ پہنچایا ہے، اگر حکمران ظالموں کیساتھ ہیں تو عوام، جوان، بچے، بوڑھے اور خواتین لازماً مظلوم فلسطینیوں کیساتھ کھڑے ہوں۔ علامہ نقوی نے واضح کیا کہ ٹرمپ کا یکطرفہ امن منصوبہ دراصل فلسطین کیساتھ کھلی خیانت ہے اور ہر باضمیر انسان اسے مسترد کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین سے ظلم کے خاتمے، فلسطینی ریاست کے قیام، غزہ کی آزادی اور حماس کی حمایت کیلئے پوری امت کو یک زبان ہوکر آواز بلند کرنا ہوگی۔
انہوں نے پاکستان میں سینیٹر مشتاق حسین کی جرات مندانہ جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے غزہ کے حق میں جو آواز بلند کی، وہ حقیقی ترجمانی ہے۔ علامہ نقوی نے ان کی سلامتی اور رہائی کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ قوم ایسے باکردار نمائندوں پر فخر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل اپنے ناپاک مقاصد غزہ کی قتل و غارت کے ذریعے حاصل نہ کر سکے، اب وہ خائن حکمرانوں کو ساتھ ملا کر اپنی سازشیں آگے بڑھا رہے ہیں، مگر یہ حقیقت ہے کہ حماس ختم نہیں ہوگی، اسرائیل کا وجود ختم ہو جائے گا۔ انہوں نے امت مسلمہ کو متنبہ کیا کہ وقت آگیا ہے کہ عوام اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں اور مظلوم فلسطینیوں کے دفاع میں عملی کردار ادا کریں، یہ جنگ صرف زمین کی نہیں بلکہ ایمان اور ضمیر کی جنگ ہے، جس میں کامیابی بہرحال حق و مقاومت کے حصے میں آئے گی۔