راولپنڈی میں ڈینگی کے خطرناک وار کا سلسلہ جاری
اشاعت کی تاریخ: 3rd, October 2025 GMT
راولپنڈی شہر میں ڈینگی کے خطرناک وار کا سلسلہ جاری ہے جس کے حوالے سے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی نے ڈینگی کنٹرول رپورٹ بھی جاری کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سال 2025 میں راولپنڈی میں 11 ہزار 650 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جبکہ رواں سیزن میں اب تک 730 مشتبہ افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی.
ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 25 نئے کیس رپورٹ ہوئے اور ڈینگی کے باعث اسپتالوں میں 61 مریض راولپنڈی کے مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
مزید برآں راولپنڈی میں ڈینگی سے اموات بھی رپورٹ ہوئیں۔ رواں سال 54 لاکھ 51 ہزار 682 گھروں کی چیکنگ کی گئی اور گھروں میں ڈینگی لاروا کی موجودگی کے 1 لاکھ 47 ہزار 907 مقامات رپورٹ ہوئے۔
مجموعی طور پر 1 لاکھ 89 ہزار 101 ڈینگی لاروا برآمد ہوا۔ 1 لاکھ 66 ہزار 620 مقامات کی چیکنگ اور 22 ہزار 481 مثبت نکلے۔
صرف راولپنڈی میں 1499 گھروں سے ڈینگی لاروا برآمد ہوا اور ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 4359 ایف آئی آر درج کی گئیں۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی نے مزید بتایا کہ 1838 مقامات کو سیل کیا گیا اور 10 لاکھ 78 ہزار 507 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں راولپنڈی کے جن مختلف علاقوں میں نئے ڈینگی کیسز سامنے آئے، ان میں دھمیال ، رحمت آباد ، مسلم ٹاؤن، مسلم ٹاؤن مشرقی، گنگال، ڈھوک منگٹال، ہزارہ کالونی، کوٹھہ کلاں ، صدیق آباد، ڈھوک کالا خان اور شکر یال نارتھ شامل ہیں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: راولپنڈی میں میں ڈینگی
پڑھیں:
مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک میں داخل، پنجاب میں آج سے بارشوں کی پیشگوئی
لاہور:مغربی ہوائیں پنجاب کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگئیں، جس کے سبب صوبے میں آج سے بارشوں کی پیشگوئی ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبہ بھر میں بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق آج رات سے 7 اکتوبر تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی ہے، بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔
راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاالدین، گجرات، گجرانوالہ، حافظ آباد اور وزیر آباد میں بارشوں کی پیشگوئی ہے جبکہ لاہور، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، جھنگ، ننکانہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی بارشیں ہوں گی۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 6 اکتوبر تک ڈیرہ غازی خان، بھکر، لیہ، ملتان، بہاولپور، بہاولنگر، راجن پور اور رحیم یار خان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی ہے۔
مری، گلیات اور راولپنڈی میں بارشوں کے باعث ندی نالوں کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے
پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبہ بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا۔ لوکل گورنمنٹ، محکمہ زراعت، محکمہ آبپاشی، محکمہ صحت، محکمہ جنگلات، لائیو اسٹاک اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
شہریوں سے التماس ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں سے مکمل تعاون کریں جبکہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور پی ڈی ایم اے کی جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔ ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔