تنظیمات اہل سنت نے شٹر ڈاؤن ہڑتال یا مظاہروں کی کال کی تردید کر دی
اشاعت کی تاریخ: 17th, October 2025 GMT
لاہور:
تنظیمات اہل سنت نے آج پہیہ جام، شٹر ڈاؤن ہڑتال یا احتجاجی مظاہروں کی کال کی تردید کر دی۔
ترجمان تنظیمات اہل سنت محمد اکرم رضوی نے وضاحت دی کہ آج کسی قسم کی ہڑتال کی کال نہیں دی گئی بلکہ خطبات جمعہ میں سانحہ مریدکے کے خلاف قرارداد مذمت پاس کی جائیں گی۔
ترجمان نے کہا کہ ہم پرامن لوگ ہیں اور قانون کو ہاتھ میں نہیں لیں گے، ہماری گزارش ہے کہ حکومت معاملات کو درست طریقے سے حل کرے کیونکہ مذاکرات ہی ہر مسئلے کا حل ہے۔
ترجمان تنظیمات اہل سنت محمد اکرم رضوی کا کہنا تھا کہ حکومت سے مذاکرات کے بعد صوبے بھر میں سیل شدہ مساجد کو کھول دیا گیا، مساجد نماز پنجگانہ اور نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے کھول دی گئی ہیں۔
دوسری جانب، ناموس ناموس رسالت محاذ کی طرف سے بھی کسی قسم کے احتجاج کی کال کی تردید کی گئی ہے۔
تحفظ ناموس رسالت محاذ کے رہنما مولانا محمد علی نقشبندی نے کہا کہ سانحہ مریدکے پر ہم نے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا تھا لیکن کسی قسم کی شٹر ڈاؤن یا پہیہ جام ہڑتال کا ہم نے کوئی اعلان نہیں کیاْ
ذرائع کا کہنا ہے کہ لانگ مارچ کے بعد پیدا شدہ صورتحال کے تناظر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے 300 سے زائد مساجد کو سیل کیا گیا تھا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: تنظیمات اہل سنت کی کال
پڑھیں:
اسلام آباد میں ٹی ایل پی کے دفاتر، مساجد اور مدارس سیل کر دیے گئے
اسلام آباد کی حدود میں تحریک لبیک پاکستان کے دفاتر، مساجد اور مدارس سیل کر دیے گئے۔
وفاقی انتظامیہ کی جانب سے کارروائی کے دوران مرکزی دفتر ٹی ایل پی رولر ایریا مری روڈ اٹھال چوک سیل کر دیا گیا۔
مدینہ ٹاون سملی ڈیم روڈ بھارہ کہو میں واقع ٹی ایل پی آفس بھی سیل کر دیا گیا۔
مرکزی جامع مسجد و مدرسہ انوار مدینہ نئی آباد بھارہ کہو اور مرکزی جامع مسجد محلہ ٹیکری نئی آبادی بھارہ کہو سیل کر دی گئی۔ یوسی لیول دفتر ٹی ایل پی شاہ پور سملی ڈیم روڈ بھارہ کہو بھی سیل کیا گیا۔
مسجد ممتاز قادری، گاؤں اٹھال، سملی ڈیم روڈ بھار کہو اور جامع مسجد سترہ میل مری روڈ بھارہ کہو سیل کر دی گئی۔
یوسی 14 دفتر ٹی ایل پی، مسجد و مدرسہ ٹی ایل پی واقع سیری چوک پھلگراں سیل کر دی گئی۔