کراچی، سمندر کے راستے شہریوں کو غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھجوانے میں ملوث ملزم گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 4th, October 2025 GMT
کراچی:
وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) انسداد انسانی اسمگلنگ نےکارروائی کے دوران سمندر کے راستے شہریوں کو غیر قانونی بیرون ملک بھجوانے میں ملوث غیر قانونی ٹریول ایجنٹ کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نے کارروائی کے دوران سمندر کے راستے شہریوں کو غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھجوانے میں ملوث اشتہاری ملزم محمد علی کو کراچی سے گرفتار کرلیا۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزم شہریوں کو جیوانی کے راستے ایران اور عراق بھجوانے میں ملوث ہے، ملزم کے خلاف کارروائی متاثرہ شہری کی شکایت پر عمل میں لائی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق ملزم کی جانب سے بھجوائے گئے شہری کو عراق سے واپس پاکستان ڈی پورٹ کیا گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ملزم نے شہری کو عراق میں ملازمت دلانے کا جھانسہ دے کر ایک لاکھ 50 ہزار روپے بٹورے تھے، گرفتار ملزم جیوانی کے راستے بیرون ملک بھجوانے میں ملوث گینگ کے ساتھ رابطے میں تھا۔
ترجمان نے بتایا کہ اس حوالے سے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: بیرون ملک بھجوانے میں ملوث شہریوں کو کے راستے
پڑھیں:
کراچی، بچیوں کو اغوا کرکے جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے والے گینگ کا ملزم گرفتار
کراچی:پولیس نے بچیوں کو اغوا کرکے اپنی ہوس کا نشانہ بنانے والے گینگ کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ڈسٹرکٹ سٹی پولیس کے مطابق کھارادر میں دو روز قبل پولیس مقابلے کے دوران فرار ہونے والا ملزم اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا گیا، ملزم سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملزم کی شناخت شہزاد عرف فیضو کے نام سے ہوئی ہے اور ملزم کا تعلق لیاری گینگ وار عمران کالو گینگ سے ہے۔
واضح رہے کہ ملزم کا دو روز قبل کھارادر میں پولیس مقابلہ ہوا تھا جس میں ملزم فرار ہوگیا تھا جبکہ ملزم کا ساتھی زخمی حالت میں گرفتار ہوا تھا بعد ازاں ملزم کو خفیہ اطلاع کی بنیاد پر ٹارگٹڈ کارروائی کرتے ہوئے تھانہ کھارادر کی حدود سے گرفتار کیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ اسکول جانے والی بچیوں کو اغوا کرکے 20 سے 25 دن تک اپنی ہوس کا نشانہ بناتے تھے اور بعد ازاں ان کو قتل کر دیتے تھے۔
پولیس کے مطابق ملزم اس سے قبل بھی مختلف تھانوں میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے، ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے انویسٹیگیشن حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔