Express News:
2025-11-21@03:23:03 GMT

پنجاب، نان ٹمبر فاریسٹ پرڈیوس سے غربت میں کمی کا منصوبہ

اشاعت کی تاریخ: 6th, October 2025 GMT

لاہور: پنجاب میں غربت کے خاتمے اور دیہی معیشت کو مضبوط بنانے کے لئے مختلف منصوبوں کا اعلان تو کیا گیا، لیکن نان ٹمبر فاریسٹ پرڈیوس (این ٹی ایف پی) کا شعبہ مسلسل نظرانداز ہوتا رہا ہے۔

یہ وہ شعبہ ہے جس سے مشروم سازی، ریشم سازی، مگس بانی اور جڑی بوٹیوں کی کاشت جیسے چھوٹے کاروبار جڑے ہیں اور ہزاروں دیہی خاندانوں بالخصوص خواتین کے روزگار کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر اس سمت میں باقاعدہ پالیسی اپنائی جائے تو پاکستان نہ صرف غربت میں کمی کرسکتا ہے بلکہ ہربل میڈیسن اور کاسمیٹکس کے شعبے میں خود کفیل بھی ہو سکتا ہے۔

قصور کے نواحی علاقے چھانگا مانگا کی فاطمہ بی بی اس حقیقت کی جیتی جاگتی مثال ہیں۔ وہ کئی برسوں سے ریشم کے کیڑے پال کر گھر کے اخراجات پورے کر رہی تھیں۔ چار ہزار روپے میں سلک سیڈ خرید کر وہ ساٹھ سے ستر ہزار روپے تک آمدن حاصل کر لیتی تھیں، انہوں نے مشروم اگانے کی تربیت بھی حاصل کی تھی مگر عملی سہولتیں نہ ملنے سے یہ سلسلہ آگے نہ بڑھ سکا۔ فاطمہ کی طرح ہزاروں خاندان، جو تربیت یافتہ ہیں، اب بے روزگاری کا شکار ہیں۔

محکمہ جنگلات پنجاب نے 2021 میں سیری کلچر، مشروم فارمنگ، مگس بانی اور ادویاتی پودوں کی کاشت کے لئے 13 کروڑ 60 لاکھ روپے کا منصوبہ شروع کیا تھا۔ پہلے مرحلے میں ڈیڑھ ہزار مردوں اور پانچ سو خواتین کو تربیت دی گئی لیکن اگلے ہی سال منصوبہ ختم کردیا گیا۔ اس کے نتیجے میں وہ تمام افراد مایوس ہوگئے جنہوں نے عملی طور پر یہ کاروبار شروع کرنے کا خواب دیکھا تھا۔

گورنمنٹ کالج لاہور کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر ظفر صدیق کے مطابق دنیا کی 70 سے 80 فیصد آبادی آج بھی ہربل میڈیسن استعمال کرتی ہے۔ پاکستان میں ایلوویرا، تلسی، کلونجی، اجوائن اور مورنگا جیسے پودوں کی کاشت کے وسیع مواقع ہیں، لیکن ان کی طلب پوری کرنے کے لیے ہم بھارت سے درآمد پر انحصار کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر خواتین کو بیج اور بنیادی تربیت فراہم کی جائے تو کچن گارڈننگ کے ذریعے یہ سلسلہ باآسانی شروع ہوسکتا ہے، جو آمدن اور صحت دونوں کے لئے سودمند ہوگا۔

سیری کلچر کے ڈپٹی ڈائریکٹر فاروق بھٹی نے تصدیق کی کہ اس وقت ان کا ادارہ صرف ریشم سازی پر محدود فنڈز کے ساتھ کام کر رہا ہے، جبکہ مشروم، شہد اور جڑی بوٹیوں پر صرف تجرباتی منصوبے چل رہے ہیں۔ ان کے مطابق چھانگا مانگا سمیت مختلف اضلاع میں جاپانی شہتوت کی کاشت کی گئی ہے، جو ریشم کے کیڑوں کی خوراک کے ساتھ ساتھ ادویات اور دستکاری کے لئے بھی استعمال ہوتا ہے۔

سلک فارمنگ اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے صدر رانا سعید انور کا کہنا ہے کہ 2021 اور 2022 میں اس منصوبے کا ہدف ایک لاکھ خاندانوں کو روزگار دینا تھا، جو مرحلہ وار بڑھا کر دس لاکھ تک جانا تھا۔ لیکن ڈائریکٹوریٹ کے ختم ہونے سے یہ خواب ادھورا رہ گیا۔ ان کے مطابق صرف مگس بانی سے چار لاکھ اور ریشم سازی سے سات لاکھ افراد کو روزگار دیا جاسکتا تھا، جبکہ ادویاتی پودوں کی کاشت سے 30 ہزار خواتین گھریلو سطح پر آمدن حاصل کرسکتی تھیں۔

محکمہ جنگلات پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل اظفر ضیاء کا کہنا ہے کہ حکومت نان ٹمبرفارمنگ پرڈیوس کے شعبے کوفعال کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ پنجاب میں ساڑھے بارہ لاکھ ایکڑ جنگلات میں موجود جڑی بوٹیوں اور پودوں کا سروے مکمل کرلیا ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ قریبی آبادیوں کو نان ٹمبر فاریسٹ پرڈیوس سے متبادل روزگار دیا جائے تاکہ لوگ لکڑی کاٹنے کے بجائے ان وسائل سے مستفید ہوں۔

ماہرین متفق ہیں کہ ایک منظم پالیسی اور مستقل فنڈنگ کے ذریعے ہی نان ٹمبر فاریسٹ پرڈیوس جیسے منصوبے دیہی خواتین اور چھوٹے کسانوں کے لئے پائیدار روزگار ثابت ہوسکتے ہیں۔

.

ذریعہ: Express News

کلیدی لفظ: نان ٹمبر فاریسٹ پرڈیوس کا کہنا ہے کہ کی کاشت کے لئے

پڑھیں:

یوکرین جنگ روکنے کا خفیہ امریکی منصوبہ؛ روس مشاورت میں شامل

یوکرین جنگ روکنے کے لیے امریکا کے ایک خفیہ  منصوبے کا انکشاف ہوا ہے، جس میں روس سے بھی مشاورت کی گئی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ پس پردہ سفارتی کوششوں کے ذریعے روس کے ساتھ مشاورت کرتے ہوئے یوکرین جنگ کو ختم کرنے کا نیا منصوبہ بنا رہی ہے۔ امریکی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اس خفیہ منصوبے کی قیادت خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف کر رہے ہیں جو تنازع کے حل کے لیے متعدد اہم شخصیات سے رابطے کر چکے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق امریکی خصوصی ایلچی نے روسی سفیر کے ساتھ ساتھ یوکرینی صدر کے سکیورٹی ایڈوائزر سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں، جن میں جنگ بندی کے امکانات اور مستقبل کے سیاسی ڈھانچے پر گفتگو کی گئی۔ اس منصوبے کا مرکزی حصہ 28 نکات پر مشتمل ایک روڈ میپ ہے جس میں یوکرین میں امن کے قیام اور سکیورٹی گارنٹی جیسے نکات شامل کیے گئے ہیں۔

اس مجوزہ پلان میں نہ صرف یوکرین اور روس تعلقات کا مستقبل زیرِ بحث لایا گیا ہے بلکہ یورپ کی مجموعی سلامتی اور امریکا کے دونوں ممالک سے آئندہ روابط کے طریقہ کار کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

متعلقہ مضامین

  • پنجاب میں خواتین کے ساتھ زیادتی اور تشدد کے تشویشناک اعداد و شمار؛ فیکٹ شیٹ جاری
  • ٹمبرمافیا کیخلاف کارروائی، ملکی تاریخ کا سب سے بڑا جرمانہ عائد
  • پنجاب حکومت کا محنت کشوں کےلیے بڑا اقدام، میرج گرانٹ اور ڈیتھ گرانٹ میں بڑا اضافہ
  • ریڑھی بانوں کے حقوق کی قانونی ضمانت: احساس ریڑھی بان روزگار تحفظ بل 2025 تیار
  • دبئی دنیا کی سب سے بڑی آٹو مارکیٹ تعمیر کرے گا، گاڑیوں کی تجارت میں بڑا اضافہ متوقع
  • حیدرآباد انتظامیہ کی ریشم بازار میں غیرقانونی سڑک کٹائی کی خلاف ورزیوں پر کارروائی
  • یوکرین جنگ روکنے کا خفیہ امریکی منصوبہ؛ روس مشاورت میں شامل
  • غربت، بے روزگاری اور مہنگائی ہے، کاروبار بالکل بھی نہیں ہے: شیخ رشید
  • حکومت کا نئی شوگر ملز کے قیام پر پابندی ختم کرنیکا فیصلہ
  • روزگار سہولت پروگرام کے دسویں مرحلے کی رجسٹریشن کی مدت میں توسیع