کراچی ، ہوٹلوں میں مردہ مرغیوں کے گوشت کی سپلائی ،لرزہ خیز انکشاف
اشاعت کی تاریخ: 20th, October 2025 GMT
گلبرگ پولیس کی موسی کالونی ریلوے پھاٹک کے قریب کارروائی،2ملزمان گرفتار،80کلوگوشت برآمد
ملزمان انور عرف علی بنگالی اور کمال مختلف فاسٹ فوڈ سینٹرز، بریانی ہاؤسز اور ہوٹلوں کو فروخت کرتے تھے
(رپورٹ: افتخار چوہدری)کراچی میں مردار گوشت فراہمی کا لرزہ خیز انکشاف سامنے آیا ہے جس نے شہریوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا۔ مردار گوشت فراہمی کے نیٹ ورک کے خلاف گلبرگ پولیس نے موسیٰ کالونی میں کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان انور عرف علی بنگالی اور کمال کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ایک گودام میں مردہ مرغیوں کا گوشت ذخیرہ کیا جا رہا تھا جس پر چھاپہ مارا گیا۔کارروائی ریلوے پھاٹک کے قریب فیڈرل بی ایریا موسیٰ کالونی میں کی گئی جہاں سے 80 کلو ناقص گوشت برآمد ہوا۔ مقدمے کے متن کے مطابق ملزمان مردہ مرغیوں کا گوشت مختلف فاسٹ فوڈ سینٹرز، بریانی ہاؤسز اور ہوٹلوں کو فروخت کرتے تھے۔پولیس نے فوری طور پر سندھ فوڈ کنٹرول اتھارٹی کو اطلاع دی جس کے افسران بھی موقع پر پہنچ گئے۔ گودام سے بڑی تعداد میں ثابت مردہ مرغیاں بھی برآمد ہوئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سرکاری مدعیت میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ یہ بھی تفتیش کی جا رہی ہے کہ مردار گوشت کی فروخت کب سے جاری تھی اور اس میں مزید کون لوگ شامل ہیں۔شہریوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ اس گھناؤنے کاروبار میں ملوث عناصر کو سخت سزا دی جائے تاکہ عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کو عبرت کا نشان بنایا جا سکے۔
.ذریعہ: Juraat
پڑھیں:
ڈی آئی خان میں پولیس موبائل پر بم حملہ، دھماکے میں 3 اہلکار شہید
پشاور:ڈی آئی خان میں پولیس موبائل پر بم حملے کے نتیجے میں 3 اہل کار شہید ہو گئے۔
پولیس کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے پنیالہ میں پولیس موبائل پر بم دھماکا ہوا ہے، جس میں 3 پولیس اہل کار شہید ہو گئے ہیں، جن میں اے ایس آئی گل عالم، کانسٹیبل رفیق اور ڈرائیور سخی جان شامل ہیں جب کہ دھماکے میں کانسٹیبل آزاد شاہ محفوظ رہے۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو اداروں اور پولیس کی جانب سے شہدا کی لاشوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے اور جائے وقوع سے شواہد بھی اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
بم دھماکے کے بعد ڈی ایس پی پنیالہ اور ایس ایچ او موقع پر روانہ ہو گئے ہیں جب کہ علاقے کی ناکا بندی کر دی گئی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ کی مذمت
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس موبائل پر فتنۃ الخوارج کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے 3 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
انہوں نے شہید اے ایس آئی گل عالم، کانسٹیبل رفیق اور سخی جان کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر سپوتوں کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔ شہدا کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ کے پی کے پولیس کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔