گورنر نے سہیل آفریدی سے وزیراعلیٰ خیبرپی کے کا حلف لے لیا‘ انتخاب کے خلاف جے یو آئی کی درخواست خارج
اشاعت کی تاریخ: 16th, October 2025 GMT
پشاور (بیورو رپورٹ+ نوائے وقت رپورٹ) سہیل آفریدی نے وزیراعلیٰ خیبر پی کے عہدے کا حلف اٹھالیا۔ ذرائع کے مطابق حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں ہوئی جہاں گورنر فیصل کریم کنڈی نے سہیل آفریدی سے وزیراعلیٰ خیبر پی کے کے عہدے کا حلف لیا۔ حلف کے دوران شدید بدنظمی ہوئی اور کارکنان سٹیج پر موجود رہے اور نعرے بازی کرتے رہے۔ خیبر پختونخوا کے نومنتخب وزیر اعلی محمد سہیل آفریدی کی حلف برداری کے بعد وزیراعلی سیکرٹریٹ آمد پر سیکرٹریٹ کے عملے نے نو منتخب وزیراعلی کا استقبال کیا جبکہ پولیس کے چاق وچوبند دستے نے وزیر اعلی کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ محمد سہیل آفریدی نے باضابطہ طور پر وزارت اعلی کا منصب سنبھال لیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ وزیر اعلی سیکرٹریٹ ایک عوامی جگہ اور پورے صوبے کا چہرہ ہے، وزیر اعلی سیکرٹریٹ میں آنے والے لوگوں کے ساتھ ہمیشہ اچھا برتائو کیا جائے۔ وزیراعلی سہیل آفریدی نے عہدہ سنبھالتے ہی انسپکٹر جنرل آف پولیس ذوالفقار حمید کو اپنے دفتر طلب کیا اور انہیں صنم جاوید کے معاملے پر تفصیلی رپورٹ آج تک جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے انتخاب کے خلاف جے یو آئی ف کی درخواست پر سماعت پر پشاور ہائیکورٹ نے کہا آپ کے پاس دو راستے ہیں یا تو درخواست واپس لیں یا ہم فیصلہ کرتے ہیں۔ جے یو آئی کے وکیل نے کہا آپ میرٹ پر فیصلہ کریں، جس پر عدالت نے درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ بعد ازاں عدالت نے نو منتخب وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے عمل کے خلاف جے یو آئی ف کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے درخواست خارج کر دی۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجا کی قیادت میں پارٹی کے وفد نے گورنر کے پی کے فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی۔ وفد میں سپیکر بابر سلیم سواتی، سابق گورنر شاہ فرمان، تحریک انصاف پنجاب کے رہنما شوکت بسرا شامل تھے۔ اہم ملاقات میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی حلف برداری کی تقریب، سیاسی صورتحال اور دیگر موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ قبل ازیں پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم را جہ نے کہا ہے کہ ہم بانی پی ٹی آئی کے کارکن ہیں، ہمیں کسی کا خوف نہیں، ہم عوام اور قانون کی پاسداری کیلئے لڑیں گے۔ پشاور ہائی کورٹ کے باہر پی ٹی آئی کے صوبائی صدر جنید اکبر خان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا اللہ تعالی کے فضل سے آئین کے خلاف ایک اور کوشش ناکام ہوئی۔ جمہوریت کی فتح ہوئی ہے، نئی حکومت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال اولین ترجیح ہے۔ بانی پی ٹی آئی بے گناہ جیل میں ہیں، جبر کو ہم ختم کریں گے۔ بانی پی ٹی آئی کی آزادی ہم سب کی آزادی ہے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: سہیل آفریدی وزیر اعلی پی ٹی آئی کے خلاف نے کہا
پڑھیں:
جے یو آئی نے پختونخوا کے نئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا انتخاب چیلنج کردیا
پشاور:جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کی جانب سے خیبر پختونخوا کے نئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا انتخاب چیلنج کردیا گیا۔
پشاور ہائی کورٹ میں درخواست جے یو آئی کے صوبائی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر لطف الرحمن نے بیرسٹر یاسین رضا کی وساطت سے دائر کی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ کا استعفا ابھی منظور نہیں ہوا، کیسے دوسرے وزیراعلیٰ کا انتخاب ہوسکتا ہے؟
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ گورنر کے پی کے نے مستعفی ہونے والے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو 15 اکتوبر کو پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں: ن لیگ اور جے یو آئی نے وزیراعلیٰ کے پی کا انتخاب غیرآئینی قرار دیدیا، عدالت جانے کا فیصلہ
قبل ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لطف الرحمن نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کا انتخاب غیر قانونی طور پر ہوا ہے۔ پچھلے وزیر اعلیٰ کا استعفی ابھی منظور نہیں ہوا، گورنر نے ان کو تصدیق کے لیے بلایا ہے۔
لطف الرحمن کا کہنا تھا کہ پتا نہیں ان کو کیوں جلدی ہے، نئے وزیر اعلیٰ آنے تک پرانا وزیر اعلیٰ کام کرسکتا ہے۔ اسپیکر کے کہنے پر ہم نے کاغذات جمع کیے لیکن اجلاس کا بائیکاٹ کیا۔ گورنر کا خط جب آیا تب ہمیں معلوم ہوا کہ استعفا منظور ہی نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پچھلے وزیر اعلیٰ کا استعفا منظور ہو پھر نیا وزیر اعلیٰ منتخب ہو۔